• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اپارشکتی کھرانہ میں اداکاری کی بہت صلاحیت ہے

Updated: November 18, 2026, 1:10 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

بالی ووڈ میں اکثر کہا جاتا ہے کہ اسٹار کڈز کو سب کچھ پلیٹ میں مل جاتا ہے، لیکن اپارشکتی کھرانہ کی کہانی اس سے بالکل الگ ہے۔ وہ ایک بڑے اسٹار کے چھوٹے بھائی ہیں، مگر انہوں نے اپنی پہچان اپنےدم پر بنائی ہے۔

Aparshakti Khurana has also done excellent work in several films. Photo: INN
اپارشکتی کھرانہ نے بھی کئی فلموں میں عمدہ کام کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں اکثر کہا جاتا ہے کہ اسٹار کڈز کو سب کچھ پلیٹ میں مل جاتا ہے، لیکن اپارشکتی کھرانہ کی کہانی اس سے بالکل الگ ہے۔ وہ ایک بڑے اسٹار کے چھوٹے بھائی ہیں، مگر انہوں نے اپنی پہچان اپنےدم پر بنائی ہے۔ آج وہ صرف آیوشمان کھرانہ کے بھائی نہیں، بلکہ ایک کامیاب، ورسٹائل  اداکار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اپارشکتی کھرانہ ۱۸؍نومبر ۱۹۸۷ءکو چندی گڑھ میں پیدا ہوئے۔

ان کے والد پی کھرانہ ایک مشہور جوتش اور مصنف تھے، جبکہ والدہ پونم کھرانہ گھریلو خاتون ہیں۔بڑے بھائی آیوشمان کھرانہ بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور گلوکار ہیں۔بچپن سے ہی گھر میں فن، موسیقی اور ادب کا ماحول تھا۔ اپارشکتی کو بچپن سے ہی کرکٹ کا بہت شوق تھا اور وہ ایک وقت میں پروفیشنل کرکٹر بننا چاہتے تھے۔ انہوں نے چنڈی گڑھ کی انڈر ۱۹؍ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔انہوں نے چنڈی گڑھ سے ہی تعلیم حاصل کی اور بعد میں قانون کی تعلیم بھی حاصل کی۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کا رجحان ریڈیو اور میزبانی کی طرف بڑھتا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: فلم’’گن ماسٹر جی ۹‘‘ میں اپارشکتی کھرانہ خونخوار ویلن بنے

اداکاری میں آنے سے پہلے اپارشکتی نے اپنے کریئر کا آغاز ریڈیو جاکی کے طور پر کیا۔ وہ دہلی میں بگ ایف ایم پر آر جے تھے۔ ان کی آواز،ان کا مزاحیہ انداز اور بات کرنے کا دلچسپ لہجہ لوگوں کو بہت پسند آتا تھا۔ریڈیو کے بعد انہوں نے ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا۔ وہ باکس کرکٹ لیگ، آئی پی ایل کے پروگراموں اور کئی ریئلٹی شوز کی میزبانی کرچکے ہیں۔ اینکرنگ نے انہیں کیمرے کے سامنے اعتماد دیا اور لوگوں سے جڑنے کا فن سکھایا۔اپارشکتی کھرانہ کی فلمی زندگی کا سب سے بڑا موڑ۲۰۱۶ءمیں آیا، جب انہیں عامر خان کی سپر ہٹ فلم ’دنگل‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔اس فلم میں انہوں نے عامر خان کے بھتیجے اومکارکا کردار ادا کیا۔ یہ کردار چھوٹا تھا، مگر اتنا جاندار تھا کہ لوگوں نے انہیں فوراً نوٹ کیا۔ ’دنگل‘ نے دنیا بھر میں ریکارڈ توڑ کمائی کی اور اپارشکتی کو راتوں رات پہچان مل گئی۔ اس کردار پر انہیں اسٹار اسکرین ایوارڈ برائے سب سے بہترین نیا اداکار بھی ملا۔

اگر ’دنگل‘ نےانہیں پہچان دی، تو ’استری‘(۲۰۱۸ء)نے انہیں کامیڈی کا اسٹار بنا دیا۔اس فلم میں انہوں نے بکی کا کردار ادا کیا، جو راجکمار راؤ کے دوستوں میںسے ایک تھا۔ بکی کا معصوم، ڈرپوک اور مزاحیہ انداز لوگوں کو اتنا پسند آیا کہ ’استری‘ کے ہر دوسرے ڈائیلاگ پر لوگ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو گئے۔اس کے بعد انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا جن میںلکا چھپی (۲۰۱۹ء)،پتی پتنی اور وہ  (۲۰۱۹ء) ’دھاکڑ‘، ’برلن(۲۰۲۴ء)،’اسٹری۲‘(۲۰۲۴ء) جیسی فلمیں شامل ہیں۔اپارشکتی صرف اداکار نہیں، ایک اچھے گلوکار بھی ہیں۔ انہوں نے کئی گانےگائےہیں اور اپنے بھائی آیوشمان کے ساتھ اسٹیج پر بھی پرفارم کیا ہے۔ ان کی آواز میں ایک خاص مٹھاس اور تازگی ہے۔وہ سوشل میڈیا پر بھی بہت فعال ہیں۔ ان کی مزاحیہ ویڈیوز، اپنے بھائی کے ساتھ مستی اور اپنی بیٹی کے ساتھ ویڈیوز لوگوں کو بہت پسند آتے ہیں۔اپارشکتی کھرانہ کی شادی آکرتی کھرانہ سے۲۰۱۴ءمیں ہوئی تھی۔ آکرتی ان کی بچپن کی دوست ہیں۔ دونوں کی ایک بیٹی ہے، ارجوین، جس سے اپارشکتی کو بے حد محبت ہے۔ وہ اکثر اپنی بیٹی کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔اپارشکتی اپنے بڑے بھائی آیوشمان کے بہت قریب ہیں۔ دونوں بھائی ایک دوسرے کے سب سے بڑے حامی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK