Inquilab Logo

میں ایسے کردار ادا کرنا چاہتی ہوں جس سے میری شناخت دوبارہ قائم ہو جائے

Updated: April 02, 2023, 12:35 AM IST | Mumbai

نوے کی دہائی کی اداکارہ شیبا کا کہنا ہےکہ فلم ، ویب سیریز  اورٹی وی شوز میں اگر اچھا رول ملتا ہے تو وہ کرنے کیلئے تیار ہیں کیونکہ وہ اب خود کو مصروف رکھنا چاہتی ہیں

Actress Sheeba
اداکارہ شیبا

لمی شائقین کو ۹۰ء کی دہائی کی اداکارہ شیبا یادہوگی جنہوںنے سلمان خان کے ساتھ فلم ’سوریہ ونشی ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس وقت وہ چھوٹے پردے پر سرگرم ہیں اور مختلف شوز میں اپنے ہنر کو پیش کررہی  ہیں۔  وہ ٹی وی کے معروف شو ’ناگن۶‘ میں کام کررہی ہیں۔شیبا نے ۹۰ء کی دہائی کی بہت سی کامیابی فلموں میں بھی کام کیا تھا تاہم انہوں نے ۲۰۰۰ء میں ایک طویل وقف لیا اور دیگر کاموں میں مصروف ہوگئیں۔ اس کے بعد انہوں نے چھوٹے پردے پر واپسی کرتے ہوئے مختلف شوز میں کام کیا۔ اب ایک بار پھر وہ نئے شو میں نظرآرہی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نے ٹی وی اور فلم اداکارہ شیبا سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہاہے:
س:’ناگن۶‘ میں آپ کے رول کے بارےمیں بتائیں ؟ 
ج:میں ایک شو کرنا چاہتی تھی جس سے سبھی کو پتہ چلے کہ شیبا اب بھی سرگرم ہے۔ اس لئے میں نے ’ناگن ۶‘ میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ سبھی کو پتہ ہی ہے کہ یہ بہت کامیاب رہا ہے اور بالاجی ٹیلی فلمز کی وجہ سے اس کی شہرت بھی زیادہ ہے۔ یہ شو کرنے سے میری شہرت میں بھی اضافہ طے تھا اس لئے میں نے اس کیلئے ہامی بھری ۔ میں نے اپنی ۳؍ہفتوں کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے ۔ اس شو میں میں نے ایک پنجابی لڑکی کا کردار ادا کیاہے جو کہ بہت خوش مزاج ہےاور ہمیشہ ہی دوسروں کو بھی ہنساتی رہتی ہے۔ 
س:  ٹی وی پرکس طرح کے شوزمیں کام کرنا چاہیں گی؟  
ج: میری خواہش تو یہی ہے کہ میں ہر طرح کے کردار ادا کروں کیونکہ میں اب  خود کو مصروف رکھنا چاہتی ہوں اور ایسے کردار ادا کرنا چاہتی ہوں جس سے میری شناخت دوبارہ قائم ہوجائے۔میری کوشش یہی رہتی ہے کہ کیریکٹر کے ساتھ ساتھ اچھی کہانی میرے حصہ میں آئے۔میں اہم کردارنبھانے میں یقین رکھتی ہوں چاہے اس کیلئے میڈیم کچھ بھی ہو۔ فلم ، ویب سیریز اور ٹی وی شوز میں اگر اچھا اور اہم رول ملتا ہے تو میں وہ کرنے کیلئے تیارہوں۔  
 س:ناگن ۶؍ کے ساتھ کسی فلم یا ویب سیریز میں آپ مصروف ہیں ؟
ج:دھرما پروڈکشن کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی ‘ میں میں کام کررہی ہوں۔ اس فلم میں نے ایک مزاحیہ رول نبھایا ہے۔ میں سونو سود کی فلم ’فتح ‘ میں کام کررہی ہوں۔ اس فلم میں میں نے ایک پنجابی دیہی خاتون کا رول نبھایا ہے۔ اس میں بھی میں ایک محنتی خاتون کا رول نبھا رہی ہوں۔ یہ رول بھی بہت پیارا ہے جوکہ شائقین کو بہت پسند آئے گا۔
 س:سوشل میڈیا پر کس طرح سرگرم ہوگئیں؟
 ج:میں پہلے ہی سے سوشل میڈیا پر سرگرم تھی اور مختلف طریقے سے اپنے ویڈیوز اَپ لوڈ کیا کرتی تھی۔میرے ویڈیوز کو سبھی لوگ پسند کیا کرتے تھے اور وہ مجھے فون کرکے بھی بتایا کرتے تھے۔ اس کاکنٹینٹ میں ہی تیار کرتی تھی۔ میرے   شوہر بارہا مجھے ٹوکا کرتے تھے کہ میں کیا کررہی ہوں۔ جب لاک ڈاؤن شروع ہوا اور ان کے پاس بھی کچھ کرنے کیلئے نہیں تھا تو میں نے انہیں اپنے ویڈیوز میںشامل کرنا شروع کردیا۔ ایک صاحب نے جب ہمارے ویڈیو کی تعریف کی تو انہیں اس کی اہمیت سمجھ آئی۔ اس کے بعد ہم دونوں روزمرہ کی زندگی کے تعلق سے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کررہے ہیں۔   
س:اوٹی ٹی کے تعلق سے آپ کا تجربہ اور رائے کیاہے ؟ 
ج: اوٹی ٹی کامطلب ہے  اوور دی ٹاپ یعنی آپ کے پاس اچھا مواد یا کہانی ہونی چاہئے لیکن میں نے دیکھا ہے کہ بہت سے پلیٹ فارم اور چینل پرکچھ فحش شوز بھی پیش کئے جارہے ہیں جوکہ او ٹی ٹی کے لحاظ سے صحیح نہیں ہیں۔ دوسری بات میں نے دیکھا ہے کہ بہت سے شوز میں بلا وجہ گالی گلوج بھی کیا جارہا ہے جب کہ شو میں  اس کی ضرورت نہیں ہے۔اگر آپ نے فحش یا گالی دکھا دی تو آپ کا شو کامیاب نہیں ہوگا بلکہ آپ کی کہانی ہی سب سے اہم ہوتی ہے۔اگر وہ مضبوط ہے تو پھر آپ کو کسی اور چیز کی فکر نہیں ہونی چاہئے۔ میں بالکل صاف ستھرے شوز میں ہی کام کرنا پسند کروں گی جسے پوری فیملی   ایک ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکے   ۔ 
س:کیا آپ نے کبھی آڈیشن دیا تھا، جیسی آج کل روایت ہے؟ 
ج:میں نے بہت سی فلموں میں کام کیا ہےاور کئی ٹی وی شوز بھی کرچکی ہوں لیکن میں نے کبھی آڈیشن نہیں دیا ۔ میرے خیال میں ۹۰ء کے دور میں ڈائریکٹر اور فلمسازوںکا نظر یہ بہت واضح تھا اور وہ میرے تعلق سے یہی سوچتے تھے کہ میں یہ رول یا یہ شوآسانی سے کرسکتی ہوں۔اسی بنیاد پر مجھے کبھی بھی آڈیشن دینے کی نوبت پیش نہیں آئی۔دوسری طرف آج کل آڈیشن کی غلط روایت شروع ہوگئی ہے۔ میں یہی کہتی ہوںکہ آپ کانظریہ واضح ہونا چاہئے کہ کس اداکار پر کیسا رول  اچھا لگے گا۔
س: آپ نے کریئر کے درمیان ایک طویل وقفہ لیا تھا؟
 ج :اس وقت مجھے اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنا تھا اس لئے میں نے گھرپر ہی رہنا پسند کیا تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ اگر وہ ایک کالج جانے لگیں گے تو مجھے کام کرنے کا موقع مل گیا۔ اسکول کے وقت میں نے اپنے بچوں کے ساتھ کافی وقت گزارا ،جب وہ کالج جانے لگے تو میں نے اداکاری کی طرف توجہ دینی شروع کردی ۔

film Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK