Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہالی ووڈ اداکار جان کیوسیک بھی سی جے پی کے حق میں بول پڑے

Updated: July 23, 2026, 7:11 PM IST | New York

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جان کیوسیک نے جنتر منتر پر جاری کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کی قیادت میں ہونے والے طلبہ احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے مصنفہ اروندھتی رائے کا ایک پوسٹ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے پوسٹ کے ساتھ لکھا، ’’میرے پسندیدہ کاکروچ کی جانب سے خوبصورت خبر۔‘‘ کیوسیک نے اپنی پوسٹ میں طلبہ احتجاج سے متعلق اظہارِ یکجہتی کیا، جبکہ اس سے قبل بھی وہ ہندوستان میں مختلف عوامی تحریکوں پر اپنی رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

John Cusack.Photo:INN
جان کیوسیک۔ تصویر:آئی این این

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جان کیوسیک نے جنتر منتر پر جاری کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کی قیادت میں ہونے والے طلبہ احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر مصنفہ اور سماجی کارکن اروندھتی رائے کا ایک پوسٹ شیئر کیا ہے۔ ان کا یہ پوسٹ سامنے آنے کے بعد وہ ان بین الاقوامی شخصیات میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے جاری احتجاج پر عوامی ردِعمل دیا ہے۔ جان کیوسیک نے اروندھتی رائے کے مضمون کو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’Beautiful news from my favorite fellow cockroach‘‘ (’’میرے پسندیدہ ساتھی کاکروچ کی جانب سے خوبصورت خبر‘‘)۔ ان کی پوسٹ میں اروندھتی رائے کے اس مؤقف کی تائید کی گئی جس میں انہوں نے دہلی میں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے والے طلبہ کے خلاف مبینہ پولیس کارروائی اور طاقت کے استعمال پر تنقید کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:یوتھ ٹیسٹ: ہندوستان نے سری لنکا کو ۲۱۱؍ رنز سے شکست دے دی

 
یہ احتجاج کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کی جانب سے دیے گئے ’’چلو سنسد‘‘ کے نعرے کے بعد شدت اختیار کر گیا تھا، جس میں ہزاروں طلبہ نے مبینہ نیٹ (NEET) پرچہ لیک، امتحانی نظام میں بے ضابطگیوں اور مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے دوران دہلی پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا۔ واضح ہو کہ یہ پہلا موقع نہیں جب جان کیوسیک نے ہندوستان میں کسی عوامی تحریک کی حمایت کی ہو۔ اس سے قبل ۲۰۱۹ء میں انہوں نے شہریت ترمیمی قانون (CAA) کے خلاف ہونے والے طلبہ احتجاج کی بھی حمایت کی تھی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پولیس کارروائی پر تنقید کی تھی۔ اسی طرح ۲۱۔۲۰۲۰ء کے کسان احتجاج کے دوران بھی متعدد بین الاقوامی شخصیات نے اظہارِ خیال کیا تھا، جن میں گلوکارہ ریحنہ بھی شامل تھیں، جن کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ نے عالمی سطح پر وسیع بحث چھیڑ دی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’رامائن‘‘ میں کون سا اداکار کون سا کردار ادا کرے گا؟


گزشتہ چند روز کے دوران ہندوستانی فلمی صنعت کے کئی فنکار بھی طلبہ تحریک کے حق میں آواز بلند کر چکے ہیں۔ مختلف اداکاروں نے تعلیمی نظام میں شفافیت، امتحانی اصلاحات اور طلبہ کے ساتھ مکالمے کی ضرورت پر زور دیا ہے، جس کے بعد احتجاج کو فلمی اور بین الاقوامی شخصیات کی جانب سے بھی توجہ مل رہی ہے۔ خبر لکھے جانے تک جان کیوسیک کی پوسٹ پر ہندوستانی حکومت یا متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK