اٹلی کے دارالحکومت روم میں ملک کی ’’ ویسپا‘‘ اسکوٹر کی ۸۰؍ ویں سالگرہ منائی، اس موقع پر ہزاروں اسکوٹر سواروں نے سڑکوں پر پریڈ کیا، یہ پتلی کمر والی ا سکوٹر دوسری جنگِ عظیم کے بعد اٹلی کی بحالی اور معاشی ترقی کی علامت بن گئی تھی۔
EPAPER
Updated: June 29, 2026, 4:11 PM IST | Rome
اٹلی کے دارالحکومت روم میں ملک کی ’’ ویسپا‘‘ اسکوٹر کی ۸۰؍ ویں سالگرہ منائی، اس موقع پر ہزاروں اسکوٹر سواروں نے سڑکوں پر پریڈ کیا، یہ پتلی کمر والی ا سکوٹر دوسری جنگِ عظیم کے بعد اٹلی کی بحالی اور معاشی ترقی کی علامت بن گئی تھی۔
سنیچر کو دنیا بھر سے ہزاروں سواروں نے ویسپا کی ۸۰؍ ویں سالگرہ منانے کے لیے روم کی گلیوں میں ایک شاندار پریڈ کی۔ اطالوی دارالحکومت کے میئر رابرٹو گوالٹیری نے اس موقع پر کہا کہ ویسپا کی تاریخ، جو دوسری جنگِ عظیم کے بعد اٹلی کے احیا اور عروج کے ساتھ ہمقدم ہے، یہ ایک طرح سے ہماری تاریخ اور ثقافت کی علامتی شناخت ہے۔واضح رہے کہ ویسپا، جس کا اطالوی زبان میں مطلب ’’بھڑ‘‘ ہے، کو ایک سستے اور قابلِ رسائی ذریعہ نقل و حمل کے طور پر تیار کیا گیا تھا۔ اسے ۱۹۴۶ء میں پیاجیو نامی ایک بڑے طیارہ ساز ادارے نے بازار میں متعارف کرایا۔ میئر گوالٹیری نے کہا کہ’’ یہ اسکوٹر جنگ سے نکلنے والے اور دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے والے اٹلی کی علامت تھی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ ویسپا کی ۸۰؍ سال کی تاریخ بیان کرنا جزوی طور پر یہ بتانا ہے کہ روم نے دنیا کے تخیل کو کیسے اپنی گرفت میں لیا، خاص طور پر سنیما کے ذریعے۔ بعد ازاں ویسپا کلاسک فلموں میں نمایاں رہی، جن میں ۱۹۵۳ء کی رومانوی کامیڈی ’’رومن ہالی ڈے‘‘ اور ۱۹۶۰ء کی مشہور ڈرامہ فلم ،’’لا ڈولسے ویٹا‘‘شامل ہیں۔ اس یادگار اسکوٹر نے دیگر فلموں میں بھی اپنی موجودگی کا لوہا منوایا، جن میں ’’دی ٹیلنٹڈ مسٹر رپلی" اور حال ہی میں آنے والی اینیمیٹڈ فلم ’’لوکا‘‘ شامل ہیں۔
.@wantedinrome: Thousands of Vespa enthusiasts take to the streets of Rome to celebrate 80 years of the iconic Italian scooter. 🛵 #travel pic.twitter.com/AFET2AljNW
— Willem J. Bod (@WillemBod) June 27, 2026
چار روزہ جشن کا آغاز جمعرات کو شمالی روم کے فورو اطالیکو میں ’’ویسپا ولیج‘‘کے افتتاح سے ہوا۔ اس کا اختتام سنیچر کو ہزاروں ڈرائیوروں کی روم کی گلیوں میں تیز رفتار پریڈ پر ہوا، جس نے شہر کو ویسپا کے جوش و خروش سے بھر دیا۔ واضح رہے کہ ویسپا کی مسلسل پیداوار ۸۰؍ سال سے جاری ہے اور اب یہ تقریباً ۱۰۰؍ ممالک میں فروخت ہوتی ہے۔ پیاجیو گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین میٹیو کولانینو نے بتایا کہ آج ویسپا ایک عالمی رجحان بن چکی ہے اور ۱۹۴۶ء سے اب تک تقریباً دو کروڑ گاڑیاں تیار کی جا چکی ہیں، جو اس کی غیر معمولی مقبولیت کا ثبوت ہے۔