کولکاتا کے لیک ٹاؤن علاقے میں نصب ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر لیونل میسی کے ۷۰؍ فٹ بلند مجسمے کو سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر ہٹا دیا گیا۔
EPAPER
Updated: June 01, 2026, 8:08 PM IST | Kolkata
کولکاتا کے لیک ٹاؤن علاقے میں نصب ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر لیونل میسی کے ۷۰؍ فٹ بلند مجسمے کو سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر ہٹا دیا گیا۔
مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے لیک ٹاؤن علاقے میں نصب ارجنٹینا کے مشہور فٹبالر لیونل میسی کے ۷۰؍ فٹ بلند مجسمے کو پیر کے روز سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر ہٹا دیا گیا۔ حالیہ دنوں میں آنے والے شدید طوفانوں کے بعد مجسمے کے غیر مستحکم ہونے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے حکام کے مطابق مجسمے کو ہائیڈرولک کرین کی مدد سے احتیاط سے اس کے چبوترے سے ہٹا کر ٹرک پر لاد دیا گیا۔
اس کارروائی کے دوران مجسمے کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ حکام نے بتایا کہ فی الحال مجسمہ پی ڈبلیو ڈی کی نگرانی میں رکھا جائے گا تاہم اسے دوبارہ کہاں نصب کیا جائے گا، اس بارے میں ریاستی حکومت کی جانب سے ابھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
طوفان کے دوران مجسمہ ہل رہا تھا
کچھ دن پہلے مقامی لوگوں نے لیک ٹاؤن پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی تھی کہ تیز ہواؤں اور طوفان کے دوران مجسمہ ہل رہا ہے۔ اس کے بعد پولیس اور پی ڈبلیو ڈی کی مشترکہ ٹیم نے موقع کا معائنہ کیا۔ جانچ کے دوران تعمیراتی ایجنسی نے مجسمے کے فاؤنڈیشن بولٹس میں تکنیکی خرابی کی نشاندہی کی اور خبردار کیا کہ یہ ڈھانچہ خطرناک حالت میں ہے اور گرنے کا خطرہ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’اونچا لمبا قد فار ایور‘‘میں دِشا پٹانی اور اکشے کمارکا نیا دھماکہ خیز انداز
دسمبر میں افتتاح ہوا تھا
میسی کے اس عظیم مجسمے کا افتتاح گزشتہ سال دسمبر میں کیا گیا تھا۔ اس وقت لیونل میسی نے کولکاتا کے دورے کے دوران ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اس مجسمے کا افتتاح کیا تھا۔
نئی جگہ کے بارے میں قیاس آرائیاں
ذرائع کے مطابق اس مجسمے کو مستقبل میں کولکاتا کے رویندر سرور یا ایکو پارک میں نصب کیا جا سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ ریاستی حکومت کرے گی۔
یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا نے فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ءکے لئے حتمی ٹیم کا اعلان کر دیا
سوجیت بوس کی پہل پر منصوبہ
یہ منصوبہ مغربی بنگال حکومت کے سابق وزیر سوجیت بوس کی پہل پر شروع کیا گیا تھا۔ حال ہی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انہیں میونسپل بھرتی گھوٹالے سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کیا ہے۔