ضلع کے نگراں وزیر بھرت گو گاولے نے متعلقہ نگر پریشدوں اور گرام پنچایتوں کو یہ کٹس تقسیم کیے۔
EPAPER
Updated: October 15, 2026, 1:49 PM IST | Siraj Shaikh | Alibag
ضلع کے نگراں وزیر بھرت گو گاولے نے متعلقہ نگر پریشدوں اور گرام پنچایتوں کو یہ کٹس تقسیم کیے۔
رائے گڑھ ضلع کے ساحلوں پر سیاحوں کے ڈوبنے کےحادثات کو روکنے اور انکی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے’’روبوٹک واٹر ریسکیو کرافٹ‘‘ (ریموٹ کنٹرولڈ روبوٹک لائف گارڈز)کا بندوبست کیا جارہاہے۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی اور پولیس کے اشتراک سے یہ جدید سسٹم خاص طور پر کوکن کے مشہور اور پرہجوم ساحلوں پر نافذ کیا گیا ہے۔ضلع کلکٹر کے دفتر میں منعقدہ پروگرام میں بچاؤ کے تمام کٹس رائے گڑھ ضلع کے نگراں وزیر بھرت گوگاولے نے متعلقہ نگر پریشدوں اور گرام پنچایتوںسپرد کیے۔اس موقع پر ضلع کلکٹر کشن جا و لے، پولیس سپرنٹنڈنٹ آنچل دلال، ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر نیہا بھوسلےو دیگر افسران اور ملازمین موجود تھے۔روبوٹک کرافٹ کٹس کی تقسیم کے بعد علی باغ کے ساحل پر اس لائف گارڈز کے استعمال پر ایک مظاہرہ اور تربیت کا اہتمام کیا گیا۔ ٹریننگ میں آلات کے آپریشن، سمندر میں مصیبت میں مبتلا شخص تک کیسے پہنچنا ہے، اور ریسکیو آپریشن کے دوران اس کے موثر استعمال کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: دھولیہ میں گیانیش کمار کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں کا احتجاج
کن ساحلوں پر تعیناتی کی گئی ہے؟
یہ روبوٹک لائف گارڈز رائے گڑھ ضلع کے سب سے زیادہ سیاحتی مراکز اور خطرناک سمجھے جانے والے ساحلوں پر فراہم کیے گئے ہیں، جن میں ناگاؤں بیچ (علی باغ)کاشد بیچ (مروڈ) ہری ہریشور بیچ (شری وردھن) دیوے آگر بیچ، شری وردھن اور علی باغ بیچ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: کارنجہ: سڑک حادثے میں اردو اسکولوں کے ۲؍ ہیڈ ماسٹر جاں بحق
روبوٹک لائف گارڈ کیسے کام کرتا ہے؟
یہ ایک ریموٹ سے چلنے والا لائف سیونگ بویا ہے، جو ڈیوائس کسی موبائل نیٹ ورک یا انٹرنیٹ سگنل پر منحصر نہیں ہے بلکہ فری ریڈیو فریکوئنسی پر کام کرتا ہے۔جسے ساحل پر موجود لائف گارڈز یا پولیس اہلکار دور سے ہی کنٹرول کر سکتے ہیں۔عام طور پر کسی ڈوبتے شخص تک پہنچنے میں ’ریسکیور‘ کو چند منٹ لگتے ہیں، لیکن یہ مشین محض۳۰؍ سیکنڈ میں۶۰؍ میٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ یہ لہروں کا مقابلہ کرتے ہوئے سمندر میں۸۰۰؍ میٹر تک جا سکتی ہے۔یہ روبوٹک کرافٹ سمندر میں تقریباً ۲۰۰؍ کلوگرام تک کا وزن کھینچ کر واپس ساحل پر لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ایک وقت میں ایک شخص کو مکمل طور پر اوپر بٹھا سکتا ہے اور مزید۲؍ سے۳؍ افراد کو تیرتے رہنے میں مدد دیتا ہے۔