Inquilab Logo

سیف علی خان نے ہر طرح کا کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے

Updated: August 20, 2023, 12:21 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

چھوٹے نواب سے مشہور سیف علی خان کو عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان کے بعد چوتھے خان کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، انہوں نے تینوں ’خان صاحبان‘ کے ساتھ کام کیا ہے

Saif Ali Khan.Photo. INN
سیف علی خان۔ تصویر:آئی این این

فلم انڈسٹری میں چھوٹے نواب سے مشہور سیف علی خان کا شمار ایک ایسے ہمہ جہت فنکار کے طور پرہوتا ہے جو گزشتہ ۳؍ دہائیوں سے ہیرو، معاون اداکار اور منفی کردار کے ذریعے فلم ناظرین کو اپنا دیوانہ بنائے ہوئے ہیں ۔ بالی ووڈ کے خان صاحبان (عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان) کے گروپ میں یہ تو نہیں شامل ہوسکے لیکن ان سے بہت دور بھی نہیں رہے۔ انہیں عام طور پر چوتھے خان کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔اداکاری انہیں وراثت میں ملی ہے۔ ان کی ماں شرمیلا ٹیگور فلمی دنیا کی معروف اداکارہ رہی ہیں جبکہ والد نواب منصور علی خان پٹودی کرکٹر تھے جنہوں نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی بھی کی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے دادا افتخار علی خان پٹودی بھی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے ہیں ۔سیف علی خان کے گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ ان کا رجحان بھی فلموں کی جانب ہو گیا اور وہ بھی اداکار بننے کے خواب دیکھنے لگے۔
 سیف علی خان نے امریکہ کے مشہور وین چیسٹر کالج سے تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے۱۹۹۳ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’پرمپر‘ا سے بطور اداکار اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا۔ يش چوپڑہ کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر ناکام ثابت ہوئی۔ اُسی سال ان کی ’پہچان‘ اور ’عاشق آوارہ‘ جیسی فلمیں بھی ریلیزہوئیں جو کامیاب رہیں ۔ حالانکہ فلم ’پہچان‘ کی کامیابی کا کریڈٹ اداکار سنیل شیٹی کو زیادہ دیا گیا لیکن’ عاشق آوارہ‘ کیلئے سیف کو نئے فلمی چہرے کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کےفلمی کریئر میں ۱۹۹۴ء اہم ثابت ہوا۔اس سال ان کی ’یہ دل لگی ‘اور ’میں کھلاڑی تو اناڑی‘ جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں ۔ دونوں فلموں میں ان کی جوڑی اکشے کمار کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ خاص طور پر ’میں کھلاڑی تو اناڑی ‘میں اکشے کمار اور سیف علی خان کی جوڑی نےناظرین کو بھرپور تفریح کی۔ اس فلم میں اُن پر فلمایا گیا گیت ’میں کھلاڑی تو اناڑی ‘کافی مقبول ہوا تھا۔
 اس کے بعد ۱۹۹۵ء سے ۱۹۹۸ء تک کا عرصہ ان کے فلمی کریئر کیلئے بہت برا ثابت ہوا۔ اس دوران ان کی ’یار غدار، آؤ پیار کریں ،دل تیرا دیوانہ،بمبئی کا بابو، ایک تھا راجا، تو چور میں سپاہی، ہمیشہ، اُڑان اور قیمت‘ جیسی کئی فلمیں باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئیں ۔ حالانکہ اسی دوران ریلیز ہونے والی ’امتحان‘ اور ’سرکشا‘ اوسط درجے کی فلمیں رہیں لیکن ان سے سیف علی کو کچھ خاص فائدہ حاصل نہیں ہوا۔ ۱۹۹۹ء سیف کے فلمی کریئر کا اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال ان کی ’ کچے دھاگے اور ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘ جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں جو کامیاب رہیں ۔ ان فلموں میں شائقین کو سیف کی اداکاری کا مختلف انداز دیکھنے کو ملا۔۲۰۰۱ء میں ریلیز ہونےوالی فلم ’دل چاہتا ہے‘ سیف علی خان کے فلمی کریئر کی اہم فلموں میں ایک ہے۔ فرحان اختر کی ہدایت کاری میں تین دوستوں کی زندگی کی کہانی پر مبنی اس فلم میں ان کے ساتھ عامر خان اور اکشے کھنہ جیسے منجھے ہوئے اداکار تھے ۔ اس فلم میں سیف اپنی بہترین اداکاری سے ناظرین کے ساتھ نقادوں کا بھی دل جیتنے میں کامیاب رہے۔
 ۲۰۰۳ء میں آنے والی فلم ’کل ہو نہ ہو‘ ان کے فلمی کریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ یش جوہر کے بینرتلے بنی اس فلم میں ان کے مدمقابل شاہ رخ خان تھے۔ اس کے باوجود سیف شائقین کی توجہ اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب رہے۔ فلم میں بااثر اداکاری کیلئے وہ بہترین معاون اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گئے۔ اس کے اگلے سال ریلیز ہونے والی فلم’ ہم تم‘ ان کے فلمی کریئر کی سب سے زیادہ اہم فلم رہی۔ بہترین اداکاری کیلئے سیف کو جہاں بہترین مزاحیہ اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا ، وہی انہیں بہترین اداکار کا قومی ایوارڈ بھی دیا گیا۔
 ۲۰۰۶ءمیں سیف علی خان کے فلمی کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’اومكارا‘ ریلیز ہوئی۔ اس میں سیف نے’ لنگڑا تیاگی‘ کا کردار ادا کیا ہے۔ یوں تو یہ کردار گرے شیڈ لئے ہوئے تھا لیکن اس باوجود وہ ناظرین کی ہمدردی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ فلم میں بااثر اداکاری کیلئے وہ بہترین ویلن کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازے گئے۔ ۲۰۰۹ء میں انہوں نے فلم پروڈکشن کے شعبے قدم رکھا اور ’لو آج کل‘ کے نام سے ایک فلم بنائی۔ان کی دیگر فلموں میں ’ریس، ریس۔۲ ، جوانی جان من، رنگون، شیف اوربازار کے نام قابل ذکر ہیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی ویب سیریز میں بھی کام کیا ہے۔ 
 سیف علی خان نے دو شادیاں کی ہیں ۔ پہلی شادی انہوں نے فلم اداکارہ امریتا سنگھ سے ۱۹۹۱ءمیں کی تھی۔ ان کے ان کے ۲؍ بچے سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں ۔ سارہ علی خان بھی اب بالی ووڈ میں سرگرم ہیں ۔۲۰۰۴ء میں سیف علی خان نے امریتا سنگھ سے علاحدگی اختیار کرلی تھی اور پھر ۲۰۱۲ء میں کرینہ کپور سے انہوں نے دوسری شادی کرلی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK