Inquilab Logo Happiest Places to Work

امجد خان منفرد اداکاری کے بے تاج بادشاہ تھے

Updated: November 15, 2020, 11:40 AM IST | Agency

سپر ہٹ فلم’شعلے‘کے کردار’ گبر سنگھ‘ نے امجد خان کو فلم انڈسٹری میں مضبوط شناخت دلائی تھی ۔ اس فلم میںگبر سنگھ کے کردار کیلئے پہلے ڈینی کا نام تجویز کیا گیاتھا۔ان سے بات بھی کی گئی لیکن اس وقت فلم ’دھرماتما‘ میں کام کرنے کی وجہ سے انہوں نے شعلے میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔

Amjad Khan
امجد خان

 سپر ہٹ فلم’شعلے‘کے کردار’ گبر سنگھ‘ نے امجد خان کو فلم انڈسٹری میں مضبوط شناخت دلائی تھی ۔ اس فلم میںگبر سنگھ کے کردار کیلئے پہلے ڈینی کا نام تجویز کیا گیاتھا۔ان سے بات بھی کی گئی لیکن اس وقت فلم ’دھرماتما‘ میں کام کرنے کی وجہ سے انہوں نے شعلے میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔
 شعلے کے اسکرپٹ رائٹرسلیم خان کی سفارش پر رمیش سپی نے امجد خان کو گبر سنگھ کا کردار ادا کرنے کا موقع دیا۔جب سلیم خان نے امجد خان سے فلم شعلے میں گبر سنگھ کا کردار ادا کرنے کیلئے کہا تو پہلے تو وہ گھبرا  گئے لیکن بعد میں انہوں نے اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا اور چمبل کے ڈاکوؤں پر بنی کتاب’ ابھیشپت چمبل ‘ کا مطالعہ کرنا شروع کیا۔بعد میں جب فلم ’شعلے‘ ریلیز ہوئی تو ان  کا اداکیاگیا کردار’ گبر سنگھ ‘شائقین میں اس قدر مقبول ہوا کہ لوگ گاہے بگاہے ان کی آواز اور چال ڈھال کی نقل کرنے لگے۔
 ۱۲؍ نومبر۱۹۴۰ء کو پیدا ہوئے امجد خان کو اداکاری وراثت میں ملی تھی۔ان کے والد جینت فلم انڈسٹری میں ویلن رہ چکے تھے۔انہوں نے بطور اداکار اپنے کریئرکاآغاز ۱۹۵۷ء میں آنےوالی فلم ’اب دلی دور نہیں ‘سے کیا تھا۔ اس فلم میں انہوں نے چائلڈا سٹار کاکردار ادا کیا تھا۔  بعد ازاں ۱۹۶۵ءمیں اپنی ہوم پروڈکشن میں بننے والی فلم ’پتھر کے صنم‘ کے ذریعے امجد خان بطور اداکار اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے تھے لیکن کسی وجہ سے فلم بن نہیں سکی۔ ۷۰ء کی دہائی میں انہوں نے ممبئی سے اپنی کالج کی پڑھائی مکمل کرنے کے بعد بطور اداکار کام کرنے کیلئے فلم انڈسٹری کا رخ کیا اور۱۹۷۳ء میں بطور اداکار انہوں نے فلم ’ہندوستان کی قسم‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا لیکن اس فلم سے سامعین کے درمیان وہ اپنی شناخت نہیں بنا سکے۔
 اسی دوران امجد کو تھیٹر میں اداکاری کرتے دیکھ کرا سکرپٹ رائٹرسلیم خان نے امجد سے شعلے میں گبر سنگھ کے کردار کو ادا کرنے کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔فلم ’شعلے‘کی کامیابی سے امجد خان کے فلمی کریئر میں زبردست تبدیلی آئی اور وہ ’کھلنائکی‘کی دنیا کے بے تاج بادشاہ بن گئے۔ اس کے بعد پھرانہوں  نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کو مسحورکر نے لگے۔۱۹۷۷ء میں ریلیز ہونےوالی فلم ’شطرنج کے کھلاڑی‘میں انہیں عظیم ڈائریکٹر ستیہ جیت رے کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم کے ذریعے بھی انہوں نے ناظرین کا دل جیت لیا۔
 اپنی اداکاری میں یکسانیت سے بچنے کیلئے امجد خان نے خود کو کریکٹرایکٹر کے طور پیش کیا اور۱۹۸۰ء میں ریلیز فیروز خان کی سپر ہٹ فلم’قربانی‘ میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے شائقین کی بھرپور ستائش حاصل کی۔۱۹۸۱ء میں ان کی اداکاری کی نئی شکل ناظرین کے سامنے آئی۔ پرکاش مہرا کی سپر ہٹ فلم ’لاوارث‘ میں وہ امیتابھ کے والد کا کردار ادا کرنے سے بھی نہیں هچكچائے۔ قبل ازیں انہوں نے فلم ’لاوارث‘ سےپہلے امیتابھ کے ساتھ کئی فلموں میں ویلن کا کردار نبھایا تھا۔
 ۱۹۸۱ء ہی میں جلوہ گر فلم ’يارانہ‘ میں انہوں نےسپرا سٹار امیتابھ بچن کے دوست کا کردار نبھایا اور ان پر فلمایا یہ نغمہ ’بشن چاچا کچھ گاؤ‘ بچوں کے درمیان بہت مقبول ہوا۔ اسی فلم میں اپنی بااثر اداکاری کیلئے انہیں اپنے فلمی کریئر میں دوسری مرتبہ بہترین شریک فنکار کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ قبل ازیں ۱۹۷۹ء میں بھی انہیں فلم ’دادا‘کیلئے بہترین معاون اداکار کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔علاوہ ازیں۱۹۸۵ء میں فلم ’ماں قسم‘ کیلئے امجد خان کو بہترین مزاحیہ اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ اس سے پہلے ۱۹۸۳ء میں امجد خان نے فلم ’چور پولیس‘ کے ذریعے ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھا لیکن یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی۔ اس کے بعد۱۹۸۵ء میں انہوں نے فلم ’امیر آدمی غریب آدمی‘کی ہدایت کاری کی لیکن یہاں بھی انہیں کامیابی نہیں ملی۔
 ۱۹۸۶ء میں ایک حادثے کے دوران امجد خان موت کے منہ سے باہر نکلے تھے۔ علاج کے دوران دوائیوں کے مسلسل استعمال کرنے سے ان کی صحت میں مسلسل گراوٹ آتی رہی اور ان کا جسم بھاری ہوتا گیا۔۹۰ء کی دہائی میں صحت خراب رہنے کی وجہ امجد خان نے فلموں میں کام کرنا کم کر دیاتھا۔ اپنی فلمی زندگی کے آخری دور میں وہ اپنے دوست امیتابھ کو لے کر فلم’لمبائی چوڑائی‘ نام سے فلم بنانا چاہتے تھے لیکن ان کا یہ خواب ادھورا ہی رہ گیا۔اپنی اداکاری سے تقریباًتین دہائیوں تک ناظرین کا بھرپور تفریح فراہم کرنے والے عظیم اداکار امجد خان۲۷؍ جولائی۱۹۹۲ء کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔
 انہیں تین فلموں کیلئے فلم فیئر کا ایوارڈ ملا لیکن اسی فلم میں انہیں کچھ نہیں ملا، جس سے ان کی پہچان بنی البتہ انہیں اس فلم (شعلے) کیلئے بطور معاون اداکار نامزد ضرور کیا گیا تھا

amjad khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK