• Tue, 29 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندنژاد بودھنا نے تاریخ رقم کر دی، ۱۱؍ سال کی عمر میں خاتون گرینڈ ماسٹربنیں

Updated: September 29, 2026, 7:03 PM IST | New Delhi

ہند نژاد۱۱؍ سالہ شطرنج کھلاڑی بودھنا شیوانندن نے شطرنج کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ بودھنا نے ازبکستان کے سمرقند میں جاری ۴۶؍ویں شطرنج اولمپیاڈ میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا تیسرا اور آخری خاتون گرینڈ ماسٹر معیار حاصل کر لیا۔

Bodhna.Photo:INN
بودھنا۔ تصویر:آئی این این

ہند نژاد۱۱؍سالہ شطرنج کھلاڑی  بودھنا شیوانندن (Bodhana Sivanandan)  نے شطرنج کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ بودھنا نے ازبکستان کے سمرقند میں جاری ۴۶؍ویں شطرنج اولمپیاڈ  میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا تیسرا اور آخری  خاتون گرینڈ ماسٹر (WGM) معیار  حاصل کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ تاریخ میں خاتون گرینڈ ماسٹر کا خطاب حاصل کرنے والی  سب سے کم عمر کھلاڑی  بن گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:میں روہت کے لیے پاگل ہوں، امیتابھ بچن نے رتیکا کا دلچسپ قصہ سنایا

 بودھنانے انگلینڈ کی خواتین کی ٹیم کے لیےپہلے بورڈ  پر کھیلتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اولمپیاڈ میں ۱۱؍ میں سے ۸؍ پوائنٹس  حاصل کیے اور ۶؍ مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کی خواتین کی ٹیم مجموعی طور پر ۱۵؍ویں مقام پر رہی۔پہلے بورڈ پر انفرادی کارکردگی کے اعتبار سے بودھنا ٹورنامنٹ کی ۱۳؍ویں بہترین کھلاڑی  رہیں۔ ان کی یہ کارکردگی اس وقت سامنے آئی جب وہ محض ۱۱؍ برس کی عمر میں عالمی شطرنج کے بڑے مقابلے میں انگلینڈ کی نمائندگی کر رہی تھیں۔
 بودھنا سے قبل سب سے کم عمر خاتون گرینڈ ماسٹر بننے کا ریکارڈ روس کی شطرنج کھلاڑی  کترینا لاگنو (Katerina Lagno)  کے نام تھا، جنہوں نے ۱۲؍ سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ چین کی سابق عالمی چیمپئن  ہو یفان (Hou Yifan)  نے بھی ۱۲؍ سال کی عمر میں خاتون گرینڈ ماسٹر کا خطاب حاصل کیا تھا۔ بودھنا نے ۱۱؍ سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرکے دونوں سے کم عمر میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ بودھنا شیوانندن کا شطرنج سے تعلق بھی دلچسپ انداز میں شروع ہوا۔ ان کا شطرنج کا سفر  کووڈ۱۹؍ لاک ڈاؤن  کے دوران شروع ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:ایشین گیمز ۲۰۲۶ء: کرکٹ کے چاروں کوارٹر فائنل بارش کی نذر

رپورٹ کے مطابق ان کے والد کے ایک دوست ہندوستان سے واپس آتے ہوئے بودھنا کے خاندان کے لیے کچھ بیگ لائے تھے۔ ان میں ایک شطرنج کی بساط  بھی موجود تھی۔ اسی بساط نے بودھنا کی اس کھیل میں دلچسپی پیدا کی اور انہوں نے خود ہی شطرنج کے بنیادی اصول اور چالیں سیکھنا شروع کر دیں۔ یہی ابتدائی دلچسپی چند برسوں میں غیر معمولی صلاحیت میں تبدیل ہوگئی اور بودھنا نے کم عمری میں ہی بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کر لی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK