Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانز ۲۰۲۶ء: پال واکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ون ڈیزل آبدیدہ

Updated: May 14, 2026, 8:01 PM IST | Cannes

ہالی ووڈ فلم The Fast and the Furious کی کانز ۲۰۲۶ء میں خصوصی مڈنائٹ اسکریننگ کے دوران ون ڈیزل جذباتی ہو گئے اور اپنے مرحوم ساتھی پال واکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس تقریب میں جورڈانا بروسٹر، مشیل روڈریگز اور پال واکر کی بیٹی میڈو واکر بھی موجود تھیں۔

Vin Diesel. Photo: INN
ون ڈیزل۔ تسویر: آئی این این

معروف ہالی ووڈ فلم The Fast and the Furious کی خصوصی مڈنائٹ اسکریننگ نے Cannes Film Festival میں ایک جذباتی ماحول پیدا کر دیا، جہاں فرنچائز کے ستارے اپنے مرحوم ساتھی Paul Walker کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ ۲۰۰۱ء میں ریلیز ہونے والی The Fast and the Furious وہ فلم تھی جس نے دنیا کی مقبول ترین ایکشن فرنچائزز میں سے ایک کی بنیاد رکھی۔ کانز میں اس کی خصوصی نمائش میں ون ڈیزل، جورڈانا بروسٹر، مشیل روڈریگز اور پال واکر کی بیٹی میڈو واکرشریک ہوئے۔ جیسے ہی فلم کے اختتامی کریڈٹس چلے، وِن اسٹیج پر آئے اور اپنے قریبی دوست اور ساتھی اداکار پال واکر کے ساتھ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں دعا کرتا ہوں کہ آپ کی زندگی میں آپ کو پال جیسا بھائی ملے۔‘‘ یہ کہتے ہوئے ون ڈیزل کی آواز بھرّا گئی، جبکہ ان کے ساتھ موجود دیگر اداکار بھی آبدیدہ نظر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فلم کو دوبارہ دیکھنا ان کے لیے آسان نہیں کیونکہ اس میں ایسے کئی لمحات محفوظ ہیں جو انہیں ذاتی یادوں کی طرف واپس لے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جو منظر آپ اسکرین پر دیکھتے ہیں، میں اُس لمحے کو دیکھتا ہوں جب پابلو (پال واکر) نے مجھے بتایا تھا کہ اس کی ایک سال کی بیٹی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے : کانز: لوریل کے پوسٹرز سے ایشوریہ رائے غائب، مداحوں میں ناراضی

خیال رہے کہ پال کو خاندان اور دوست ’’پابلو‘‘ کے نام سے پکارتے تھے، اور ون ڈیزل اکثر انہیں اپنے بھائی کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ دونوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک Fast & Furious فرنچائز کی قیادت کی اور عالمی سطح پر کروڑوں مداحوں کے دل جیتے۔ تقریب کے سب سے جذباتی لمحے میں وِن نے میڈو کو اپنے قریب بلایا اور انکشاف کیا کہ انہوں نے اس روز ان سے کیا کہا تھا۔ ’’اس نے مجھے بتایا، ‘میں ۲۷؍ سال کی ہوں، اور میں وہ فلم دیکھ رہی ہوں جو میرے والد نے ۲۷؍ سال کی عمر میں بنائی تھی۔ میں نے سوچا، یہ کتنی گہری بات ہے۔‘‘


یاد رہے کہ ۲۰۱۳ء میں پال واکر ایک المناک کار حادثے میں انتقال ہو گیا تھا، اُس وقت وہ Furious 7 کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ ان کی اچانک موت نے نہ صرف فلمی دنیا بلکہ دنیا بھر کے مداحوں کو بھی صدمے میں مبتلا کر دیا تھا۔ بعد ازاں فلم کو ان کے بھائیوں اور بصری اثرات کی مدد سے مکمل کیا گیا، جبکہ ’’See You Again‘‘ گانا عالمی سطح پر جذباتی خراجِ عقیدت بن گیا۔ پال واکر کی وفات کے بعد بھی ون ڈیزل فرنچائز کے مرکزی چہرے کے طور پر موجود رہے اور مزید تین فلموں میں اداکاری کی۔ اب فرنچائز اپنی ۱۱؍ ویں اور آخری فلم کی تیاری کر رہی ہے، جسے تقریباً تین دہائیوں پر محیط اس کہانی کا اختتامی باب قرار دیا جا رہا ہے۔ کانز میں ہونے والی یہ خصوصی اسکریننگ صرف ایک فلمی تقریب نہیں بلکہ پال کی یاد اور ان کے دیرینہ دوستوں کے درمیان موجود رشتے کی ایک جذباتی یادگار بن گئی، جس نے مداحوں کو ایک بار پھر ’’فاسٹ فیملی‘‘ کے جذباتی تعلق کا احساس دلایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK