تیزی سے کروٹ لیتی ٹیکنالوجی کی وجہ سے مستقبل میں کئی ایسے پیشے سامنے آسکتے ہیں جو آج بالکل نئے ہیں، مصنوعی ذہانت(اے آئی)، روبوٹکس اور خلائی تحقیق جیسے شعبے کل کی ملازمتوں کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 21, 2026, 6:23 PM IST | Afzal Usmani | Mumbai
تیزی سے کروٹ لیتی ٹیکنالوجی کی وجہ سے مستقبل میں کئی ایسے پیشے سامنے آسکتے ہیں جو آج بالکل نئے ہیں، مصنوعی ذہانت(اے آئی)، روبوٹکس اور خلائی تحقیق جیسے شعبے کل کی ملازمتوں کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
دنیا میں ٹیکنالوجی جس تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اس کے ساتھ مستقبل کی ملازمتوں کی نوعیت بھی تیزی سے بدلنے والی ہے۔ مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، خلائی تحقیق، ورچوئل ریالٹی، بایوٹیکنالوجی اور دیگر جدید شعبوں میں ہونے والی پیش رفت آنے والے برسوں میں ایسے نئے پیشوں کو جنم دے سکتی ہے جن کا آج باقاعدہ وجود نہیں۔
ممکن ہے کہ مستقبل میں لوگ روبوٹس کی تربیت، مصنوعی ذہانت کے اخلاقی استعمال، ورچوئل دنیا کی منصوبہ بندی یا خلائی بستیوں کے انتظام جیسے کام انجام دیں۔ یہ نئی ملازمتیں نہ صرف روزگار کے روایتی تصور کو بدلیں گی بلکہ نوجوانوں کیلئے نئے مواقع اور نئے ہنر سیکھنے کی ضرورت بھی پیدا کریں گی۔ اس لئے آج کے طلبہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ بدلتی دنیا کو سمجھیں اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتیں پروان چڑھائیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ مستقبل میں کون سی ۹؍ ایسی ملازمتیں وجود میں آ سکتی ہیں جن کا آج ہم صرف تصور ہی کر سکتے ہیں۔
1. Quantum Computing Specialist
(کوانٹم کمپیوٹنگ اسپیشلسٹ)
اس جدید ٹیکنالوجی کاماہر کوانٹم کمپیوٹرز کیلئے الگورتھم اور پروگرام تیار کرے گا، ان کی کارکردگی بہتر بنائے گا اور پیچیدہ سائنسی، طبی، مالی اور صنعتی مسائل کے حل تلاش کرے گا۔
یہ ماہرین ٹیک کمپنیوں، دفاعی و سائبر سیکوریٹی اداروں اور جدید منصوبوں میں کام کرسکتے ہیں۔
اس شعبے میں جانے کیلئے ریاضی، کمپیوٹر سائنس، فزکس اور پروگرامنگ کی مضبوط بنیاد مفید ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: ۹؍ سوال اپنے آپ سے پوچھیں، یہ آپ کی زندگی بدل سکتے ہیں!
2. Artificial Intelligence Ethics Officer
(اے آئی ایتھکس آفیسر)
آرٹی فیشل انٹیلی جنس ایتھکس آفیسراس بات کو یقینی بنائے گا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے نظام انسانوں کیلئے محفوظ، منصفانہ اور ذمہ دارانہ طریقے سے استعمال ہوں۔
اے آئی میں استعمال ہونے والے صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت، رازداری اور مناسب استعمال پر نظر رکھنا بھی اس کی ذمہ داری ہوگی۔
طلبہ کیلئے کمپیوٹر، اے آئی کی بنیادی سمجھ، تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت مفید ہوگی۔
3. Space Tourism Guide
(اسپیس ٹورزم گائیڈ)
یہ خلا میں سیاحوں کی رہنمائی کرے گا اور انہیں خلائی سفر، خلائی جہاز اور مختلف تجربات کے بارے میں بتائے گا۔ وہ دیگر خلائی مناظر کے بارے میں دلچسپ اور سائنسی معلومات دے گا۔
ہنگامی صورتِ حال میں کیا کرنا ہے، اس کی تربیت دینا اور خلائی سفر کے دوران حفاظتی اصولوں پر عمل کرانا اس کی اہم ذمہ داری ہوگی۔
طلبہ فلکیات کا مطالعہ، انگریزی و دیگر زبانوں میں مؤثر گفتگو اور پبلک اسپیکنگ سیکھیں۔
یہ بھی پڑھئے: انسان کو سمجھنے کا ہنر سیکھئے، رشتے مضبوط بنایئے
4. Digital Memory Curator
(ڈجیٹل میموری کیوریٹر)
یہ ماہر لوگوں کی ڈجیٹل یادوں، تصاویر، پیغامات اور دستاویزات کومحفوظ رکھنے میں مدد کرے گا۔
وہ بکھرے ہوئے ڈجیٹل مواد کو تاریخ، شخصیت، موقع یا موضوع کے لحاظ سے ترتیب دے کر ایک منظم ڈجیٹل آرکائیو تیار کرے گا۔
یہ ذاتی اور خاندانی تاریخ بھی محفوظ کرے گا۔
طلبہ ڈجیٹل ٹیکنالوجی، فوٹو اور ویڈیو مینجمنٹ، ڈیٹا آرگنائزیشن، کلاؤڈ اسٹوریج، بنیادی سائبر سیکوریٹی اور اے آئی ٹولز سیکھیں۔
5. Drone Traffic Controller
(ڈرون ٹرافک کنٹرولر)
یہ ماہر آسمان میں پرواز کرنے والے ڈرونز کی آمدورفت کو منظم کرے گا۔
وہ مختلف ڈرونز کیلئے محفوظ فضائی راستے مقرر کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ دو ڈرون ایک دوسرے کے راستے میں رکاوٹ نہ بنیں۔
ٹریکنگ سسٹم کی مدد سے ڈرونز کے درمیان ممکنہ ٹکراؤ کا پتا لگا کر حفاظتی اقدامات کرےگا۔
طلبہ روبوٹکس، ڈرون ٹیکنالوجی، پروگرامنگ، ریاضی اور بنیادی ایوی ایشن کا مطالعہ کریں۔
یہ بھی پڑھئے: غلطیوں کا جائزہ، وقت کی پابندی اور مستقل مزاجی، طلبہ کی کامیابی کا مضبوط فارمولہ
6. Artificial Organ Designer
(آرٹی فیشل آرگن ڈیزائنر)
یہ ماہر ایسے مصنوعی انسانی اعضا (Artificial Organs) تیار کرنے اور ڈیزائن کرنے پر کام کرے گا جو خراب یا ناکارہ اعضا کی جگہ استعمال کئےجا سکیں۔
مستقبل میں مصنوعی دل، گردے، جگر، پھیپھڑے اور دیگر اعضا کو زیادہ جدید اور مؤثر انداز میں تیار کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
طلبہ طب، بایو میڈیکل انجینئرنگ، کیمسٹری، روبوٹکس اور تھری ڈی ڈیزائن پر توجہ دیں۔
7. Virtual World Architect
(ورچوئل ورلڈ آرکیٹیکٹ)
یہ ماہر ایسی ڈجیٹل دنیا اور ماحول ڈیزائن کرے گا جہاں لوگ’ وی آر‘ (ورچوئل ریالٹی) یا دیگر ٹیکنالوجی کے ذریعے داخل ہوکر کام، تعلیم، تفریح یا میل جول کرسکیں گے۔
وہ ورچوئل شہروں، عمارتوں، پارکوں، دفاتر اور تفریحی مقامات کا نقشہ اور ڈیزائن تیار کرے گا۔
طلبہ کیلئے تھری ڈی ڈیزائن، کمپیوٹر پروگرامنگ، گرافکس، فنِ تعمیر اور وی آر ٹیکنالوجی کی بنیادی معلومات حاصل کرنا مفید ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: فیصلہ کرنے سے پہلے درست انتخاب اور ممکنہ نتائج کے بارے میں غور کرلیں
8. Mars Colony Planner
(مارس کالونی پلانر)
یہ ماہر مریخ پر انسانوں کیلئے ایسی رہائش گاہیں اور کالونی قائم کرنے کے منصوبے تیار کرے گاجو مریخ کے انتہائی سرد موسم، کم فضائی دباؤ اور تابکاری سے انسانوں کو محفوظ رکھ سکیں۔
کالونی کے اندر آمدورفت، روبوٹس کے استعمال اور زمین سے رابطے کیلئے مواصلاتی نظام کی منصوبہ بندی بھی اہم کام ہوگا۔
طلبہ فلکیات، طبیعیات، ریاضی، کمپیوٹر پروگرامنگ اور روبوٹکس پر توجہ دیں۔
9. Drone Delivery Manager
(ڈرون ڈیلیوری منیجر)
یہ ماہر ڈرون کے ذریعے سامان، ادویات یا دیگر ضروری اشیا کی ترسیل کے نظام کو منظم کرے گا۔
کنٹرول سسٹم کے ذریعے ڈرونز کی پرواز، بیٹری اور مقام پر نظر رکھنا اس کی اہم ذمہ داری ہوگی۔
منیجرکا کام اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ سامان اچھی حالت میں، صحیح مقام اور وقت پر پہنچے۔
اس شعبے میں ڈرون ٹیکنالوجی، جی پی ایس، ڈیٹا مینجمنٹ، لاجسٹکس، بنیادی پروگرامنگ اور فضائی حفاظتی اصولوں کی سمجھ ضروری ہوگی۔