Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ رُخ خان کو نیشنل ایوارڈ ملنے پر بالی ووڈ میں خوشی کی لہر

Updated: August 03, 2025, 12:06 PM IST | Mumbai

تقریباً۳۳؍ سال سے بالی ووڈ شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے شاہ رخ خان کے نام کا اعلان جیسے ہی ہوا کہ انہیں نیشنل ایوارڈ مل گیا ہے تو ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

Shah Rukh Khan has played a double role in the film `Jawan`. Photo: INN.
شاہ رخ خان نے فلم ’جوان‘ میں دُہرا کردار نبھایا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

شاہ رخ خان ہندی سنیما کے بڑے ناموں میں سے ایک ہیں۔ وہ پوری دنیا میں مقبول ہیں۔ بالی ووڈ کے کنگ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان کو انڈسٹری میں آئے کئی برس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اپنی فلموں کیلئے کئی ایوارڈز اپنے نام کئے لیکن اب انھیں فلم انڈسٹری کے بڑے اعزاز میں سے ایک نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ انہیں بہترین اداکار کا یہ ایوارڈ فلم’جوان‘ کیلئے ملا ہے، جو ان کے کریئر کی سب سے بڑی اور کمائی کرنے والی فلم ہے۔ تقریباً۳۳؍ سال سے بالی ووڈ شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے شاہ رخ خان کے نام کا اعلان جیسے ہی ہوا کہ انہیں نیشنل ایوارڈ مل گیا ہے تو ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اب مداحوں کے علاوہ کئی بڑی شخصیات نے اپنے اپنے انداز میں شاہ رخ خان کو مبارکباد دی ہے۔ اسی کے ساتھ کچھ لوگ تاخیر سے ایوارڈ دینے پر حکومت کی تنقید بھی کررہے ہیں۔ 
شلپا راؤ نے شاہ رخ کا شکریہ ادا کیا
شلپا راؤ اس وقت بالی ووڈ کی مقبول گلوکاروں میں سے ایک ہیں۔ انہیں فلم جوان کے گانے’چلیا‘ کیلئے بہترین خاتون پلے بیک سنگر کا خطاب ملا ہے۔ یہ گانا شاہ رخ خان اور نین تارا پر فلمایا گیا تھا۔ شلپا نے کہا کہ’’سب سے پہلے تو میں شاہ رخ خان کی شکر گزار ہوں کیونکہ یہ سب ان کی فون کال سے شروع ہوا۔ جس میں انہوں نے مجھے ’جوان ‘کا حصہ بننے کیلئے کہا۔ میں فلم جوان کی پوری ٹیم کی شکر گزار ہوں۔ ‘‘
کاجول اوراے آر رحمان بھی خوش
اداکارہ کاجول بھی اس وقت بہت فخر محسوس کر رہی ہیں۔ وہ بہت خوش ہیں کیونکہ فلم انڈسٹری میں ان کے سب سے قریبی دوست شاہ رخ خان کو نیشنل ایوارڈ ملا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر فلم جوان کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آپ کی بڑی جیت پر مبارکباد۔ ‘‘ اس کے علاوہ۲؍ آسکر ایوارڈ جیتنے والے لیجنڈ موسیقار اے آر رحمان نے بھی کنگ خان کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے شاہ رخ کو لیجنڈ کہہ کر مبارکباد دی ہے۔ 
رِدھی ڈوگرا کا ردعمل 
اداکارہ ردھی ڈوگرا نے بھی شاہ رخ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ’’بہترین خبر۔ بہترین فلم۔ اپنے جوان بیٹے کی یہ نقلی ماں حقیقی خوشی سے بے حد خوش ہے۔ ‘‘ خیال رہے کہ ردھی نے جوان میں شاہ رخ کی ماں کا کردار ادا کیا ہے۔ 
اَلّو اَرجن نے مبارکباد دی
فلم پشپا سے شہرت کی بلندیاں چھونے والے اداکار اَلّو اَرجن نے بھی شاہ رخ خان کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ’’بڑے بھائی شاہ رخ کو فلم جوان کیلئے بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد۔ فلم انڈسٹری میں ۳۳؍ شاندار برسوں کے بعد یہ ایک قابل ستائش اعزاز ہے۔ آپ کے بے شمار کارناموں کی فہرست میں ایک اور کارنامہ شامل ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میرے ڈائریکٹر اور بڑے بھائی ایٹلی کو اس جادو کو سچ کرنے پر مبارکباد۔ ‘‘
فرح خان کااظہار مسرت
فلم ڈائریکٹر فرح خان نے بھی شاہ رخ کو ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انسٹا اسٹوری پر شاہ رخ کے ساتھ ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اپنی فلم اوم شانتی اوم کا مشہور ڈائیلاگ لکھا کہ’’اس بار شدت سے کوشش سچ ہو گئی۔ ‘‘
آشوتوش گواریکربھی خوش
جیوری کے چیئرمین اور مشہور فلم ساز آشوتوش گواریکر نے نیشنل میڈیا سینٹر میں شاہ رخ خان کے نام کا اعلان کیا۔ خیال رہے کہ آشوتوش نے فلم ’سودیس‘ کی ہدایت کاری کی تھی جس میں شاہ رخ خان تھے۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ تاریخی ہے۔ شاہ رخ ہندوستانی فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے اسٹار ہیں۔ انہیں یہ نیشنل ایوارڈ اتنے طویل کریئر کے بعد دیا گیا ہے۔ ’جوان‘ کیلئے یہ ایوارڈ ملنا بڑی بات ہے کیونکہ انھوں نے اس میں دُہرا کردار ادا کیا ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK