Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایمرجنسی کی صورت میں پائلٹ ۳؍ مرتبہ ’’مے ڈے‘‘ کہتا ہے،کیوں ؟

Updated: July 05, 2025, 1:40 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

فضائی اور بحری سفر میں کسی بھی ہنگامی صورت حال کے دوران فوری اور مؤثر رابطہ جانوں کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

A "Mayday" call by a pilot three times means the plane is in trouble. Photo: INN
پائلٹ کے ذریعے ۳؍ مرتبہ ’’مے ڈے‘‘ کال کا مطلب ہوتا ہے کہ طیارہ مشکل میں ہے۔ تصویر: آئی این این

فضائی اور بحری سفر میں کسی بھی ہنگامی صورت حال کے دوران فوری اور مؤثر رابطہ جانوں کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ایسی ہی ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایمرجنسی کال ’’مے ڈے‘‘ (Mayday)ہے جسے پائلٹ یا کپتان شدید خطرے کی حالت میں تین مرتبہ دہرا کر مدد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ایمرجنسی صورت حال میں پائلٹ ۳؍ مرتبہ ’’مے ڈے‘‘ کیوں کہتا ہے؟
لفظ ’’مے ڈے‘‘ کیا ہے؟
 ’’مے ڈے‘‘ ایک بین الاقوامی ایمرجنسی کال ہے جو فضائی یا بحری حادثات کی صورت میں فوری مدد کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ لفظ فرانسیسی زبان کے ’’m’aidez‘‘ سے ماخوذ ہے جس کا مطلب ہے ’’میری مدد کرو۔‘‘ جب کوئی پائلٹ یا بحری جہاز کا کپتان یہ کال دیتا ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ اسے فوری اور ہنگامی امداد درکار ہے۔
’’مے ڈے‘‘ کی مختصر تاریخ
 لفظ ’’مے ڈے‘‘ ۱۹۲۳ء میں فریڈیرک اسٹانلی موک فورڈ نے متعارف کروایا تھا۔ موک فورڈ سے ایسا لفظ متعارف کروانے کیلئے کہا گیا تھا جسے ایمرجنسی کی صورت میں پائلٹ بآسانی ادا کرسکیں اورگراؤنڈ اسٹاف بھی اس کو آرام سے سمجھ جائیں۔۱۹۲۷ءمیں واشنگٹن کے انٹرنیشنل ٹیلی گراف کنونشن میں پہلی بار مے ڈے کی اصطلاح کو استعمال کیا گیا جسے ۱۹۴۸ء میں سرکاری حیثیت حاصل ہوئی۔
تین بار ’’مے ڈے‘‘ کیوں کہا جاتا ہے؟
 ایمرجنسی کال کو تین مرتبہ دہرانے کا مقصد یہ ہے کہ پیغام کو نمایاں اور واضح بنایا جائے تاکہ کوئی شک نہ رہے کہ یہ عام رابطہ نہیں بلکہ ہنگامی پیغام ہے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ اگر کوئی ایک یا دو الفاظ سگنل کی خرابی یا شور میں گم ہو جائیں تو تیسری بار میں سننے والا واضح طور پر سمجھ لے۔ تین بار کہنے سے ایئر ٹریفک کنٹرول یا دیگر جہازوں کو فوری توجہ دلائی جاتی ہے کہ یہ حقیقی خطرے کی حالت ہے۔
کب استعمال کیا جاتا ہے؟
(۱)انجن فیل ہو جانا(۲)جہاز میں آگ لگ جانا(۳)کیبن میں دباؤ کی کمی(۴)ایندھن کا ختم ہونا(۵)کپتان یا معاون عملے کی بے ہوشی (۶)کسی بھی خطرناک تکنیکی خرابی یا دہشت گردی کاواقعہ۔
 ’’مے ڈے‘‘ ایک قانونی طور پر تسلیم شدہ بین الاقوامی ایمرجنسی سگنل ہے جس پر فوری عمل نہ کرنا بعض اوقات فنی یا اخلاقی غفلت تصور کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK