Inquilab Logo

کمل ہاسن اور سلمان خان کی آواز خاموش، گلوکار ایس پی بالا سبرامنیم کا انتقال

Updated: September 26, 2020, 3:26 AM IST | Chennai

کھنکتی ا ور سریلی آواز سے گلوکاری کی دنیا میں الگ پہچان بنانے والے ایس پی بی کورونا کے سبب ۵؍ اگست سے چنئی کے ایم جی ایم اسپتال میں زیر علاج تھے۔

SP Bala Subramaniam. Photo: INN
ایس پی بالا سبرامنیم۔ تصویر: آئی این این

منفرد، کھنکتی اور وسریلی آواز سے گلوکاری کی دنیا میں الگ پہچان بنانے والے مقبول پلے بیک سنگرپدم بھوشن یافتہ ایس پی بالا سبرمنیم المعروف ایس پی بی کا جمعہ کو انتقال ہوگیا۔ وہ ۷۴؍ برس کے تھے اور کورونا انفیکشن کے سبب یہاں کے ایم جی ایم اسپتال میں زیر علاج تھے ۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ایس پی بالا سبرمنیم کو ۵؍ اگست کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اسپتال نے جمعہ کی دوپہر میڈیا کو گلوکار کے انتقال کی خبر دی۔اسپتال انتظامیہ نے گزشتہ شام صحت بلیٹن جاری کرکے مشہور گلوکار کی حالت انتہائی خراب ہونے کی اطلاع دی تھی۔ بالا سبرمنیم کے بیٹے ایس پی بی چرن نے والد کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نےدوپہر ایک بج کر ۴؍منٹ پر آخری سانس لی۔موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کے انتقال کی خبر سے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بالا سبرمنیم کی لاجواب وسریلی آواز نے دنیا بھرکے موسیقی مداحوں کو ان کا دیوانہ بنادیا تھا۔پانچ دہائی تک انہوں نے اپنی آواز کا جادو بکھیرا۔جنوبی ہند کی تیلگو فلم انڈسٹری میں کمل ہاسن توبالی ووڈ میں انہیں سلمان خان کی آواز کہا جاتا تھا۔ان کے گانے کا انداز رفیع صاحب کے کافی مشابہ تھا اوررفیع صاحب سے وہ بے حدمتاثر تھے ۔ 
 نوے کی دہائی میں ادت نارائن اور کمار سانو کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں ایس پی بالا سبرامنیم بھی چھائے ہوئے تھے۔انہوں نے جنوبی ہندکے معروف موسیقار الایہ راجا کی ترتیب کردہ موسیقی کو بھی اپنی آواز سے سجایا اور اے آر رحمٰن کے ساتھ بھی گانے گائے ۔لیجنڈری گلوکارہ لتامنگیشکر کےساتھ بھی انہوں نے کئی بہترین گیت گائے جن میں فلم ’ایک دوجے کیلئے‘،’میں نے پیار کیا ‘ اور’ ہم آپ کے ہیں کون ‘ جیسی سپرہٹ فلموں کےکئی گانے شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ فلم’ساجن‘ میں ندیم شراون کی موسیقی پرانہوں نےسلمان خان کو اپنی آواز دی ۔اس فلم کے گانے آج تک سنے جاتےہیں ۔ایس پی بالا سبرامنیم کی آواز میں ایک عجیب سی کھنک تھی ۔ سننے میں تھوڑی الگ محسوس ہونے والی ان کی آواز ہر طرح کے گانوں کیلئے موزوں تھی۔غمگین طرز پر ان کی آواز سے جہاں تڑپ کا احساس نمایاں ہوتا تھامثال کے طورپرفلم ’روجا ‘ کا ٹائٹل گیت ’روجا جانِ من تو ہی میرا دل تجھ بن ترسے نینا ...‘ وہیں تھرکتے ہوئے ساز پر ان کی آواز کا ایک الگ ہی جادوہوتا تھا مثال کے طورپرفلم ایک دوجے کا گانا ’میرے جیون ساتھی پیار کئے جا...‘آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمٰن نے ان کے انتقال کی خبر پر سب سے پہلے ٹویٹ کرتےہوئے تعزیت کا اظہار کیا بلکہ موسیقی کے شیدائیوں سے تعزیت کی اپیل بھی کی ۔
 تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندرشیکھرراؤ نے ایس پی بالا سبرامنیم کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ہزاروں گیتوں کو سریلی آواز دینے والے اور مداحوں کے ذریعہ بالو کے نام سے پکارے جانے والے بالاسبرمنیم نے دنیا بھر میں اپنے مداح بنائے۔انہوں نے کہا کہ یہ بے حد بدقسمتی ہے کہ ڈاکٹروں اور دیگر میڈیکل اسٹاف کی ہرممکن کوشش کے باوجود سبرامنیم کو بچایا نہیں جاسکا۔ان کی کمی کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعلیٰ نے غمزدہ اہل خانہ کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اوروزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی ایس پی بی کی موت پرتعزیتی پیغامات دئیے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK