Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاسپورٹ کی طاقت کا اندازہ مجموعی طور پر۸؍ اعشاریوں کی بنیاد پر لگایا جاتا ہے

Updated: January 13, 2023, 12:56 PM IST | Shahebaz khan | Mumbai

کمزور پاسپورٹ اس ملک کا ہوتا ہے جہاں داخل ہونے کا عمل کافی مشکل ہوتا ہے۔ دنیا کا سب سے کمزور پاسپورٹ افغانستان کا ہے جس پر بغیر ویزا کے صرف ۲۷؍ ممالک ہی میں داخل ہوا جاسکتا ہے

The most powerful passport is the one that can enter the most countries in the world. (File Photo)
سب سے طاقتور پاسپورٹ وہ ہوتا ہے جس پر دنیا کے سب سے زیادہ ممالک میں داخل ہوا جاسکے۔(فائل فوٹو)

ایک سے دوسرے ملک میں داخل ہونے کی سب سے اہم دستاویز پاسپورٹ ہے۔ اس کے بغیر آپ کسی ملک میں داخل نہیں ہوسکتے اس لئے اگر کسی ہندوستانی کو بیرون ملک سفر کرنا ہوتا ہے تو وہ سب سے پہلے اپنا پاسپورٹ بنواتا ہے۔اس کے بعد ویزا کیلئے اپلائی کرتا ہے۔ جس ملک میں جانا ہے وہاں سے ویزا کا قبول کیا جانا ضروری ہے اس کے بعد ہی آپ اس ملک میں داخل ہوسکیں گے یعنی اگر آپ کو ہندوستان سے امریکہ جانا ہے تو ہندوستانی پاسپورٹ اور امریکی ویزا سب سے ضروری دستاویزات ہیں۔ ان کے بغیر آپ امریکہ میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
پاسپورٹ کی تاریخ
 زمانۂ قدیم میں پاسپورٹ ایک کاغذ کی شکل میں ہوتا تھا جس پر سفر کرنے والے اور اس کے ملک کا نام درج ہوتا تھا۔ اس کے بعد اس کاغذ پر مسافر کی تصویر کا اضافہ کیا گیا۔ آج دنیا میں جو پاسپورٹ استعمال ہوتا ہے ،  اسے ۲۰؍ ویں صدی کے اوائل میں تیا رکیا گیا تھا۔ یہ اتنا ضروری ہے کہ اس کے بغیر کسی بھی ملک کی سرحد میں داخلہ ناممکن ہے۔ پاسپورٹ کی اہمیت میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب ممالک نے سیاحت کو فروغ دینا شروع کیا۔ 
پاسپورٹ کی طاقت
 اسی دوران انٹرنیشنل ایئرٹرانسپورٹ اتھاریٹی نے منصوبہ پیش کیا کہ کیوں نہ ہر ملک کے پاسپورٹ کی طاقت کو جانچا جائے۔ چنانچہ ۲۰۰۶ء میں ہینلی پاسپورٹ انڈیکس (ایچ پی آئی) نے دنیا کے تمام ممالک کی درجہ بندی ان کے پاسپورٹ کی بنیاد پر کی کہ ان کے شہری اپنے پاسپورٹ کے ذریعے کتنے ممالک میں بآسانی یا آزادانہ سفر کرسکتے ہیں۔
ہینلی انڈیکس کی فہرست 
 اس فہرست میں سب سے زیادہ طاقتور ملک وہ خیال کیا جاتا ہے جہاں کے باشندے اپنے پاسپورٹ پر بغیر ویزا کے کتنے زیادہ ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔ جس پاسپورٹ پر جتنے زیادہ ممالک کا سفر بغیر ویزا کے کیا جاسکتا ہو ، وہ پاسپورٹ سب سے زیادہ طاقتور ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ایچ پی آئی کے علاوہ دی پاسپورٹ انڈیکس (پی آئی) نامی کمپنی بھی پاسپورٹ کی طاقت کا جائزہ لیتی ہے۔یہ کمپنی ۲۰۱۴ء میں شروع ہوئی تھی۔ چونکہ یہ کمپنی نئی ہے اس لئے آج بھی ایچ پی آئی کو زیادہ معتبر خیال کیا جاتا ہے۔
ء ۲۰۲۳کا طاقتور ترین پاسپورٹ
 ۱۱؍ جنوری ۲۰۲۳ء کو ہینلی نے امسال کے طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست جاری کی جس میں سب سے طاقتور پاسپورٹ جاپان کا ہے۔ خیال رہے کہ جاپان گزشتہ ۵؍ سال سے سر فہرست ہے۔ جن افراد کے پاس جاپانی پاسپورٹ ہے وہ بغیر ویزا کے یا ایئرپورٹ پر ویزا حاصل کرکے دنیا کے ۱۹۵؍ میں سے ۱۹۳؍ ممالک میںداخل ہوسکتے ہیں۔ دیگر ممالک کی تفصیل آپ صفحۂ اول پر دیکھ سکتے ہیں۔ اس فہرست میں ہمارا ملک ۸۵؍ ویں نمبر پر ہے۔ ہندوستانی پاسپورٹ کا حامل شخص ۵۹؍ ممالک میں بغیر ویزا کے یا ایئرپورٹ پر ویزا حاصل کرکے داخل ہوسکتا ہے۔ 
پاسپورٹ کی طاقت کا اندازہ کیسے لگایا جاتا ہے؟
 آخر کسی پاسپورٹ کی طاقت کا اندازہ کیسے لگایا جاتا ہے؟ ایچ پی آئی اور پی آئی نامی کمپنی کے پاسپورٹ کی طاقت جانچنے کے اعشاریے تقریباً ایک جیسے ہیں۔ ان میں سے چند اعشاریے یہ ہیں
(۱)ویزا فری اسکور: واضح رہے کہ جو ممالک اپنی سرحدوں میں بغیر ویزا یا ایئرپورٹ پر ویزا لے کر داخل ہونے کی اجازت دیتے ہیں ان کا پاسپورٹ زیادہ طاقتور خیال کیا جاتا ہے۔
(۲) ویلکمنگ اسکور: کون سا ملک دیگر ممالک کے شہریوں کو اپنے ایئرپورٹ پر کتنے بہتر انداز میں خوش آمدید کہتا ہے اس کا اندازہ اس اسکور سے لگایا جاتا ہے۔
(۳) ورلڈ اوپن نیس اسکور: یہ اسکور ظاہر کرتا ہے کہ ممالک کے درمیان کتنے اچھے تعلقات ہیں۔ 
 ایسے چند اعشاریے اور بھی ہیں جن کی بنیاد پر پاسپورٹ کی طاقت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
سب سے کمزور پاسپورٹ والا ملک
  خیال رہے کہ جو ممالک اپنی سرحدوں میں دیگر ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزا یا ایئرپورٹ پر ویزا کی سہولت نہیںدیتے ان کے پاسپورٹ کمزور ہوتے ہیں۔ دنیا کا سب سے کمزور پاسپورٹ افغانستان کا ہے۔ اس پاسپورٹ کا حامل شخص دنیا کے صرف ۲۷؍ ممالک میں بغیر ویزا یا ایئرپورٹ پر ویزا حاصل کرکے داخل ہوسکتا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے افغانستان اس فہرست میں سب سے نیچے ہے۔
ہندوستانی پاسپورٹ کے کمزور ہونے کی وجوہات؟
 ہمارے ملک کے پاسپورٹ کے کمزور ہونے کی کئی وجوہات ہیں، جیسے غربت،کمزور معیشت وغیرہ۔ علاوہ ازیں، کئی ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک کو اس بات کا بھی خوف ہوتا ہے کہ کہیں غریب یا ترقی پذیر ممالک کے شہری ان کے ملک میں سکونت نہ اختیار کرلیں اس لئے وہ اپنے ملک میں داخلے میں سختی برتتے ہیں۔ سیاسی اور معاشی سرگرمیاں بھی پاسپورٹ پر اثرانداز ہوتی ہیں اس لئے حکومتوں کو سب سے پہلے اپنے ملک کو اندرونی طور پر مضبوط کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔
نیشن برانڈ کیا ہے؟ 
 طاقتور پاسپورٹ کے ساتھ ہی ایک اہم بات ہے ’’نیشن برانڈ‘‘ یعنی ایک ملک، برانڈ کے طور پر کس طرح پہچانا جاتا ہے۔ جس طرح مصنوعات برانڈیڈ ہوتی ہیں، جیسے ایپل ایک پریمیم مگر سب سے طاقتور برانڈ خیال کیا جاتا ہے، اسی طرح ممالک کو بھی ایک برانڈ کے طور پر پرکھا جاتا ہے۔ اسٹیٹسٹا کی ۲۰۲۲ء کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں جس ملک کا برانڈ ویلیو سب سے زیادہ ہے، وہ امریکہ ہے۔ دوسرے اور تیسرے نمبر پر بالترتیب چین اور جرمنی ہیں۔ ٹاپ ۱۰؍ میں دیگر ممالک اس طرح ہیں: (۴)جاپان (۵) برطانیہ (۶) فرانس (۷) ہندوستان (۸) کینیڈا (۹) اٹلی، اور(۱۰) جنوبی کوریا۔ ملکوں کا برانڈ ویلیو متعدد عوامل کی بنیاد پر نکالا جاتا ہے جس میں سب سے اہم ان کی معاشی سرگرمیاں اور کاروبار میں سہولیات فراہم کرنے والے اعشاریے ہوتے ہیں۔ امریکہ کا برانڈ ویلیو ۲۶ء۷؍ کھرب ڈالرز ہے ۔ ایسا ممکن تو نہیں ہے، لیکن اگر کوئی شخص امریکہ کو خریدنا چاہے تو اسے اتنی خطیر رقم ادا کرنی ہوگی۔ ہمارے ملک کا برانڈ ویلیو ۲؍ کھرب ڈالرز ہے۔
 پاسپورٹ کی طاقت، ممالک کا برانڈویلیو، اور ایسے ہی چند عوامل ہیں جو عالمی سطح پر کسی ملک کی طاقت کو ظاہر کرتے ہیں۔ اہم بات یہ ہےکہ ان عوامل میں طاقتور اسی وقت ہوا جاسکتا ہے جب ہماری معاشی اور سیاسی سرگرمیوں میں استحکام ہو۔یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب ہماری حکومت اس جانب توجہ دے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK