Updated: July 10, 2026, 5:02 PM IST
| Mumbai
اتراکھنڈ کے تاریخی سلکیارا ٹنل ریسکیو مشن پر مبنی فلم ’’سلکیارا۴۱‘‘ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جسے عامر خان پروڈکشنز، مائنڈ بلوئنگ فلمز (آسٹریلیا) اور کبیر خان فلمز مشترکہ طور پر پیش کریں گے۔ یہ فلم ہندوستان اور آسٹریلیا کے تخلیقی تعاون کی علامت ہوگی جس میں انسانی حوصلے، بین الاقوامی اشتراک اور سلکیارا ریسکیو آپریشن کی حقیقی داستان کو پردۂ سیمیں پر پیش کیا جائے گا۔
عامر خان اور کبیر خان، آسٹریلوی پروڈیوسرز کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این
عامر خان پروڈکشنز (ہندوستان)، مائنڈ بلوئنگ فلمز (آسٹریلیا) اور کبیر خان فلمز نے فلم’’سلکیارا۴۱‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ یہ فلم اتراکھنڈ کے سلکیارا ٹنل ریسکیو مشن اور اس مہم میں بین الاقوامی سطح پر مشہور ٹنلنگ ایکسپرٹ اور آسٹریلیا کے مقامی ہیرو ارنولڈ ڈکس کے اہم کردار سے متاثر ہے۔ فلم کی کہانی آسٹریلیا کے معروف اسکرین رائٹر اینڈریو اناسٹاسیوس (دی واٹر ڈیوائنر) نے لکھی ہے اور اس کی ہدایت کاری ایوارڈ یافتہ ہندوستانی فلم میکر کبیر خان کریں گے۔ یہ فلم ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک خاص تعاون کی مثال ہے، جو دونوں ممالک کی تخلیقی طاقت، کہانی سنانے کی روایت اور پروڈکشن ایکسپریٹیز کو ایک ساتھ لے کر آئے گی۔ یہ اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب ہندوستان اور آسٹریلیا اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دوطرفہ تعاون کے نئے باب کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں ’’سلکیارا۴۱‘‘ تعاون، مشترکہ اقدار اور انسانی جذبے کی ایک مضبوط مثال بن کر سامنے آئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’دیورا‘‘، ’’کرتویہ‘‘ اپنی حدوں کو نہیں چھو سکیں: سیف علی خان کا اعتراف
عامر خان پروڈکشنز کے بانی اور پروڈیوسر عامر خان نے کہا، ’’مائنڈ بلوئنگ فلمز اور عامر خان پروڈکشنز کے درمیان اس خاص تعاون کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ سلکیارا ٹنل ریسکیو کی کہانی نے مجھے بہت متاثر کیا۔ یہ مشکل حالات میں حوصلے، جذبے، سوجھ بوجھ اور انسانیت کی کہانی ہے۔ ہمیں خاص طور پر خوشی ہے کہ ہم اس کا اعلان ایسے تاریخی دن پر کر رہے ہیں، جب ہندوستان اور آسٹریلیا اپنے دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کی شروعات کر رہے ہیں۔ یہ بھی خاص بات ہے کہ ہمارے دونوں ممالک مل کر ایسی فلم بنا رہے ہیں، جو بین الاقوامی تعاون اور انسانی جذبے کی جیت کی کہانی کو سامنے لاتی ہے۔ ‘‘