Inquilab Logo Happiest Places to Work

عمران خان کے ساتھ عزت، وقار اور انسانیت سلوک کیا جانا چاہیے: پیٹ کمنز

Updated: August 28, 2026, 7:59 PM IST | Sydney

آسٹریلیا کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور کپتان عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ عزت، وقار اور انسانیت کے تقاضوں کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے۔

Pat Cummins And Imran Khan.Photo:INN
عمران خان اور پیٹ کمنز۔ تصویر:آئی این این

آسٹریلیا کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے پاکستان کے سابق وزیراعظم اور کپتان عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ عزت، وقار اور انسانیت کے تقاضوں کے مطابق سلوک کیا جانا چاہیے۔ گزشتہ ہفتے ۲۲؍ سابق کپتانوں نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر عمران خان کو جیل میں مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔ اس خط میں ہندوستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے سابق کپتان شامل تھے۔ یہ فروری میں ۱۴؍ سابق کپتانوں کی جانب سے لکھے گئے پہلے خط کے بعد کیا گیا اقدام تھا، جس کا پاکستان حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا تھا۔کمنز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ چیپل اور دیگر سابق بین الاقوامی کپتانوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت کی جانب سے حکم دیے گئے طبی معائنے کا عمل مکمل ہونے دیا جائے گا اور عمران خان کے اہل خانہ کو ان سے ملاقات کا سلسلہ جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ کمنز نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ اس وقار کے مطابق برتاؤ ہونا چاہیے جس کا ہر انسان حقدار ہے۔

یہ بھی پڑھئے:خواتین ہاکی ورلڈ کپ فائنل میں نیدرلینڈز اور ارجنٹائنا آمنے سامنے

عمران خان اگست  ۲۰۲۳ء سے راولپنڈی کی جیل میں قید ہیں اور انہیں بدعنوانی کے مقدمات میں سزا سنائی گئی تھی۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ان کی صحت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے بیٹوں نے انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔ گزشتہ ہفتے پاکستان کی سپریم کورٹ نے انہیں اسلام آباد کے شفا اسپتال میں داخل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم انہیں سرکاری پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لے جایا گیا اور طبی معائنے کے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:نِمرِت کور اہلووالیا نے ڈیڈ لفٹ کے دوران ہونے والی تکلیف دہ زخم پر بات کی

کمنز عمران خان کے طبی علاج کی حمایت کرنے والے پہلے فعال کپتان ہیں۔ دوسری جانب جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز وقفے کے دوران عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو کو نشر کرنے پر اسکائی اسپورٹس سے باضابطہ شکایت بھی کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے احتجاجاً وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کے میدان میں واپس نہ آنے کے امکان پر بھی غور کیا تھا۔
پاکستان حکومت نے گزشتہ ہفتے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیے گئے ایک بیان میں عمران خان کے ساتھ جیل میں بدسلوکی یا انہیں اہل خانہ اور وکلا سے رابطے سے محروم رکھنے کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔ حکومت کے مطابق اگست ۲۰۲۳ء میں گرفتاری کے بعد سے عمران خان کے اہل خانہ، وکلا اور ڈاکٹروں نے ان سے۹۰۰؍ سے زائد مرتبہ ملاقات کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK