Inquilab Logo Happiest Places to Work

۵؍کریئر متبادل جن پر اے آئی اثرانداز نہیں ہوگا!

Updated: March 04, 2026, 11:48 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ماہرین کا خیال ہے کہ آواز و جذبات سے متعلقہ یہ وہ کریئر متبادل ہیں جنہیں اے آئی مکمل طور پر ’ری پلیس‘ نہیں کر سکے گا۔

Artificial Inteligence.Photo:INN
مصنوعی ذہانت۔ تصویر:آئی این این
اے آئی کے سبب آج کئی نوکریاں ’آٹومیٹ‘ ہو چکی ہیں اور اسکلز کی مانگ بھی مسلسل بدل رہی ہے۔ لیکن کچھ ایسے کریئر موجود ہیں جہاں انسانی سمجھ، اعتماد اور تجربے کی جگہ مشین لینا آسان نہیں ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگلے۱۰؍ سے ۱۵؍ سال  میں بھی یہ شعبے مکمل طور پر اے آئی سے ری پلیس نہیں ہوں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ ان میں داخلے کے لئے بھاری تکنیکی مہارت لازمی نہیں ہے۔ دنیا بھر میں اس وقت آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی)  تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ اس نے ورک پلیس کے ماحول اور ملازمین کے کردار پر بھی اثر ڈالا ہے۔ کئی ملازمتیں خودکار ہو چکی ہیں، جبکہ مہارتوں کی ضرورت بھی تبدیل ہو رہی ہے۔ اس کے باوجود کچھ شعبے ایسے ہیں جہاں انسانی جذبات اور تجربے کی اہمیت برقرار ہے۔
(۱)  ریلیشن شپ بیسڈ سیلز
سیلز صرف پروڈکٹ بیچنے کا نام نہیں ہے، بلکہ اس میں اعتماد کا بہت بڑا کردار ہوتا ہے۔ اگر کوئی شخص لاکھوں کی ڈیل کرتا ہے تو وہ صرف ڈیٹا دیکھ کر فیصلہ نہیں لیتا بلکہ انسانوں کے ساتھ مذاکرات کرتا ہے۔ باڈی لینگویج کو سمجھنا اور سامنے والے کی جھجک کو محسوس کرنا اس کام کا حصہ ہے۔ اے آئی آپ کو اعداد و شمار دے سکتا ہے اور پریزنٹیشن بہتر بنا سکتا ہے، لیکن بڑی ’ڈِیل کلوز‘ کرنے یعنی سودے نمٹانے میں انسانی نفسیات اہم کردار ادا کرتی ہے۔
(۲) تھیراپسٹ، کاؤنسلر اور لائف کوچ
تیزی سے دوڑتی بھاگتی دنیا میں ذہنی سکون ایک عیش و آرام بنتا جا رہا ہے۔ اندازہ ہے کہ۲۰۳۰ءتک ذہنی صحت کی خدمات کی مانگ مزید بڑھے گی۔ کسی کے صدمے کو ایک سطر میں حل نہیں کیا جا سکتا۔ لوگوں کو ضرورت ہوتی ہے کہ کوئی انہیں بغور سنے، سمجھے اور محسوس کرے۔ اے آئی چیٹ بوٹس جواب دے سکتے ہیں، لیکن جب کوئی انسان سامنے بیٹھ کر ٹوٹتا ہے تو اسے مشینی ردعمل کی نہیں بلکہ ہمدردی کی ضرورت ہوتی ہے۔
(۳) ہنر مند پیشے
ہر گھر اور ہر مسئلہ مختلف ہوتا ہے۔ پائپ لائن لیک ہو، وائرنگ میں خرابی ہو یا اے سی اچانک بند ہو جائے، یہ مسائل موقع پر جا کر ہی حل ہوتے ہیں۔ اس طرح کے غیر متوقع اور چھوٹے کاموں کیلئے روبوٹس مہنگے اور غیر عملی ثابت ہو سکتے ہیں۔ آپ اسپریڈشیٹ کو آٹومیٹ کر سکتے ہیں، لیکن رات دو بجے پانی ٹپکنا خود بخود بند نہیں کر سکتے۔لہٰذا ماہرین کا اندازہ ہے کہ ایسے پیشے جو ہنرمندی سے منسلک ہیں وہ متاثر نہیں ہوں گے۔
(۴) اساتذہ اور اسکل بیسڈ مینٹرز
خاص طور پر ابتدائی تعلیم میں بچوں کو صرف معلومات نہیں بلکہ نظم و ضبط، حوصلہ افزائی اور عملی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ سیکھنا محض معلومات حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک جذباتی اور سماجی عمل بھی ہے۔ آن لائن ٹولز مواد فراہم کر سکتے ہیں، لیکن کردار سازی انسان ہی کرتا ہے۔
(۵)  شخصیت پر مبنی کانٹینٹ کریئیٹر
اے آئی مواد تخلیق کر سکتا ہے، لیکن تجربہ نہیں جی سکتا۔ لوگ مکمل اسکرپٹ سے زیادہ حقیقی انسانی کہانیاں پسند کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنے ذاتی تجربات کو کہانی سنانے کے فن سے جوڑ لیں تو کانٹینٹ کری ایشن کی دنیا میں اپنی الگ پہچان بنا سکتے ہیں۔
یاد رکھیں، اے آئی معاون ثابت ہو سکتا ہے لیکن انسانی جذبات، اعتماد اور تجربہ اب بھی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ آنے والے برسوں میں وہی کیریئر محفوظ رہیں گے جن کی بنیاد انسانی رویوں اور تعلقات پر مضبوطی سے قائم ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK