علی فضل ہندی سنیما کے ان اداکاروں میں شامل ہیں جنہوں نےاپنے کریئر میں مختلف النوع کردار ادا کرکے اپنی الگ شناخت قائم کی۔ کبھی وہ نوجوانوں کی زندگی اور دوستی کی نمائندگی کرتے نظر آئے، کبھی مزاحیہ کردار کے ذریعے ناظرین کو محظوظ کیا اور کبھی ایک ایسے شخص کے روپ میں سامنے آئے جس کے اندر غصہ، انتقام اور اقتدار کی خواہش موجود ہے۔
ایک ماہر اداکارعلی فضل۔ تصویر: آئی این این
علی فضل ہندی سنیما کے ان اداکاروں میں شامل ہیں جنہوں نےاپنے کریئر میں مختلف النوع کردار ادا کرکے اپنی الگ شناخت قائم کی۔ کبھی وہ نوجوانوں کی زندگی اور دوستی کی نمائندگی کرتے نظر آئے، کبھی مزاحیہ کردار کے ذریعے ناظرین کو محظوظ کیا اور کبھی ایک ایسے شخص کے روپ میں سامنے آئے جس کے اندر غصہ، انتقام اور اقتدار کی خواہش موجود ہے۔ ویب سیریز ’مرزا پور‘ میں گڈو پنڈت کے کردار نے انہیں گھر گھر مشہور کیا، لیکن علی فضل کی اداکاری کا دائرہ صرف اسی کردار تک محدود نہیں ہے۔ ہالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے سے لے کر تاریخی کردار ادا کرنے اور فلم سازی کی دنیا میں قدم رکھنے تک، ان کا سفر کئی دلچسپ موڑ رکھتا ہے۔
علی فضل ۱۵؍اکتوبر۱۹۸۶ءکواتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔ان کی پرورش ایک ایسے ماحول میں ہوئی جہاں تعلیم اور زندگی کے تجربات نےان کی شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ علی نے ممبئی کے سینٹ زیویئرز کالج سے معاشیات کی تعلیم حاصل کی۔اگرچہ ان کا تعلق فلمی خاندان سے نہیں تھا، لیکن اداکاری میں دلچسپی نے انہیں رفتہ رفتہ اس شعبے کی طرف راغب کیا۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان کی سالگرہ پر مداحوں کو خاص تحفہ ملے گا، فلم ’’کنگ‘‘ کا ٹیزرریلیز ہوگا
علی فضل کی ابتدائی فلموں میں سب سے نمایاں نام راج کمار ہیرانی کی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا ہے، جو ۲۰۰۹ءمیںریلیز ہوئی تھی۔ عامرخان، آر مادھون اور شرمن جوشی کی اداکاری سے سجی اس فلم میں علی نےجوائے لوبو کا مختصر کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں ان کا کردار ایک ایسے نوجوان کا تھا جس کے خواب اور خواہشات تعلیمی دباؤ اور خاندانی توقعات کے درمیان الجھ جاتے ہیں۔علی فضل کے کریئرمیں ۲۰۱۳ء کی فلم ’فُکرے‘ کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ اس مزاحیہ فلم میں ان کے ساتھ پلکِت سمراٹ، ورون شرما، منجوت سنگھ اور رچا چڈھا نےاہم کردار ادا کیے تھے۔۲۰۱۴ءمیںوہ فلم ’بوبی جاسوس‘ میں ودیا بالن کے ساتھ نظر آئے۔ اس فلم میں ودیا بالن نے ایک خاتون جاسوس کا مرکزی کردار ادا کیا تھا، جب کہ علی فضل نے تصور کا کردار نبھایا۔
علی فضل کے کریئرکا ایک اہم پہلو بین الاقوامی فلموں میں ان کی شرکت ہے۔ انہوں نے۲۰۰۷ءکی انگریزی فلم ’دی ادر اینڈ آف دی لائن‘ سے بین الاقوامی سنیما میں قدم رکھا تھا۔ اس فلم کے بعد انہیں ۲۰۱۵ءمیں مشہور ایکشن فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس۷؍‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ علی فضل کے بین الاقوامی کریئرکی سب سے قابل ذکر فلموں میں ۲۰۱۷ءکی ’وکٹوریہ اینڈ عبدل‘ شامل ہے۔ ہدایت کار اسٹیفن فریئرزکی اس تاریخی فلم میں انہوں نےعبدل کریم کا کردار ادا کیا، جو برطانیہ کی ملکہ وکٹوریہ کے آخری دور میں ان کے قریب آنے والے ہندوستانی خادم کے طور پر مشہور ہوئے۔۲۰۲۲ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈیتھ آن دی نائل‘ میںانہوں نے اینڈریو کیچادوریان کا کردار ادا کیا۔ یہ فلم مشہور مصنفہ اگاتھا کرسٹی کے ناول پر مبنی تھی۔
اگر علی فضل کےکریئر میں کسی ایک کردار نے انہیں بڑے پیمانےپر مقبول بنایا تو وہ ویب سیریز ’مرزا پور‘ کا گڈو پنڈت ہے۔ ۲۰۱۸ءمیں شروع ہونے والی اس سیریز نے جرائم، سیاست، خاندانی دشمنی اور طاقت کی کشمکش کو موضوع بنایا۔
۲۰۲۶ءمیںان کی فلمی فہرست میں ’بٹوارہ۱۹۴۷ء‘، ’مرزا پور: دی مووی‘ اور ’لسٹ اسٹوریز۳؍‘ جیسے منصوبے شامل ہوئے۔ ’مرزا پور: دی مووی‘ میںگڈو پنڈت کے کردار سے ان کی وابستگی نے اس مقبول کہانی کو ویب سیریز سے آگے فلمی پردے تک پہنچایا۔