Updated: May 30, 2026, 10:04 PM IST
| Mumbai
فلم ’’’’ستارے زمین پر‘‘‘‘ کی کامیابی کے بعد عامر خان کے آئندہ منصوبوں کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عامر خان اب معروف ہدایت کار آشوتوش گواریکر کے ساتھ ایک تاریخی اسپورٹس ڈرامہ فلم میں کام کرنے جا رہے ہیں، جس میں وہ آزاد ہندوستان کے پہلے ٹیسٹ کپتان لالہ امرناتھ کا کردار ادا کریں گے۔ یہ فلم دسمبر ۲۰۲۷ء میں ریلیز ہوسکتی ہے۔
عامر خان۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی آئندہ فلموں کے حوالے سے مسلسل قیاس آرائیاں جاری ہیں، اور اب تازہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا اگلا بڑا پروجیکٹ معروف فلمساز ٓاشوتوش گواریکر کے ساتھ ہوگا۔ حال ہی میں ’’ستارے زمین پر‘‘ کی کامیابی کے بعد عامر خان نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی دادا صاحب پھالکے کی بایوپک میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جنوبی ہند کے معروف ہدایت کار لوکیش کناگراج کے ساتھ ایک سپر ہیرو فلم کا عندیہ بھی دیا تھا۔ تاہم بعد میں حالات تبدیل ہوتے دکھائی دیے۔ لوکیش کناگراج نے سپر ہیرو فلم کے بجائے اللو ارجن کے ساتھ ایک نئے پروجیکٹ کا اعلان کر دیا، جس کے بعد عامر خان کی مجوزہ سپر ہیرو فلم کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے۔
یہ بھی پڑھئے : ورون دھون نے شخصی تحفظ کیلئے دہلی ہائی کورٹ کا رُخ کیا
اسی دوران عامر خان نے اپنی بلاک بسٹر فلم ’’۳؍ایڈیٹس‘‘ کے سیکوئل کے امکان کا بھی اشارہ دیا، جبکہ دوسری جانب ان کے اور آشوتوش گواریکر کے دوبارہ اشتراک کی خبریں سامنے آئیں۔ اب مڈ ڈے کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عامر خان اور آشوتوش گواریکر ایک تاریخی کرکٹ ڈرامہ پر کام کر رہے ہیں، جس میں عامر خان ہندوستان کے پہلے ٹیسٹ کپتان لالہ امرناتھ کا کردار ادا کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق فلم کا پس منظر دسمبر ۱۹۵۲ء میں ہونے والی تاریخی ٹیسٹ سیریز ہوگی، جب پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ آزاد ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ فلم صرف کرکٹ تک محدود نہیں ہوگی بلکہ تقسیم ہند کے بعد کے ابتدائی برسوں کے جذباتی، سماجی اور سیاسی ماحول کو بھی پیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق، ’’آشوتوش گواریکر کافی عرصے سے اس دور پر تحقیق کر رہے ہیں۔ مقصد صرف کرکٹ کی تاریخی رقابت کو دکھانا نہیں بلکہ تقسیم کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے جذباتی اور سیاسی حالات کو بھی حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کرنا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے : سلمان خان کے ہرن شکار تنازع پر بننے والی فلم ’’کالا ہرن‘‘ کا پوسٹر جاری
اطلاعات کے مطابق فلم کے پری پروڈکشن کا کام جاری ہے، جس میں کاسٹنگ، لوکیشن ریکی اور تاریخی تحقیق شامل ہے۔ فلم ساز ہندوستان کے مختلف شہروں کے علاوہ چند بین الاقوامی مقامات پر بھی شوٹنگ کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ ۱۹۵۰ء کی دہائی کے ماحول کو زیادہ مستند انداز میں پیش کیا جا سکے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فلم اکتوبر ۲۰۲۶ء میں فلور پر جا سکتی ہے جبکہ اس کی ریلیز دسمبر ۲۰۲۷ء کے لیے تجویز کی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے عامر خان کی ’’دنگل‘‘ ۲۰۱۶ء میں یعنی ۱۱؍ سال پہلے کرسمس پر ریلیز ہوئی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض اطلاعات کے مطابق فرحان اختر بھی اس نئے منصوبے سے وابستہ ہو سکتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ انہیں ایک پاکستانی کرکٹر کے کردار کے لیے زیر غور لایا گیا ہے، جو تقسیم سے قبل لالہ امرناتھ کے قریبی دوست تھے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھئے : کرن جوہر نے انسٹاگرام پر شاہ رخ خان کو اَن فالو کردیا
اگر یہ منصوبہ حتمی شکل اختیار کرتا ہے تو یہ عامر خان اور آشوتوش گواریکر کا تیسرا اشتراک ہوگا۔ اس سے قبل دونوں نے ۱۹۹۵ء کی فلم ’’بازی‘‘ اور ۲۰۰۱ء کی آسکر نامزد تاریخی فلم ’’لگان‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا جو نہ صرف باکس آفس پر کامیاب رہی بلکہ اسے بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ دوسری جانب، بالی ووڈ حلقوں میں یہ بھی زیر بحث ہے کہ اس تاریخی منصوبے کے بعد عامر خان ایک بار پھر ’’۳؍ ایڈیٹس‘‘ کی دنیا میں واپس آ سکتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ’’۴؍ ایڈیٹس‘‘ کے عنوان سے ایک سیکوئل پر ابتدائی سطح پر غور کیا جا رہا ہے، اگرچہ اس بارے میں ابھی تک کسی قسم کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔