۷ء۴۴؍فیصد طلبہ نے بتایا کہ انہیں نصاب میں اپنی صلاحیتیوں اور دلچسپیوں کو کیسے پہچانے اس کے متعلق نہیں سکھایا جاتا۔
EPAPER
Updated: September 04, 2026, 9:08 PM IST | Owais Siddiqui | Mumbai
۷ء۴۴؍فیصد طلبہ نے بتایا کہ انہیں نصاب میں اپنی صلاحیتیوں اور دلچسپیوں کو کیسے پہچانے اس کے متعلق نہیں سکھایا جاتا۔
اپنی مخفی صلاحیتوں کو پہچاننا سیکھیں۔
مستقبل کو نئی سمت دینے کے متعلق جانیں۔
اپنے آپ کو منفرد بنانا سیکھیں۔
خوبیوں، خامیوں کا جائزہ لینے کی اہمیت سمجھیں۔
اپنی دلچسپیوں کو سمجھیں
ہر انسان میں صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ اکثر طلبہ صرف وہی کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو اطراف کے دیگر لوگ کر رہے ہوتے ہیں۔ لیکن اصل کامیابی تب ملتی ہے جب آپ یہ معلوم کریں کہ آپ کو واقعی میں کیا پسند ہے۔ چاہے وہ مصوری ہو، سائنس ہو، کھیل کود ہو یا پھر نئی نئی چیزیں بنانا ہو، اپنی اصل دلچسپی کو پہچاننا ضروری ہے۔ جب آپ اپنی پسند کے مطابق کوئی کام کرتے ہیں تو وہ آپ کیلئے بوجھ نہیں بنتا بلکہ آپ کو اس سے خوشی حاصل ہوتی ہے اس لئے اپنے دل کی سنیں۔
خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لیں
اپنی صلاحیتوں کو سمجھنے کیلئے یہ جاننا اہم ہے کہ آپ کی طاقت اور کمزوریاں کیا ہیں۔ طاقت کا مطلب، وہ کام جو آپ اچھی طرح کر لیتے ہیں۔ خامی کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ آپ کمزور ہیں، بلکہ اس کا مفہوم ہے کہ اس محاذ پر تھوڑی اور محنت کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کو کسی میدان میں مشکل پیش آتی ہے تو گھبرانے کے بجائے اس کو بہتر کرنے کی کوشش کریں۔ جب آپ اپنی طاقت کا صحیح استعمال کرتے ہیں اور اپنی خامیوں کو دور کرنے لگتے ہیں تو آپ کا اعتماد بڑھتا ہے۔
اپنی شناخت بنائیں
ہر شخص کا سفر الگ ہوتا ہے۔ بھیڑ چال پر چلنے کا نقصان یہ ہے کہ انسان اپنی حقیقی صلاحیتوں کو بھول جاتا ہے اور دوسروں کی نقل کرنے لگتا ہے۔ یہ یاد رہے کہ ہر پھول کی خوشبو الگ ہوتی ہے اور ہر طالب علم اپنے آپ میں خاص ہے۔ اگر آپ کے دوست کسی ایک شعبے میں اچھے ہیں تو ضروری نہیں کہ آپ بھی اسی شعبے میں جائیں۔ اپنی الگ شناخت بنانا ہی اصل مقصد ہونا چاہئے۔ جب آپ اپنے شوق اور صلاحیت کی بنیاد پر آگے بڑھتے ہیں تو دنیا آپ کی قدر کرتی ہے۔
نئی چیزیں آزمائیں
اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچاننے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ نئی چیزوں کو آزمانا شروع کریں۔ اگر آپ ہمیشہ پرانے اور محتاط طریقوں پر قائم رہیں گے تو یہ معلوم نہیں ہوسکے گا کہ آپ اور کیا کر سکتے ہیں۔ اسکول کی مختلف سرگرمیوں، کھیلوں، ڈرائنگ، تقریری مقابلوں میں حصہ لیں۔ نئے مشاغل اپنائیں۔ نئی چیزیں سیکھنے کے دوران ہو سکتا ہے آپ سے غلطیاں بھی ہوں، لیکن ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان سے سیکھیں۔ آپ جتنے زیادہ تجربات کریں گے اتنی جلدی آپ کو اپنی مخفی صلاحیتوں کا پتہ چلے گا۔ نئے تجربات سے ذہن کھلتا ہے، معلومات میں اضافہ ہوتا ہے اور آپ کے اندر نئی صلاحیتیں پیدا ہوتی ہیں۔
مستقبل کی سمت طے کریں
جب آپ کو اپنی دلچسپی اور خوبیوں کا پتہ چل جائے تو اگلا اہم قدم روشن اور واضح مقصد طے کرنا ہے۔ بغیر کسی مقصد کے زندگی میں آگے بڑھنا ایسا ہی ہے جیسے کسی منزل کا پتہ کئے بغیر سفر پر نکل پڑنا۔ اپنے لئے چھوٹے چھوٹے اہداف طے کریں اور انہیں پورا کرنے کیلئے روزانہ تھوڑی تھوڑی محنت کریں۔ اگر آپ کو سائنس پسند ہے تو اس کے متعلق مزید پڑھیں، اگر آپ کو لکھنے کا شوق ہے تو روزانہ کچھ نہ کچھ لکھیں۔ اپنے اساتذہ اور والدین سے مشورہ لیں۔ جب آپ اپنی صلاحیتوں اور محنت کو ایک صحیح راستہ دکھاتے ہیں تو آپ کا مستقبل محفوظ اور سنہرا ہو جاتا ہے۔ آپ کی یہی محنت آپ کو ایک منفرد مقام عطا کرتی ہے۔
ان نکات پر توجہ دیں
اپنی خوبیوں کو جانیں
سوچیں کہ آپ کون سے کام دوسروں کے مقابلے میں بہتر یا آسانی سے کر لیتے ہیں۔ اپنی خوبیوں کو پہچاننا خود اعتمادی بڑھانے کا پہلا قدم ہے۔
نئی چیزیں آزمایئے
مختلف سرگرمیوں، مضامین اور ہنر کو آزمانے سے اپنی نئی صلاحیتیں دریافت کی جا سکتی ہیں۔ ممکن ہے کسی نئے تجربے میں آپ کو اپنی اصل دلچسپی مل جائے۔
دوسروں کی نقل نہ کریں
صرف اس لئے کوئی راستہ اختیار نہ کریں کہ سب لوگ اسی پر چل رہے ہیں۔ اپنی شخصیت، دلچسپی اور صلاحیت کے مطابق فیصلہ کرنا زیادہ کامیاب ثابت ہوتا ہے۔
کامیابیوں کو یاد کریں
اپنی چھوٹی بڑی کامیابیوں پر غور کریں اور دیکھیں کہ ان میں کون سی صلاحیتیں کارفرما تھیں۔ اس سے آپ کو اپنی مضبوط صلاحیتوں کا اندازہ ہوگا۔
خود کو وقت دیں
اپنی صلاحیتیں دریافت کرنے کیلئے صبر اور مسلسل مشاہدہ ضروری ہے۔ خود کو سمجھنے کیلئے روزانہ کچھ وقت اپنی کارکردگی اور احساسات پر غور کریں۔
کمزوریوں کو بھی سمجھیں
اپنی کمزوریوں کو تسلیم کرنا مایوسی نہیں بلکہ ترقی کی علامت ہے۔ جب آپ اپنی کمزوریاں جان لیتے ہیں تو انہیں بہتر بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔