مشہور فلم ساز رام گوپال ورما نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مقبول سیاسی تھریلر فرنچائز’’سرکار‘‘ کے چوتھے حصے پر کام کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے کی حتمی صورت حال سال کے آخر تک واضح ہو جائے گی۔
EPAPER
Updated: March 14, 2026, 7:42 PM IST | Mumbai
مشہور فلم ساز رام گوپال ورما نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی مقبول سیاسی تھریلر فرنچائز’’سرکار‘‘ کے چوتھے حصے پر کام کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے کی حتمی صورت حال سال کے آخر تک واضح ہو جائے گی۔
بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار رام گوپال ورما نے سنیچر ممبئی میں منعقد ہونے والے ریڈ لاری فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اپنی مشہور فلم سیریز’’سرکار‘‘ کے چوتھے حصے پر کام کر رہے ہیں۔ یہ فرنچائز ہندوستانی سیاست اور طاقت کے کھیل پر مبنی ایک مقبول سیاسی تھریلر سیریز سمجھی جاتی ہے۔ ورما کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم سیریز کی کہانی سبھاش ناگرے نامی ایک طاقتور اور بااثر شخصیت کے گرد گھومتی ہے، جسے’’سرکار‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ وہ ممبئی میں ایک طرح کی متوازی حکومت چلاتا ہے اور اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے طاقتور دشمنوں کا مقابلہ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سنیل گروور کی قادر خان کی شاندار نقل، ناظرین نے انہیں اے آئی سے خطرناک قرار دیا
فلم کی کہانی میں ایک موڑ اس وقت آتا ہے جب سرکار کو ایک سیاستداں کے قتل کے مقدمے میں پھنسایا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ اس کے بعد اس کا بیٹا شنکر اقتدار سنبھالتا ہے، دشمنوں کو شکست دیتا ہے اور اپنے والد کی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس فلم سیریز کے پہلے حصے’’سرکار‘‘ کو ۲۰۰۵ء میں ریلیز کیا گیا تھا جس میں امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ اس کے بعد’’سرکار راج‘‘ ۲۰۰۸ء میں اور ’’سرکار ۳‘‘ ۲۰۱۷ء میں ریلیز ہوئی۔ اس فرنچائز میں سپریا پاٹھک، کے کے مینن، امیت سدھ اور دیگر اداکاروں نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے، جبکہ امیتابھ بچن کے کردار کو اس سیریز کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔
ریڈ لاری فلم فیسٹیول کے دوران بات کرتے ہوئے رام گوپال ورما نے کہا کہ ’’میں ’’سرکار ۴‘‘ بھی بنا رہا ہوں۔ لیکن یہ کہنے کے بعد ایک پرانی کہاوت بھی یاد رکھنی چاہیے کہ کھیر کا مزہ کھانے میں ہے، اس لیے میں اسے بناؤں گا یا نہیں، یہ سال کے آخر تک واضح ہو جائے گا۔‘‘ اس تقریب میں ورما نے اپنی مشہور فلم’’شیوا‘‘ کی اسکریننگ میں بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ایک نئی تھرلر فلم’’سنڈیکیٹ‘‘ پر بھی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’کافی عرصے کے بعد میں دوبارہ ممبئی آیا ہوں اور میں نے ایک نئی فلم ’’سنڈیکیٹ‘‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جو شاید لوگوں کو چونکا دے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: کیا ’’دُھرندھر۲‘‘ میں ارجن رامپال بھی اکشے کھنہ کی طرح مشہور ہوں گے؟
۶۳؍ سالہ فلم ساز نے اپنی فلمی زندگی کے اتار چڑھاؤ کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے کریئر میں کامیابیوں کے ساتھ ساتھ ناکامیاں بھی آئیں، لیکن وہ ہمیشہ اپنے انداز پر قائم رہے۔ ورما نے کہا کہ ’’میں خود کو ایک موٹی جلد والا انسان سمجھتا ہوں۔ مجھے کوئی چیز پریشان نہیں کرتی۔ تکبر کا مطلب میرے لیے یہ ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ میں یہ کام بائیں ہاتھ سے بھی کر سکتا ہوں، جبکہ لاپرواہی کا مطلب ہے کہ میں نتائج کے بارے میں زیادہ فکر نہیں کرتا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اسی انداز کی وجہ سے بعض اوقات بہترین فلمیں بھی بنیں اور کچھ ناکام فلمیں بھی سامنے آئیں۔ ان کے مطابق، ’’میں نے کبھی اس بات کی زیادہ فکر نہیں کی کہ فلم کی کاسٹنگ کیا ہوگی یا میں کون سا موضوع منتخب کروں گا۔ میں نے کسی خاص پیٹرن کی پیروی نہیں کی، اسی وجہ سے اچھا اور برا دونوں ایک ہی راستے سے آیا۔‘‘