Inquilab Logo Happiest Places to Work

جاوید جعفری بطور اسکیلیٹر، میزان ہی مین؛ ہندی ٹریلر نے دھوم مچا دی

Updated: May 20, 2026, 7:07 PM IST | Mumbai

مشہور فینٹسی فرنچائز He-Man and The Masters of the Universe کا ہندی ٹریلر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ ٹریلر میں جاوید جعفری نے ویلن اسکیلیٹر جبکہ ان کے بیٹے میزان جعفری نے ہی مین کو آواز دی ہے۔ مداحوں نے دونوں کی وائس کاسٹنگ کو ’’پرفیکٹ‘‘ قرار دیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مشہور ہالی ووڈ فینٹسی فرنچائز He-Man and The Masters of the Universe کے ہندی ٹریلر نے ہندوستانی شائقین میں زبردست جوش پیدا کر دیا ہے۔ فلم کے میکرز کی جانب سے جاری کیے گئے نئے ٹریلر میں سب سے زیادہ توجہ جاوید جعفری اور ان کے بیٹے میزان جعفری کی آوازوں نے حاصل کی، جنہوں نے بالترتیب اسکیلیٹر اور ہی مین کے کرداروں کو اپنی آواز دی ہے۔ ٹریلر ریلیز ہونے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے اسے ’’پرانی اور نئی نسل کا بہترین امتزاج‘‘ قرار دیا۔ ہندی ڈب ورژن میں میزان جعفری مرکزی ہیرو ہی-مین کی آواز بنے ہیں، جبکہ تجربہ کار اداکار اور انٹرٹینر جاوید جعفری خطرناک ویلن اسکیلیٹر کے کردار میں سنائی دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے : کنال کھیمو کی ’’وائب‘‘ کا اعلان، پریتی زنٹا کی ۸؍ سال بعد پردہ سیمیں پر واپسی

 جاوید جعفری کی آواز اور مکالموں کے انداز کو مداحوں نے خاص طور پر پسند کیا۔ کئی صارفین نے لکھا کہ ان کی آواز سن کر ۹۰ء کی دہائی کے ٹی وی شوز اور پرانی یادیں تازہ ہوگئیں۔ بعض مداحوں نے کہا کہ جاوید جعفری کی موجودگی نے ہندی ورژن کو الگ شناخت دی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ ’’جاوید جعفری نے اسکیلیٹر کو صرف آواز نہیں دی، بلکہ کردار کو زندہ کر دیا ہے۔‘‘ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، ’’میزان اور جاوید کی جوڑی حیران کن طور پر بہترین لگ رہی ہے۔ یہ فلم بچوں اور بڑوں دونوں کو پسند آئے گی۔‘‘ کئی مداحوں نے اس بات کی بھی تعریف کی کہ فلم سازوں نے ہندی ورژن کے لیے محض ڈبنگ آرٹسٹس کے بجائے ایسی آوازوں کا انتخاب کیا جو خود ایک جذباتی تعلق رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے : راجکمار ہیرانی کے بیٹے ویر ہیرانی کی ڈیبیو سیریز ’’پریتم پیڈرو‘‘ کا فرسٹ لک جاری

فلم کے ہندی ورژن میں موہن کپور نے ڈنکن کو آواز دی ہے۔ ٹریلر میں ایٹرنیا کی جادوئی دنیا، طاقتور جنگی مناظر، جدید ویژول ایفیکٹس اور کلاسک کرداروں کی نئی جھلک پیش کی گئی ہے۔ انگلش ٹریلر کے بعد ہندی ٹریلر کو ہندوستانی شائقین کے لیے زیادہ اہم اور دلچسپ قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ جاوید جعفری کا نام کئی نسلوں کے ناظرین کے ساتھ جذباتی تعلق رکھتا ہے۔ فلم کی ہدایت کاری ٹریوس نائٹ نے کی ہے جبکہ اسے امیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ فلم میں نکولس گیلیٹزائن پرنس ایڈم / ہی مین، کیملا مینڈس ٹیلا، جیرڈ لیٹو اسکیلیٹر اور ادریس ایلبا مین اٹ آرمز کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ ایلیسن بری، مورینا بیکرین اور کرسٹن وِگ بھی فلم کا حصہ ہیں۔


فلم سازوں کے مطابق، He-Man and The Masters of the Universe کا مقصد نئی نسل کو ایک کلاسک فینٹسی دنیا سے متعارف کرانا ہے، جبکہ پرانے شائقین کو نوستلجیاسے بھرپور تجربہ فراہم کرنا بھی اس پروجیکٹ کا اہم حصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندی ورژن میں جاوید جعفری جیسے معروف نام کو شامل کیا گیا تاکہ ہندوستانی ناظرین کے ساتھ ایک مضبوط جذباتی رابطہ قائم ہو سکے۔ یہ فلم ۵؍ جون ۲۰۲۶ء کو ہندوستان میں انگریزی، ہندی، تمل، تیلگو اور ملیالم زبانوں میں سنیماگھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK