Inquilab Logo

بامبے وائی ایم سی اے کے مفت سمراسپورٹس کیمپ کا انعقاد

Updated: April 21, 2024, 7:30 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اگری پاڑہ،جھولا میدان میں۲؍مئی سے باسکٹ بال، فٹ بال،کشتی، اتھلیٹکس اور کبڈی کی مفت تربیت دی جائے گی۔

Various sports training will be given in the summer camp. Photo: INN
سمر کیمپ میں مختلف کھیلوں کی تربیت دی جائےگی۔ تصویر : آئی این این

بامبے ینگ مینس کرسچن اسوسی ایشن ( وائی ایم سی اے) ممبئی سینٹرل نے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی مفت سمر اسپورٹس کیمپ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے تحت ۶؍تا ۱۶؍سال کی عمر کے لڑکے لڑکیوں کو باسکٹ بال، فٹبال، کشتی، اتھلیٹکس اور کبڈی کی مفت تربیت دی جائے گی۔ خواہشمند امیدوار اگری پاڑہ ، جھولا میدان سے درخواست فارم حاصل کرسکتے ہیں۔ ۲۰؍ اپریل ۲۰۲۴ء سے فارم تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔ فارم جمع کرنےکی آخری تاریخ ۳۰؍ اپریل ہے۔ ۲؍مئی سے کیمپ کاآغاز کیا جائے گا۔ کیمپ سے متعلق مزید معلومات کیلئے موبائل نمبر ۹۱۵۲۲۰۰۶۰۹پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کےعلاوہ ممبئی اورنوی ممبئی کے مختلف وائی ایم سی اے سینٹروں پر مختلف قسم کے کھیل کود کےکیمپوں کا انعقاد کیا جائےگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’بشنوئی گینگ کے لوگ ممبئی میں کچھ بڑا کرنے والے ہیں‘‘

 بامبے وائی ایم سی اے کی ڈیڑھ سوسالہ تقریبات 
 دریں اثناء بامبے وائی ایم سی اے کی ڈیڑھ سوسالہ تقریبات کا۲۵؍ اپریل ۲۰۲۴ءسے افتتاح ہونا طے پایا ہے۔  اس ضمن میں ایک سال تک جاری رہنے والی تقریبات کے دوران مختلف قسم کے سماجی، کھیل کود اور صحت عامہ سے متعلق پروگرام منعقد کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بامبے وائی ایم سی اے کاقیام ۶؍جون ۱۸۴۴ء میں کیا گیا تھا ۔ اس وقت سے ادارہ ھٰذا عوام کو خودمختار بنانے کی خدمت میں مصروف ہے۔ بامبے وائی ایم سی اے کے زیر نگرانی متعدد سماجی ، تعلیمی، معاشی اور کھیل کود کی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں ۔ بامبے وائی ایم سی اے کی سماجی اور تعلیمی خدمات کی طویل فہرست ہے۔ ان سرگرمیوں سے گزشتہ ڈیڑھ صدی میں لاکھوں غریب اور مستحق ضرورتمندوں کی مدد کی گئی ہے ۔ تعلیم ، ووکیشنل کورسیز، فیزیکل ایجوکیشن، اسپورٹس کی سہولیات کےساتھ غریب و کمزور طلبہ اور خواتین کو رہائش کی سہولت مہیا کی جاتی ہے۔
 مذکورہ ادارہ کے سیکریٹری لیونرڈ سلینز نے اس نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ بامبے وائی ایم سی اے اپریل ۲۰۲۵ء میں اپنے سماجی اور تعلیمی خدمات کے ڈیڑھ سو سالہ سفر کی تکمیل کی جانب رواں ہے ۔ اس خوشی کی مناسبت سے ۲۵؍ اپریل ۲۰۲۴ء سے ۲۵؍مئی ۲۰۲۵ ء تک مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ جن میں آل انڈیا باسکٹ بال ٹورنامنٹ ، آل انڈیا والی بال ٹورنامنٹ اور انٹرنیشنل ایڈوینچر کیمپ( وائی ایم سی اے ، لوناولہ)شامل ہے ۔ اس دوران نوجوانوں اور خواتین کی مجموعی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے ، انہیں کامیابی اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے مختلف قسم کی تربیت دینے کا بھی منصوبہ ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK