Updated: May 13, 2026, 5:02 PM IST
| Cannes
ایشوریہ رائے بچن کی غیر موجودگی نے Cannes Film Festival میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ L’Oréal Paris نے کانز کے لی مارٹینز ہوٹل میں اپنے عالمی سفیروں کے پوسٹرز آویزاں کیے، جن میں عالیہ بھٹ شامل تھیں، لیکن ایشوریہ کہیں دکھائی نہیں دیں۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے برانڈ اور کانز کی پہچان بننے والی اداکارہ کو اس بار کیوں نظر انداز کیا گیا۔
ایشوریہ رائے بچن گزشتہ دو دہائیوں سے Cannes Film Festival اور L’Oréal Paris کی سب سے نمایاں شخصیات میں شمار کی جاتی رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب اس سال کانز فیسٹیول کے آغاز سے قبل لی مارٹینز ہوٹل میں برانڈ کے نئے سفیروں کے پوسٹرز سامنے آئے تو مداحوں نے فوری طور پر ایک بڑی کمی محسوس کی: ایشوریہ رائے بچن کی غیر موجودگی۔ لوریل پیرس نے فیسٹیول کے آغاز سے قبل چھ بڑے بینرز آویزاں کیے جن میں اس کے عالمی ایمبیسیڈرز کو نمایاں کیا گیا۔ ان پوسٹرز میں عالیہ بھٹ سمیت کئی بین الاقوامی شخصیات شامل تھیں، تاہم ایشوریہ رائے بچن کی تصویر موجود نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھئے : فلم ’’پتی پتنی اور وہ دو‘‘کے ساتھ آیوشمان کھرانہ مزاحیہ سلسلے کو آگے بڑھائیں گے
برانڈ نے انسٹاگرام پر ان پوسٹرز کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’لوریل پیرس کے اس آفیشل چیک ان پر غور کریں، Le Martinez فیسٹیول کا کا آفیشیل ہوم ہے۔‘‘ یہ پوسٹ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کے تبصرے شروع ہوگئے۔ کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ کانز کی مستقل اور تاریخی موجودگی رکھنے والی ایشوریہ کو آخر اس بار کیوں شامل نہیں کیا گیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا: ’’کانز میں ہماری ایشوریہ رائے بچن کہاں ہیں؟‘‘
دوسرے مداح نے لکھا کہ ’’وہ ایشوریہ کے بجائے عالیہ بھٹ اور ایوا لونگوریا کو ترجیح دے رہے ہیں؟ یہ درست نہیں کیونکہ ایشوریہ لوریل کی سب سے بڑی عالمی سفیروں میں سے ایک ہیں۔‘‘ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’ایشوریہ رائے ہمیشہ عالیہ بھٹ سے بڑی اسٹار رہیں گی۔‘‘ جبکہ ایک مداح نے برانڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایشوریہ کو مزید نمایاں کرے کیونکہ ’’ان کی چمک بے مثال ہے۔‘‘ مداحوں کے مسلسل سوالات کے بعد L’Oréal Paris کے آفیشل اکاؤنٹ نے ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’سال بہ سال، کانز کے بعد کانز، وہ کبھی کانز سے علاحدہ نہیں ہوئیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے : کانز فلم فیسٹیول میں عالیہ بھٹ نے اپنے دلکش انداز میں سبھی کو متاثر کیا
تاہم، اس وضاحت کے باوجود مداح مطمئن دکھائی نہیں دیے۔ بعض صارفین نے پوچھا کہ اگر ایشوریہ واقعی مہم کا حصہ ہیں تو ان کا پوسٹر کہاں ہے۔ کچھ نے ان کے پرانے ۲۰۱۷ء کے پوسٹرز کو دوبارہ استعمال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ یاد رہے کہ ایشوریہ کی کانز سے وابستگی ۲۰۰۲ء میں اس وقت شروع ہوئی تھی، جب وہ شاہ رخ خان اور سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ ’’دیوداس‘‘ کے پریمیر کے لیے پہلی بار فیسٹیول میں شریک ہوئیں۔ اس کے ایک سال بعد وہ L’Oréal Paris کی سفیر بن کر ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں، اور اس کے بعد سے تقریباً ہر سال ان کی موجودگی کانز کا ایک مستقل حصہ بن گئی۔
یہ بھی پڑھئے ؛ بپاشا باسو بالی ووڈ کی پُر اعتماد اداکارہ
ایشوریہ نہ صرف ہندوستانی سنیما بلکہ عالمی فیشن اور بیوٹی انڈسٹری میں بھی ایک نمایاں نام سمجھی جاتی ہیں۔ ان کے کانز ریڈ کارپٹ لُکس اکثر عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کرتے رہے ہیں اور انہیں کئی مرتبہ ’’کانز کوئین‘‘ بھی کہا گیا ہے۔ Cannes Film Festival کا آغاز منگل کو ہوا اور یہ ۲۳؍ مئی تک جاری رہے گا۔ فلمی دنیا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس بار پروموشنل مہم میں ایشوریہ کی غیر موجودگی نے سوالات کھڑے کیے ہیں، لیکن ان کی ممکنہ ریڈ کارپٹ انٹری اب بھی مداحوں کے لیے سب سے بڑی توجہ بنی ہوئی ہے۔