Updated: May 30, 2026, 5:07 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ میں رنویر سنگھ اور فرحان اختر کے درمیان ’’ڈان ۳‘‘ کے تنازعے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے تعلقات بہتر بنانے اور مستقبل میں دوبارہ ساتھ کام کرنے کی پیشکش کی، تاہم یہ تجویز مسترد کر دی گئی۔ دوسری جانب سلمان خان کی مبینہ ثالثی سے متعلق خبروں کو بھی نئے ذرائع نے مسترد کر دیا ہے۔ ۴۵؍ کروڑ روپے کے ہرجانے، ایف ڈبلیو آئی سی ای کی عدم تعاون ہدایت اور تخلیقی اختلافات کے دعوؤں کے بعد یہ تنازع اب بالی ووڈ کے سب سے بڑے پیشہ ورانہ تنازعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
فرہان اختر اور رنویر سنگھہہ ۔ تصویر: آئی این این
رنویر اور فرحان کے درمیان ’’ڈان ۳‘‘ کے حوالے سے جاری تنازع میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے حال ہی میں فرحان اختر سے رابطہ کرکے اختلافات ختم کرنے اور مستقبل میں کسی نئے پروجیکٹ پر ایک ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی، تاہم اس کوشش کو مثبت جواب نہیں ملا۔ رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے نہ صرف فرحان اختر بلکہ ان کی بہن اور معروف فلم ساز زویا اختر کے ساتھ بھی دوبارہ کام کرنے کی پیشکش کی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اداکار نے ایک نئی فلم پر تعاون کی تجویز دی اور ماضی میں اپنی کامیاب فلم ’’گلی بوائے‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے زویا اختر کے ساتھ بھی ایک نئے منصوبے پر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
یہ بھی پڑھئے : پریش راول نے منفی سے مزاحیہ کردار تک بخوبی نبھائے
رپورٹ کے مطابق یہ پیشکش فرحان اختر اور ان کے پروڈکشن پارٹنر رتیش سدھوانی دونوں تک پہنچائی گئی، تاہم اسے فوری طور پر مسترد کر دیا گیا۔ بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فی الحال نہ فرحان اختر اور نہ ہی زویا اختر رنویر سنگھ کے ساتھ کسی نئے منصوبے پر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ دنوں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ سلمان خان نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے دونوں فریقوں کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کی ہے۔ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سلمان خان نے ذاتی طور پر رنویر سنگھ اور فرحان اختر سے رابطہ کیا اور انہیں اختلافات ختم کر کے ’’ڈان ۳‘‘ کے مستقبل کے بارے میں مثبت فیصلہ لینے کا مشورہ دیا۔
تاہم بعد میں سامنے آنے والی اطلاعات نے ان دعوؤں پر سوالات کھڑے کر دیے۔ ایک نئی رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے نہ تو دونوں فریقوں کے درمیان ثالثی کی اور نہ ہی کسی باضابطہ مصالحتی عمل کا حصہ بنے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں اور سلمان خان کی جانب سے کوئی عملی مداخلت نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے : کرن جوہر نے انسٹاگرام پر شاہ رخ خان کو اَن فالو کردیا
واضح رہے کہ ’’ڈان ۳‘‘ کا تنازع گزشتہ کئی ماہ سے بالی ووڈ کی سب سے زیادہ زیر بحث کہانیوں میں شامل ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے فلم سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب پروجیکٹ کی تیاری اور شوٹنگ شیڈول میں مسلسل تبدیلیاں آ رہی تھیں۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار فلم کی حتمی اسکرپٹ کی عدم دستیابی اور تخلیقی سمت سے مطمئن نہیں تھے۔ دوسری جانب، فرحان اختر اور ان کے قریبی حلقوں سے منسلک ذرائع کا مؤقف مختلف ہے۔ ان کے مطابق فلم میں تاخیر کی بنیادی وجہ پروڈکشن نہیں بلکہ رنویر سنگھ کے دیگر منصوبے تھے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ فرحان اختر چاہتے تھے کہ فلم کی شوٹنگ ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ کے بعد جلد شروع ہو جائے، لیکن رنویر سنگھ نے اپنی تاریخیں پہلے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’بیجو باورا‘‘ اور بعد ازاں آدتیہ دھر کے پروجیکٹ ’’دھرندھر‘‘ کے لیے مختص کر دیں۔
ذرائع کے مطابق جب ’’دھرندھر‘‘ کی تیاریوں نے رفتار پکڑی تو رنویر سنگھ نے ۲۰؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو ’’ڈان ۳‘‘ سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا جبکہ فلم کے فلور پر جانے میں صرف چند ہفتے باقی تھے۔ یہی وہ مرحلہ تھا جس کے بعد تنازع نے سنگین صورت اختیار کر لی۔ متعدد رپورٹس کے مطابق ایک اور اختلاف فلم کے تخلیقی وژن بھی تھا۔ بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ رنویر سنگھ ڈان کے کردار کو زیادہ تاریک، جارحانہ اور جدید انداز میں پیش کرنا چاہتے تھے، جبکہ فرحان اختر فرنچائز کی روایتی شناخت اور اپنے اصل وژن کو برقرار رکھنے کے حق میں تھے۔ ان اختلافات کے باعث دونوں فریقوں کے درمیان فاصلے مزید بڑھ گئے۔ تنازع بعد میں قانونی رخ اختیار کر گیا جب ایکسل انٹرٹینمنٹ کی جانب سے مبینہ طور پر ۴۵؍ کروڑ روپے کے نقصان کا دعویٰ سامنے آیا۔ پروڈکشن ہاؤس کا مؤقف ہے کہ فلم کی پری پروڈکشن پر بھاری سرمایہ خرچ ہو چکا تھا اور اداکار کی علیحدگی سے منصوبے کو بڑا مالی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھئے : شروتی شرما مشہور شو’’آفس آفس سیزن۲‘‘ میں نیا مرکزی کردار ادا کریں گی
اس معاملے میں فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی امپلائیز ایف (ڈبلیو آئی سی ای) بھی شامل ہوئی، جس نے رنویر سنگھ کے خلاف عدم تعاون کی ہدایت جاری کی۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ اداکار کو اپنا مؤقف پیش کرنے کے کئی مواقع دیے گئے لیکن مطلوبہ تعاون حاصل نہیں ہو سکا۔ پابندی کے بعد رنویر سنگھ کے ترجمان نے ایک تفصیلی بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اداکار اس تنازع کو عوامی سطح پر مزید بڑھانا نہیں چاہتے۔ بیان کے مطابق رنویر کا ماننا ہے کہ پیشہ ورانہ اختلافات کو باوقار انداز میں اور نجی سطح پر حل کیا جانا چاہیے۔
ادھر فلمی حلقوں میں یہ بحث بھی جاری ہے کہ آیا مستقبل میں دونوں فریق دوبارہ ایک ساتھ کام کر سکیں گے یا نہیں۔ اگرچہ موجودہ صورتحال میں تعلقات کشیدہ دکھائی دیتے ہیں، تاہم بالی ووڈ میں ماضی میں کئی بڑے تنازعات وقت کے ساتھ ختم ہوتے رہے ہیں۔ دریں اثنا، رنویر سنگھ اپنی آنے والی فلم پرلے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ہدایت کار جے مہتا کی اس فلم کی شوٹنگ اگست میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ایک بڑے پیمانے کی زومبی تھرلر ہوگی اور ہندوستانی سنیما میں اس نوعیت کے منصوبوں میں ایک منفرد اضافہ سمجھی جا رہی ہے۔