Inquilab Logo

میں نے ایکشن ہیرو کا کردار بہت ادا کرلیا،اب رومانوی کردار نبھانا چاہتا ہوں

Updated: August 27, 2023, 1:58 PM IST | Abdul Kareem Kasam Ali | Mumbai

اداکار انگد بیدی کاکہنا ہےکہ وہ ایک کورین شو کررہے ہیں جس کی کہانی رومانوی ہے، اس کے علاوہ وہ امول پالیکر کے نبھائے ہوئے کرداروں کو بھی ادا کر نے کی خواہش رکھتے ہیں۔

Angad Bedi. Photo. INN
انگد بیدی۔ تصویر:آئی این این

انگد بیدی بالی ووڈ کے ایک مشہور نام ہیں ۔ انہوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’گھومر‘ میں اہم کردار ادا کرکے اپنی کامیاب فلموں کی فہرست میں ایک اور نام شامل کرلیاہے۔ پنک، سورما، فالتو، ٹائیگرزندہ ہے، دی زویا فیکٹر اورگنجن سکسینہ جیسی مشہور فلموں میں اہم کردار نبھا چکے انگد نے گھومر میں کافی جذباتی کردار نبھایا ہے۔ انہوں نے فلم میں جیت کا کردار نبھایا ہے جو اپنی محبت کو کامیاب ہوتے ہوئے دیکھنا پسند کرتا ہے۔ اسی سال انگد بیدی کی فلم ٹائیگر۳؍ بھی ریلیز کی جاسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انگد ویب شوز میں بھی اپنا لوہا منوا رہے ہیں ۔اس کے علاوہ جلد ہی وہ ایک کورین شو میں بھی نظر آئیں گے۔ نمائندہ انقلاب نے ان سے تفصیلی بات چیت کی جس کے اہم اقتباسات یہاں پیش کئے جارہے ہیں :
گھومر دیکھنے کے بعد عوام اور آپ کا کیا رد عمل ہے؟
 ج:فلمی شائقین میری فلم گھومر دیکھ کر خوشی کے آنسو کے ساتھ تھیٹر سے باہر آرہے ہیں ۔ وہ بہت جذباتی ہورہے ہیں اور ایسے ہی جذبات ہمیں میلبورن فلم فیسٹیول کے دوران بھی عوام کے چہروں پر نظر آئے تھے۔ یہ تو ہوا عوام کا ردعمل، میرے تاثر تو کچھ اور ہی ہیں ۔ میں نے اب تک جتنی فلموں میں کام کیاہے، ان کے مقابلے میں اس فلم میں میرے کام کی تعریف زیادہ ہورہی ہے۔ اس سے پہلے ایسی کامیابی کا احساس کبھی نہیں ہوا تھا جس طرح کا ابھی ہورہا ہے۔ لوگ خوش ہیں اور انہیں دیکھ کر مجھے بھی خوشی ہورہی ہے۔ یہ فلم خواتین کرکٹرس کو حوصلہ بخشتی ہے اور انہیں ان کی راہ میں آنے والی ہر رُکاوٹ کو دور کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ 
آر بالکی کی فلم میں کام کرنےکا تجربہ کیسا رہا ؟
 ج:آر بالکی کے ساتھ کام کرنے کا مطلب ہے کہ اپنے ہوم پروڈکشن میں کام کرنا۔ ان کے ساتھ کام کرنے میں اچھا محسوس ہوتاہے ۔ آر بالکی کے ساتھ انڈسٹری کے ۲؍ معروف اداکار امیتابھ اور ابھیشیک بچن بھی کام کرچکے ہیں ۔ میں نے اس سےپہلے بھی ان کی فلم کی تھی۔ اب کی بار جونیئر بچن میرے ساتھ تھے، اس سے قبل امیتابھ بچن کے ساتھ میں نظر آچکا ہوں ۔ جب پرانے لوگ ایک ساتھ کام کرتے ہیں تو پھر ایسا لگتا ہے کہ فلم ختم نہیں ہوئی ہے۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران سبھی ایک دوسرے سے قریب آجاتے ہیں اور ان میں وابستگی بڑھ جاتی ہے۔ وہ میرے لئے دل میں نرم گوشہ رکھتے ہیں ۔ ان کی فلموں کی کہانی آسان ہوتی ہے اور وہ سیدھے دلوں پر اثر کرتی ہے۔ ابھیشیک کے ساتھ بھی کام کرنے میں مزہ آتا ہے۔ 
اس فلم میں امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن دونوں تھے تو آپ کے جذبات کس طرح کے تھے ؟ 
  ج:میں امیتابھ بچن کے ساتھ پہلے بھی کام کرچکاہوں۔ اس فلم میں امیتابھ بچن اور ابھیشیک دونو ں تھے۔ ابھیشیک اور میری اچھی دوستی ہے۔ ان کے ساتھ کام کرنے میں اپنا پن محسوس ہوتاہے۔ اس فلم میں امیتابھ بچن کے شامل ہونے کی وجہ سےہمیں اور دعائیں ملنے لگیں۔ دونوں بائیں ہاتھ کے اسپنر ہیں اوریہ فلم بھی ایک بائیں ہاتھ کی اسپنر کی کہانی پر مبنی ہے اسلئے ان دونوں نے سیامی کھیرکو فلم میں اچھی ٹریننگ دی تھی۔ 
آر بالکی سیٹ پر کس طرح کا رویہ رکھتے ہیں ؟
 ج:آر بالکی سبھی کو اپنے طورپر کام کرنے کی آزادی دیتے ہیں اور ہر اداکار سے ان کی صلاحیت کے مطابق ہی کام کرواتے ہیں ۔ ایک بار میں نے انہیں اپنے ایکشن کے بارے میں بتایا تو انہوں نےاس پر اعتراض نہیں کیا بلکہ شاٹ کیلئے اوکے کہہ کر آگے بڑھ گئے۔ وہ سیٹ پر خوش رہنے اور ایک دوسرے سے مل کر رہنے کیلئے کہتے ہیں ، لیکن ان کے اندر ایک ’پراسرار‘ شخص بھی رہتا ہے کیونکہ اگلے پل وہ کیا کرنے والے کوئی نہیں جانتا ۔اس فلم میں میں نے کرکٹر کا کردار ادا نہیں کیا ہے بلکہ ایسے شخص کا کردار ادا کیاہے جو اپنی بیوی کے کھیل کو پسند کرتا ہے اور اسے اس میں کامیاب بنانے کیلئے حتی الامکان کوشش کرتا ہے۔ آر بالکی نے مجھ سے جسمانی کام نہیں بلکہ جذباتی کردار ادا کروایا ہے۔ 
آر بالکی نے جیت کے رول کیلئے آپ ہی کا انتخاب کیوں کیا؟
 ج:اس فلم میں میں نے اپنے رول کے بارے میں ہدایتکار آر بالکی سے بات چیت کی تھی تب انہوں نے ہی مجھے بتایا تھا کہ جیت کیلئے میرا انتخاب کیوں کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ میرے چہرے پر خود غرضی نظر نہیں آتی ، میں دوسروں کی مدد کیلئے تیار رہتاہوں ۔ جیت کیلئے انہیں ایسے ہی شخص کی ضرورت تھی۔ میں نے ان سے پوچھا تھا کہ آپ نے میرا اسکرین ٹیسٹ اور آڈیشن بھی نہیں لیا تھا، تو انہو ں نے جواب دیا تھا کہ میں نے ڈیئر زندگی اور پنک میں جو کردار ادا کئے تھے وہی میرا اسکرین ٹیسٹ اور آڈیشن تھا۔ آپ نے بھی دیکھا ہوگا کہ اس فلم میں جیت کو کرکٹ پسند نہیں ہے اور نہ ہی وہ کھیلتا ہے لیکن اس کی قریبی اور عزیزہ سیامی کھیر کو یہ کھیل پسند ہے، اسلئے وہ اس کی کامیابی کیلئے بہت محنت کرتاہے۔ ایک خاتون کرکٹر کو پورا سپورٹ کرتاہے۔ 
آپ مستقبل میں کس طرح کے رول ادا کرناچاہتے ہیں ؟
 ج:میں نے ایکشن ہیرو کے کردار بہت ادا کئے ہیں ۔ مستقبل میں رومانوی طرز کے کردار ادا کرنے میں دلچسپی ہے۔ جب بھی میں رومانوی طرز کے رول نبھاتا ہوں تو میں اپنے اندر بہت زیادہ توانائی محسوس کرتا ہوں ۔ گزشتہ چند فلموں میں ایکشن رول بھی نبھا چکا ہوں کیونکہ میں امیتابھ بچن کا مداح ہوں ۔اب امول پالیکر کے ذریعہ نبھائے گئے رول ادا کرنا چاہتا ہوں ۔ وہ بہت ہی سہل انداز میں اپنے رول کو نبھایا کرتے تھے۔
 سننے میں آیا ہے کہ آپ کسی کورین شو میں بھی کام کررہے ہیں ؟
 ج:یہ بات بالکل صحیح ہے کہ میں ایک کورین شو میں کام کررہا ہوں لیکن اس کے بارے میں آپ کو زیادہ اطلاعات فراہم نہیں کرسکتا کیونکہ پروڈکشن ہاؤس ہی اس کے بارے میں پہلا بیان دے گا۔ ہاں اتنا ضرور بتا سکتاہوں کہ یہ شو ایک رومانو ی کہانی پر مبنی ہے ۔ 
کیا آپ کو حال ہی میں کسی ویب سیریز نے متاثر کیا ہے ؟
 ج:میں نے برطانوی ڈرامہ پکی بلائنڈرس دیکھا ہے جس میں بہت سے شیڈس ہیں ۔ اس کی کہانی میں محبت ، دھوکہ، جذبات، ایکشن اور تھرلرس وغیرہ وغیرہ سب کچھ ہے۔ اس شو کی کہانی نے مجھے بہت زیادہ متاثر کیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK