۵ء۴۴؍فیصد طلبہ نےبتایا کہ انہیں نصاب میں مسئلے پر سر کھپانے کے بجائے حل پر غور کرنا نہیں ملتا۔
EPAPER
Updated: September 04, 2026, 8:18 PM IST | Zulqarnain Ansari | Mumbai
۵ء۴۴؍فیصد طلبہ نےبتایا کہ انہیں نصاب میں مسئلے پر سر کھپانے کے بجائے حل پر غور کرنا نہیں ملتا۔
ذہن دباؤ میں ہو تو مسئلہ سنگین محسوس ہوتا ہے۔
غور و فکر اور فکرمندی دو مختلف چیزیں ہیں۔
حل پر غور کرنا بہتر معاشرہ کو تشکیل دیتا ہے۔
امکانات پر غور کرنا آسانیاں پیدا کرتا ہے۔
مسئلہ: توجہ کا مرکز یا ذہنی گرفت؟
انسان کی زندگی مسائل سے خالی نہیں۔ فرد ہو یا معاشرہ، تعلیم ہو یا روزگار، تعلقات ہوں یا اجتماعی معاملات، کسی نہ کسی سطح پر انسان کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ مسئلہ خود اتنا نقصاندہ نہیں ہوتا جتنا انسان کے ذہن پر اس کا قابض ہوجانا ہے۔ بعض اوقات ہم کسی مشکل کے بارے میں اتنا سوچتے ہیں کہ اصل مشکل سے زیادہ اس کا تصور ہمیں پریشان کرنے لگتا ہے۔ بار بار یہ سوچنا کہ ایسا کیوں ہوا، کس کی غلطی تھی، کہاں بھول ہوئی اور حالات یہاں تک کیسے پہنچے، ذہن کو ماضی کے دائرے میں قید کر دیتا ہے۔ اس کے برعکس حل پر غور کرنے کا مطلب یہ ہے کہ انسان ذہنی توانائی کو شکایت اور تشویش کے بجائے امکان اور امید کے ساتھ وابستہ رکھے۔
شکایت کی تکرار اور سوچ کا جمود
کسی مسئلے پر مسلسل سر کھپانے سے عموماً نئی بصیرت پیدا نہیں ہوتی، بلکہ وہی خیالات مختلف صورتوں میں ذہن میں گردش کرتے رہتے ہیں۔ انسان ایک ہی واقعے کو بار بار یاد کرتا، اس کے اسباب تلاش کرتا اور ممکنہ نقصانات کا اندازہ لگاتا رہتا ہے۔ یوں غوروفکر اور فکرمندی کے درمیان فرق مٹنے لگتا ہے۔ غوروفکر ذہن کو وسعت دیتا ہے، جبکہ بے نتیجہ فکرمندی اسے ایک ہی دائرے میں گھماتی رہتی ہے۔ اس لئے بعض مسائل اپنی اصل نوعیت سے بڑے محسوس ہونے لگتے ہیں۔ مسئلہ اپنی جگہ موجود رہتا ہے، مگر انسان کی فیصلہ کرنے اور امکانات کو دیکھنے کی صلاحیت کو متاثر کرنے لگتی ہے۔ فکر مندی سے محض ذہنی سکون برباد ہوتا ہے حل کوئی نہیں نکلتا۔
حل پر نظر: مایوسی کے مقابل امکان
حل پر غور کرنے کا اہم پہلو یہ ہے کہ یہ انسان کو امکانات کی دنیا میں واپس لے آتا ہے۔ جب توجہ صرف مسئلے پر مرکوز ہو تو ذہن کے سامنے رکاوٹ نمایاں رہتی ہے؛ لیکن جب نگاہ ممکنہ حل کی طرف اٹھتی ہے تو اسی صورتحال میں گنجائش کے پہلو دکھائی دینے لگتے ہیں۔ حل کی تلاش انسان کو مایوسی کے دائرے سے نکال کر عمل، تدبر اور نئی راہوں کی طرف لے جاتی ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ مسئلے کی سنگینی سے انکار کیا جائے یا مشکلات کو معمولی سمجھ لیا جائے بلکہ حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے اندر موجود امید کے امکان کو بھی نظرانداز نہ کیا جائے۔ بڑے بحرانوں میں بھی انسانی تاریخ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ حالات جامد نہیں ہوتے۔ جو چیز ایک لمحے میں ناقابلِ عبور دکھائی دیتی ہے، وقت، حالات اور انسانی فہم کے ساتھ اس کی صورت بدل سکتی ہے۔ یہی سوچ مسئلے کے حل اور آگے بڑھنے کی بنیاد بنتی ہے۔
امکانات پر غور کرنے کی ذہنی قوت
حل پر غور کرنا دراصل ایک مخصوص ذہنی رویہ کی علامت ہے۔ ایسا رویہ انسان کو مشکلات کا قیدی بننے کے بجائے ان کا مشاہدہ کرنے والا بناتا ہے۔ وہ اپنی ذہنی توانائی اس سوال میں صرف نہیں کرتا کہ مصیبت کیوں آئی بلکہ یہ بھی دیکھتا ہے کہ اس صورتحال میں کیا امکانات پوشیدہ ہیں۔ یہی زاویۂ نظر انسان کو جذباتی ردِعمل سے فکری رویہ کی طرف لے جاتا ہے۔ ہر مسئلہ فوراً ختم نہیں ہوتا، بعض مسائل طویل عرصے تک موجود رہتے ہیں ؛ لیکن ان کے ساتھ ہمارا ذہنی تعلق ضرور بدل سکتا ہے۔ کبھی مسئلہ وہی رہتا ہے مگر اسے دیکھنے والی نگاہ بدل جاتی ہے، یہی تبدیلی انسان کے اندر ایک نئی قوت پیدا کرتی ہے۔
حل پسند ذہن اور بہتر معاشرہ
یہ رویہ صرف فرد کی زندگی تک محدود نہیں رہتا بلکہ معاشرے کی اجتماعی سوچ پر بھی اثر کرتا ہے۔ وہ معاشرے جو ہر خرابی پر صرف الزام، شکایت اور مایوسی کو فروغ دیتے ہیں، ان میں مسائل پر گفتگو زیادہ امکانات پر کم ہوتی ہے۔ اس کے برعکس مثبت اور تعمیری فکر رکھنے والے معاشرے مشکلات کو اپنی قسمت کا آخری فیصلہ نہیں سمجھتے۔ ان کے ہاں اختلاف، ناکامی اور بحران کے باوجود مستقبل کے بارے میں سوچنے کی گنجائش باقی رہتی ہے۔ چنانچہ مسئلے پر سر کھپانے کے بجائے حل پر غور کرنا محض ایک ذاتی عادت نہیں بلکہ ایک تعمیری فکری رویہ ہے، جو انسان کے اندر مشکل میں بھی امکان کی امید جگاتا ہے۔
ان نکات پر توجہ دیں
مسئلے کی شناخت
جدت ہمیشہ کسی حقیقی مسئلے کو سمجھنے سے شروع ہوتی ہے۔ اپنے اردگرد موجود چھوٹی چھوٹی مشکلات کو نوٹ کریں اور ان کے ممکنہ حل پر غور کریں۔
تخلیقی سوچ اپنائیں
ایک ہی مسئلے کے کئی حل سوچنے کی کوشش کریں اور پہلے خیال پر فوراً نہ رکیں۔ جتنے زیادہ امکانات تلاش کریں گے، اتنا ہی منفرد حل سامنے آئیں گے۔
مشاہدہ تیز کریں
لوگوں کے کام کرنے، چیزوں کو استعمال کرنے اور مشکلات کا سامنا کرنے کے انداز کا مشاہدہ کریں۔ یہ اکثر لوگ نظرانداز کر دیتے ہیں۔
علم کو جوڑیں
مختلف مضامین سے حاصل شدہ معلومات کو ملانے کی کوشش کریں۔ کئی بڑی ایجادات دراصل دو الگ خیالات کو ایک نئے انداز میں جوڑنے سے وجود میں آتی ہیں۔
تجربہ کرنے کا حوصلہ
اپنے خیال کو صرف ذہن میں رکھنے کے بجائے اس کا چھوٹا سا نمونہ یا تجربہ تیار کریں۔ عملی کوشش سے معلوم ہوتا ہے کہ خیال حقیقت میں کتنا قابل عمل ہے۔
حل کو آسان بنائیں
اچھی جدت وہ ہوتی ہے جو لوگوں کیلئے واقعی مفید اور استعمال میں آسان ہو۔ اپنے حل کو غیر ضروری پیچیدگیوں سے پاک رکھیں اور انہیں سادہ بنانے کا سوچیں۔