Updated: August 26, 2026, 4:02 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون کے مداحوں کے لیے ایک اہم اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔ دپیکا کی ٹیم نے واضح کر دیا ہے کہ اداکارہ ’’برہماسترا ۲‘‘ کا حصہ نہیں ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم کے دوسرے حصے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
دپیکا پڈوکون۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون کے مداحوں کے لیے ایک اہم اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے۔ دپیکا کی ٹیم نے واضح کر دیا ہے کہ اداکارہ ’’برہماسترا ۲‘‘ کا حصہ نہیں ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم کے دوسرے حصے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ دپیکا پڈوکون کے ترجمان نے ان خبروں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’برہماسترا ۲‘‘میں دپیکا کی شمولیت یا فلم کے ساتھ کسی بھی طرح وابستگی سے متعلق حالیہ تمام رپورٹس درست نہیں ہیں۔ اس بیان کے بعد ان قیاس آرائیوں کو تقریباً ختم سمجھا جا رہا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دپیکا فلم میں ’’امرتا‘‘ کا کردار ادا کریں گی۔
یہ بھی پڑھئے:اُروَشی روتیلا نے مس یونیورس میں ترنگے والے گاؤن کا دفاع کیا
’’برہماسترا: پارٹ ون شیوا‘‘ کے اختتام پر دپیکا مختصر طور پر ’’ امرتا‘‘ کے کردار میں نظر آئی تھیں۔ اسی وجہ سے مداحوں کو امید تھی کہ دوسرے حصے میں ان کا کردار مزید اہم ہوگا۔ حالیہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہدایت کار ایان مکھرجی دپیکا کو ’’برہماسترا ۲‘‘ میں امرتا کے اہم کردار کے لیے کاسٹ کرنے کے خواہش مند ہیں۔ تاہم اب اداکارہ کی ٹیم نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس پروجیکٹ سے وابستہ نہیں ہیں۔
دوسری جانب رنبیر کپور ’ ’برہماسترا ۲‘‘ میں شیوا کے کردار میں واپس آنے کی توقع ہے، جبکہ عالیہ بھٹ بھی ایشا کے کردار کو دوبارہ ادا کریں گی۔ فلم کی کہانی ’’استرورز ‘‘ کی دنیا کو مزید آگے بڑھائے گی اور پہلے حصے میں سامنے آنے والے دیو اور امرتا سے جڑے اسرار پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق رنبیر پہلے ’’رامائن ‘‘کی شوٹنگ مکمل کریں گے اور اس کے بعد ’’برہماسترا ۲‘‘ پر کام شروع کرنے کی تیاری ہے۔ فلم کی شوٹنگ ۲۰۲۷ء میں شروع ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دپیکا کی ممکنہ کاسٹنگ کی خبروں نے ’’برہماسترا‘‘ کے مداحوں میں خاصا جوش پیدا کیا تھا۔ خاص طور پر اس لیے کہ پہلے حصے میں ان کی مختصر جھلک نے امرتا کے کردار کو لے کر کئی سوالات چھوڑے تھے۔تاہم تازہ وضاحت سے یہ بات سامنے آگئی ہے کہ فی الحال دپیکا ’’برہماسترا ۲‘‘ کا حصہ نہیں ہیں۔ فلم کے میکرز کی جانب سے دپیکا کی کاسٹنگ یا ان کے متبادل کے بارے میں کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان بمقابلہ سری لنکا ٹیسٹ: جاپانی مداح نے سب کی توجہ حاصل کر لی
۲۰۲۲ءمیں ریلیز ہونے والی ’’برہماسترا: پارٹ ون شیوا‘‘ میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، امیتابھ بچن اور ناگارجن اہم کرداروں میں تھے۔ فلم نے ہندوستانی سنیما میں ایک بڑے فینٹسی کائنات یعنی ’’استرورز‘‘ کی بنیاد رکھی تھی۔ اب دوسرے حصے سے توقع کی جا رہی ہے کہ اس کائنات کو مزید وسیع کیا جائے گا اور شیوا اور دیو کے درمیان مرکزی تنازع کو زیادہ گہرائی سے دکھایا جائے گا۔ فی الحال سب سے بڑی خبر یہی ہے کہ دپیکا پڈوکون ’’برہماسترا ۲‘‘ میں شامل نہیں ہیں جبکہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی واپسی متوقع ہے۔