• Thu, 15 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پابندی کی دھمکی کے باوجود عزیز الشاعر کا ایک اور فلسطینی بچی کو خراجِ عقیدت

Updated: October 15, 2026, 5:03 PM IST | New York

امریکی فٹ بال کے کھلاڑی عزیز الشاعر (Azeez Al-Shaair) نے فلسطین کے بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر غزہ میں جاں بحق ہونے والی ایک فلسطینی بچی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

Azeez Al-Shaair.Photo:X
عزیز الشاعر- تصویر:ایکس

امریکی فٹ بال کے کھلاڑی عزیز الشاعر (Azeez Al-Shaair) نے فلسطین کے بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر غزہ میں جاں بحق ہونے والی ایک فلسطینی بچی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ ہیوسٹن ٹیکسنز (Houston Texans) کے لائن بیکر عزیز الشاعر نے ۱۱؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو ٹینیسی ٹائٹنز (Tennessee Titans) کے خلاف میچ کے دوران اپنی آنکھوں کے نیچے استعمال ہونے والی سیاہ پٹی پر۱۰؍ سالہ امل ابو خاطر (Amal Abu Khater) کا نام لکھ کر انہیں یاد کیا۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب نیشنل فٹ بال لیگ (NFL) کی جانب سے پہلے بھی ان کے خلاف ضابطوں کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے اور انہیں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر انہوں نے دوبارہ اس طرح کا پیغام دکھایا تو انہیں میچ سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ 


امل ابو خاطر غزہ کی ۱۰؍ سالہ فلسطینی بچی تھیں، جو اگست  ۲۰۲۶ء میں جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اپنے خاندان کے بے گھر افراد کے خیمے میں کھانا کھاتے ہوئے مبینہ طور پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئیں۔ اطلاعات کے مطابق، گولی ان کی کمر میں لگی اور انہیں ناصر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی موت ہوگئی۔ عزیز الشاعر نے ان کا نام نمایاں کرکے غزہ میں بچوں کی ہلاکتوں کی جانب لوگوں کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی۔ ’

یہ بھی پڑھئے:’’مسلسل سیکھتے ہوئے اداکاری کو بہتر بنانا ہی میرا ہدف ہے‘‘

عزیز الشاعر اس سے قبل بھی غزہ میں جاں بحق ہونے والے فلسطینی بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کر چکے ہیں۔ ستمبر۲۰۲۶ء میں انہوں نے پانچ سالہ ہند رجب کا نام اپنی آنکھوں کے نیچے استعمال ہونے والی سیاہ پٹی پر لکھا تھا۔ ہند جنوری  ۲۰۲۴ء میں اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ ایک گاڑی میں موجود تھیں، جب فائرنگ کے واقعے میں ان کی جان چلی گئی۔ اس واقعے نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کی تھی۔  اس کے بعد الشاعر نے آٹھ سالہ وفا عقیلہ کا نام بھی نمایاں کیا، جو ستمبر ۲۰۲۶ء میں اپنے والد کے ساتھ ایک حملے میں جاں بحق ہوگئی تھیں۔  ۲۷؍ ستمبر کو انہوں نے فلسطینی بہنوں لانا احمد، ۱۲؍ سال، اور بانا احمد، ۸؍ سال، کے نام بھی اپنی آنکھوں کے نیچے سیاہ پٹی پر لکھے۔ اطلاعات کے مطابق، دونوں بہنیں اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ غزہ میں ایک فضائی حملے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔ عزیز الشاعر پر ہند رجب کا نام دکھانے کے معاملے میں این ایف ایل نے۱۱۹۴۱؍  امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ لیگ کے قواعد کے مطابق، کھلاڑی میچ کے دوران اپنے لباس یا کھیل کے سامان پر اجازت کے بغیر ذاتی یا سیاسی پیغامات ظاہر نہیں کر سکتے۔ وفا عقیلہ کا نام دکھانے کے بعد بھی انہیں مبینہ طور پر ہدایت دی گئی تھی کہ وہ یہ نام ہٹا دیں، ورنہ انہیں میچ جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سے قبل جنوری ۲۰۲۶ء میں الشاعر نے اپنی آنکھوں کے نیچے سیاہ پٹی پر ’’نسل کشی بند کرو‘‘ کا پیغام بھی لکھا تھا، جس پر انہیں۱۱۵۹۳؍ امریکی ڈالر جرمانہ کیا گیا تھا۔ امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کیری ارونگ نے ہند رجب کے نام کے معاملے میں عائد جرمانے کی ادائیگی میں مدد کی پیش کش بھی کی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:رائے گڑھ: ساحلوں پر سیاحوں کی حفاظت کیلئے ’روبوٹک لائف گارڈز‘

عزیز الشاعر کے مسلسل اقدامات نے کھیلوں کی دنیا میں کھلاڑیوں کے اظہارِ رائے، انسانی ہمدردی اور کھیلوں کے ضابطوں سے متعلق بحث کو جنم دیا ہے۔ ان کا یہ طرزِ عمل غزہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے نام اور ان کی کہانیاں عوام تک پہنچانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔این ایف ایل کے ضابطے میچ کے دوران غیر مجاز پیغامات کی نمائش پر پابندی عائد کرتے ہیں، جبکہ الشاعر کے اقدامات نے اس سوال کو نمایاں کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو انسانی المیوں کی جانب توجہ دلانے کے لیے کس حد تک اپنے کھیل کے پلیٹ فارم کا استعمال کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ جرمانے اور پابندی کے خدشے کے باوجود فلسطینی بچوں کے نام نمایاں کرنے کا ان کا سلسلہ جاری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK