Inquilab Logo

’’بشنوئی گینگ کے لوگ ممبئی میں کچھ بڑا کرنے والے ہیں‘‘

Updated: April 21, 2024, 7:36 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب نامعلوم شخص نے پولیس کنٹرول روم میں فون کرکے دعویٰ کیا۔ اس سے قبل لارینس بشنوئی کے نام سے افواہ پھیلانے والا طالب علم گرفتار۔

Bollywood star Salman Khan. Photo: INN
بالی ووڈ اسٹار سلمان خان۔ تصویر : آئی این این

 بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر ۲؍ افراد کے ذریعہ فائرنگ کی واردات کو ایک ہفتہ گزرا ہے اور سنیچر کو کسی نامعلوم شخص نے ممبئی پولیس کنٹرول روم کو فون کرکے دعویٰ کیا کہ مذکورہ فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے والے لارینس بشنوئی کی گینگ کے ممبران ممبئی میں کوئی بڑی واردات انجام دینے والے ہیں۔ اس فون کال کے تعلق سے کنٹرول روم نے باندرہ پولیس کا آگاہ کردیا جس کے بعد پولیس اس فون کرنے والے کو تلاش کررہی ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب تقریباً ۲؍ بجے پولیس کنٹرول روم میں ایک فون کال موصول ہوا جس میں کال کرنے والے نے اپنی شناخت ظاہر کئے بغیر دعویٰ کیا کہ جیل میں قید گینگسٹر لارینس بشنوئی گینگ کے گُرگے شہر میں کوئی بڑی واردات انجام دینے والے ہیں۔
 مذکورہ کال موبائل فون سے کیا گیا تھا۔ اگرچہ پولیس کو شبہ ہے کہ مذکورہ فون کال افواہ پھیلانے کی غرض سے کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود احتیاطاً باندرہ، جہاں اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ ہے، میں سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سلمان خان جمعہ کو ہی سخت سیکوریٹی کے درمیان دبئی روانہ ہو گئے ہیں۔ اس کے باوجود احتیاطی طور پر مختلف مقامات پر پولیس اہلکاروں  کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی فون کرنے والے کو بھی تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹکٹوں کی کالا بازاری دھڑلے سے جاری، عام مسافر پریشان

افواہ پھیلانے کے الزام میں سلمان کا مداح گرفتار
 اس دوران باندرہ پولیس نے ایک نوجوان طالب علم کو، جو خود کو اداکار سلمان خان کا مداح بتاتا ہے، غازی آباد سے گرفتار کرلیا ہے۔
 معاملہ یہ ہے کہ ایپ سے بُک کی جانے والی ایک ٹیکسی جمعرات کی شب سلمان خان کی رہائش گاہ پر پہنچی۔ اس کے ڈرائیور نے وہاں واچ مین سے پوچھا کہ لارینس بشنوئی کہاں ہے اس کیلئے ٹیکسی آئی ہے۔ جب اس عمارت کے باہر موجود پولیس اہلکاروں نے لارینس بشنوئی کا نام سنا تو انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو پکڑ کر باندرہ پولیس کے حوالے کردیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ کسی نے ایپ سے ٹیکسی بُک کرکے کہا تھا کہ سلمان خان کی رہائش گاہ سے لارینس بشنوئی کو لے کر باندرہ پولیس اسٹیشن جانا ہے۔ اس پر پولیس نے جس نمبر سے ٹیکسی بُک کی گئی تھی اس نمبر کی مدد سے یوپی کے غازی آباد میں رہائش پذیر بی بی اے کے ۲۱؍ سالہ طالب علم روہت تیاگی کو گرفتار کرلیا۔ 
 پولیس کے مطابق روہت نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ سلمان خان کا مداح ہے اور ان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی واردات سے ناراض تھا اس لئے لارینس بشنوئی کے نام سے ٹیکسی بھیج دی تھی۔ پولیس نے روہت کو جمعہ کو مقامی عدالت میں حاضر کیا تھا جہاں اسے ۲؍ دنوں کیلئے پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔
 یاد رہے کہ ۱۴؍ اپریل کو صبح تقریباً ۵؍ بجے ۲؍ افراد نے سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر ۴؍ سے ۵؍ رائونڈ فائرنگ کی تھی۔ پولیس نے ان دونوں لوگوں کو گجرات کے کچھ سے گرفتار کرلیا ہے اور ان کے نام وکی کمار گپتا اور ساگر کمار پال بتائے گئے ہیں۔ فی الحال یہ دونوں لوگ پولیس کی تحویل میں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK