Inquilab Logo

فیروز خان اور انِل کپورکی فلم ’جانباز‘ کی نمائش کے ۳۴؍ سال مکمل

Updated: June 18, 2020, 12:14 PM IST | Mumbai

بالی ووڈکے خوبرو ہیرو فیروز خان اور مسٹر انڈیا انِل کپور کی فلم ’جانباز‘ کی نمائش کے ۳۴؍ سال مکمل ہوگئے ہیں۔

janbaaz.photo:inquilab
جانباز۔تصویر:انقلاب

بالی ووڈکے خوبرو ہیرو فیروز خان اور مسٹر انڈیا انِل کپور کی فلم ’جانباز‘ کی نمائش کے ۳۴؍ سال مکمل ہوگئے ہیں۔ 
 انِل کپورسوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں۔ انہوں نے ۸۰؍ کے عشرے کی اپنی فلم ’جانباز‘ کی چند خوبصورت تصاویر جاری کی ہیں، نیز اپنے شریک اداکار فیروزخان کو بھی یاد کیا ہے۔فلم کی ریلیز کے ۳۴؍ سال مکمل ہوگئے ہیں۔ یہ فلم ’ایف کے انٹرنیشنل‘ کے بینر تلے ۱۰؍ جون ۱۹۸۶ء کو عالمی پیمانے پر ریلیز کی گئی تھی۔ واضح ہو کہ فلم ’جانباز‘میں انِل کپور کے مدمقابل ڈمپل کپاڈیہ نے کام کیا تھا۔ فلم میں سری دیوی کا بھی مختصر کردار تھا جو فیروز کے مقابل ہیروئن تھیں۔ اس فلم میں فیروز خان اور انِل کپور نے بھائیوں کے کردار ادا کئے تھے جبکہ امریش پوری نے ان کے باپ رول نبھایا تھا۔ اس کے سبھی گیت زبردست ہِٹ ہوئے تھے جن میں ’پیار دو پیار لو‘،’گِیو می لَو‘، ’ہر کسی کو نہیں ملتا یہاں پیار زندگی میں‘، ’جانِ جاناں او جانِ جاناں‘اور ’جان کی بازی لگانے والا ہوتا ہے جانباز‘ وغیرہ شامل تھے۔ جبکہ اس کی قوالی ’اللہ اکبر اللہ اکبر‘ بھی خوب مقبول ہوئی تھی۔ 
 انِل کپور نے پیغام میں لکھا کہ’’ہماری انڈسٹری کے بہترین، بے حد اسٹائلش، بچوں جیسے نیچر والے لیکن شیردل فلمسازفیروز خان کو یاد کررہا ہوں۔ ان کے ساتھ ’جانباز‘ میں بطور فلمساز و ہدایتکار/شریک اداکار کام کرنا اور ’ویلکم‘ میں ’کو اسٹار‘ کے طور پر کام کرنا یادگار تجربہ تھا۔‘‘ فلم ’جانباز‘ کے ۲۱؍ سال بعد ’ویلکم‘ ریلیز ہوئی تھی جس میں انِل کپور کے ساتھ نانا پاٹیکر، اکشے کمار، کترینہ کیف، پریش راول، ملیکا شیراوت اور سنیل شیٹی نے بھی اہم کردار ادا کئے تھے۔ اس فلم میں فیروز خان نے مزاحیہ ویلن کا رول نبھایا تھا جسے ناظرین نے بے حد پسند کیا تھا۔ فیروز نڈیاڈوالا کی اس پروڈکشن کے مصنف و ہدایتکا انیس بزمی تھے۔ 
  انِل کپور کو آخری بار فلم ’ملنگ‘ میں دیکھا گیا تھا۔ ان کی آئندہ فلم ’ممبئی ساگا‘ ہو گی۔ اس میں انِل کپور کے ساتھ جان ابراہم بھی نظر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK