Updated: February 24, 2026, 6:03 PM IST
| Mumbai
اطلاعات ہیں کہ معروف فلمساز منی رتنم اپنی اگلی ہدایت کاری کے لیے وجے سیتھوپتی اور سائی پلوی کو مرکزی کرداروں میں فائنل کر چکے ہیں۔ اگرچہ باضابطہ اعلان باقی ہے، مبینہ کاسٹنگ نے مداحوں میں خاصا جوش پیدا کر دیا ہے۔ فلم کو مدراس ٹاکیز اور لائکا پروڈکشن مشترکہ طور پر پروڈیوس کر سکتے ہیں۔
سائی پلوئی اور وجے سیتھوپتی ۔تصویر: آئی این این
میڈیا رپورٹس، خصوصاً ۱۲۳؍ تیلگو کے مطابق مشہور ہدایت کار منی رتنم نے اپنی آئندہ فلم کے لیے وجے سیتھوپتی اور سائی پلوی کو مرکزی کرداروں کے لیے منتخب کر لیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کو مدراس ٹاکیز اور لائیکاپروڈکشن مشترکہ طور پر پروڈیوس کریں گے۔ اگر منصوبہ بندی کے مطابق پیش رفت ہوتی ہے تو شوٹنگ رواں سال موسمِ گرما میں شروع ہو سکتی ہے۔ تاحال فلم کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم شائقین اس ممکنہ اشتراک کو منی رتنم کی اگلی بڑی پیشکش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
دوسری جانب وجے سیتھوپتی اس وقت کئی پروجیکٹس میں مصروف ہیں۔ ’’اراسان‘‘ میں ان کی شرکت کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں ہوئیں کہ شیڈولنگ مسائل کے باعث وہ پروجیکٹ چھوڑ سکتے ہیں، تاہم اداکار نے واضح کیا ہے کہ وہ اس فلم کا حصہ ہیں۔یہ فلم ہدایت کار ویٹری مارن کی پیشکش بتائی جا رہی ہے، جس میں سلمبراسن مرکزی کردار ادا کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واڈا چنئی کائنات سے متاثر گینگسٹر ایکشن ڈرامہ ہوگا، جس کی موسیقی انیرودھ روی چندر ترتیب دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: یش کی فلم ’’ٹاکسک‘‘ میں اکشے اوبیرائے اور سُدیو نائر کا داخلہ
مزید برآں، وجے جلد ہی معروف ہدایت کار کمار راجہ کے ساتھ فلم پاکٹ ناول میں بھی نظر آئیں گے، جس میں مالاویکا موہنن، راج بی شیٹی اور کشور اہم کردار ادا کریں گے۔ فلم کی سینماٹوگرافی نیرو شاہ جبکہ موسیقی لیجنڈری کمپوزر الایا راجہ ترتیب دیں گے۔
۳۳؍ سالہ سالہ اداکارہ سائی پلوی کے پاس بھی متعدد بڑے پروجیکٹس ہیں۔ وہ جلد ہی ’’رامائن‘‘ میں سیتا کا کردار ادا کریں گی، جس کی ہدایت کاری نتیش تیواری کر رہے ہیں۔ فلم میں رنبیر کپور رام، یش راون اور سنی دیول ہنومان کا کردار ادا کریں گے۔ فلم کا پہلا حصہ دیوالی پر ریلیز ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ سائی پلوی ’’ایک دن‘‘ میں جنید خان کے ساتھ نظر آئیں گی، جسے عامر خان، منصور خان اور اپرنا پروہت پروڈیوس کر رہے ہیں۔ مزید یہ کہ وہ فلم ’’ڈی ۵۵‘‘ میں دھنش کے ساتھ بھی جلوہ گر ہوں گی۔
منی رتنم کی فلمیں عموماً مضبوط کہانی، بصری جمالیات اور گہرے جذباتی بیانیے کے لیے مشہور ہیں۔ اگر وجے سیتھوپتی اور سائی پلوی واقعی ان کی اگلی فلم کا حصہ بنتے ہیں تو یہ جنوبی بھارتی سنیما کے لیے ایک نمایاں اشتراک ثابت ہو سکتا ہے۔ فی الحال شائقین کو باضابطہ اعلان کا انتظار ہے، تاہم قیاس آرائیاں اس بات کی غمازی کر رہی ہیں کہ یہ پروجیکٹ آئندہ برسوں کی اہم فلموں میں شامل ہو سکتا ہے۔