Updated: April 09, 2026, 5:18 PM IST
| Mumbai
فلم ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ کی او ٹی ٹی ریلیز سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق فلم کی ڈجیٹل اسٹریمنگ متوقع وقت سے تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کے ڈجیٹل حقوق جیو ہاٹ اسٹار (JoiHotstar) نے حاصل کئے ہیں، اور اسے خصوصی طور پر اسی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کی غیر معمولی باکس آفس کامیابی کے باعث پروڈیوسرز تھیٹر رن کو مزید طول دے رہے ہیں، جس کے سبب او ٹی ٹی پریمیر میں تاخیر کی جا رہی ہے۔
بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ کی او ٹی ٹی ریلیز کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے، جس نے شائقین کی بے چینی میں اضافہ کر دیا ہے۔ رنویر سنگھ کی اس فلم نے ۱۹؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز کے بعد غیر معمولی کامیابی حاصل کی، اور اب تک باکس آفس پر کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم نے دنیا بھر میں ۱۶۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کر لی ہے اور یہ پہلی ہندی فلم بن گئی ہے جس نے ہندوستان میں ۱۰۰۰؍ کروڑ روپے نیٹ کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ فلم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ریلیز کے کئی ہفتوں بعد بھی یہ ۱۱؍ ہزار سے زائد شوز کے ساتھ سنیما گھروں میں جاری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کیا پلاش مچھل اور اسمرتی مندھانا جلد ہی شادی کرنے والے ہیں؟
اسی غیر معمولی کارکردگی کے باعث فلم کے پروڈیوسرز نے روایتی آٹھ ہفتوں کے او ٹی ٹی ریلیز ونڈو کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام طور پر فلمیں ریلیز کے تقریباً دو ماہ بعد ڈجیٹل پلیٹ فارمز پر آ جاتی ہیں، تاہم اس فلم کے معاملے میں یہ اصول تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ تھیٹر میں اس کی کمائی میں اضافہ کیا جا سکے۔ ڈجیٹل ریلیز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جیو ہاٹ اسٹار (JioHotstar) نے فلم کے اسٹریمنگ حقوق حاصل کر لئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ معاہدہ تقریباً ۱۲۰؍ سے ۱۵۰؍ کروڑ روپے کے درمیان طے پایا، جس کے تحت فلم کو خصوصی طور پر اسی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے گا۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ ’’دھرندھر‘‘ فرنچائز کی پہلی فلم نیٹفلکس پر ریلیز ہوئی تھی، تاہم سیکوئل کیلئے پلیٹ فارم کی تبدیلی کو ایک بڑی اسٹریٹجک پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جیو ہاٹ اسٹار (JioHotstar) اس فلم کو ۲۰۲۶ء کے وسط میں بڑے پیمانے پر لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے، تاکہ اسٹریمنگ چارٹس میں برتری حاصل کی جا سکے۔ تاہم اس حکمت عملی کے باعث فلم کے مداحوں کو ڈجیٹل ریلیز کیلئے مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کس اداکارہ کے کہنے پرمیتھیلاکو اکشے کمار کی فلم’’بھوت بنگلہ ‘‘ میں کام ملا؟
فلمی حلقوں میں اس فیصلے کو باکس آفس کی غیر معمولی کامیابی سے جوڑا جا رہا ہے، جہاں پروڈیوسرز پہلے تھیٹر بزنس کو مکمل طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ تاحال فلم کی او ٹی ٹی ریلیز کی حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم یہ واضح ہے کہ فلم ’’دھرندھر: دی ریوینج‘‘ کا ڈجیٹل پریمیر روایتی شیڈول کے مقابلے میں تاخیر سے ہوگا۔