• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میٹا نے آن لائن فراڈ سے آگاہی کیلئے انسٹاگرام اور ویوز او ٹی ٹی پر مختصر ڈرامہ سیریز لانچ کر دی

Updated: November 20, 2026, 7:05 PM IST | New Delhi

آن لائن فراڈ اور ڈجیٹل دھوکہ دہی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر میٹا نے مرکزی حکومت کے اداروں کے اشتراک سے انسٹاگرام اور ویوز او ٹی ٹی پر ایک مختصر ڈرامہ سیریز لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسکیم سے بچو مہم کے تحت تیار کی گئی یہ سیریز جعلی ملازمتوں، سرمایہ کاری کے فراڈ اور ڈجیٹل اریسٹ جیسے طریقوں سے شہریوں کو آگاہ کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد لوگوں کو مشکوک سرگرمیوں کی بروقت شناخت اور ۱۹۳۰؍ ہیلپ لائن نمبر پر اطلاع دینے کے حوالے سے باخبر بنانا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

جعلی ملازمتوں کی پیشکش، سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی اور خود کو پولیس افسر ظاہر کر کے کال کرنے والے مجرموں کے طریقوں کو بے نقاب کرنے کیلئے مرکزی حکومت اور میٹا نے جمعرات کو ایک مختصر ڈرامہ سیریز کا اعلان کیا ہے۔ میٹا کے مطابق، اس سیریز کا پریمیئر انسٹاگرام پر ہوگا، جس کے بعد اسے ویوز او ٹی ٹی پر بھی ریلیز کیا جائے گا۔ ان اقساط میں ناظرین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں اور اگر ان کے ساتھ دھوکہ دہی ہو جائے تو فوری طور پر قومی سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر ۱۹۳۰؍ پر کال کریں۔ میٹا نے بتایا کہ اس نے وزارتِ اطلاعات و نشریات، پرسار بھارتی، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) اور انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (آئی4سی) کے ساتھ مل کر یہ شراکت داری کی ہے۔ کمپنی نے اس سیریز کو آن لائن فراڈ کے خلاف حکومت کی قیادت میں بننے والا ہندوستان کا پہلا عوامی مفاد کا `مائیکرو ڈرامہ قرار دیا ہے۔ یہ سیریز میٹا کی مہم ’اسکیم سے بچو‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت ڈجیٹل فراڈ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے مختصر فلموں، کریئیٹرز کے مواد اور تعلیمی مواد کا استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ میٹا نے کہا کہ ویوز او ٹی ٹی عوامی مفاد کی معلومات پیش کرنے کیلئے مختصر ڈراموں اور دیگر فارمیٹس کا استعمال جاری رکھے گا۔ آئی فورسی کے ڈائریکٹر نشانت کمار نے سائبر فراڈ میں اضافے کی طرف توجہ دلائی، جن میں ڈجیٹل اریسٹ جیسے فراڈ بھی شامل ہیں جن میں مجرم خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ فراڈ اکثر خوف اور جلد بازی کا سہارا لیتے ہیں تاکہ متاثرین کو معلومات کی تصدیق کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ ایسے جرائم سے نمٹنے کیلئے عوامی آگاہی اور بروقت اطلاع دینا انتہائی ضروری ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: رنویر سنگھ کی ’پرلے‘ بڑے پردے پر شاندار تماشا ہوگی: پروڈیوسر اننیا برلا

سیبی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنجے سی پوراؤ نے کہا کہ مالیاتی دھوکہ دہی کے طریقے تیزی سے بدل رہے ہیں، اس لئے سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے بروقت معلومات بے حد اہم ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’مائیکرو ڈراموں جیسے ابھرتے ہوئے فارمیٹ کے استعمال سے یہ اشتراک لوگوں کو دھوکہ دہی کے پیچیدہ طریقوں کو سمجھنے اور کوئی بھی مالی فیصلہ کرنے سے پہلے معلومات کی تصدیق کرنے کی ترغیب دے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ ’’اسکیم سے بچو جیسے عوامی آگاہی کے اقدامات مالی طور پر باخبر اور بااختیار شہری تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘ پرسار بھارتی کے سی ای او گورو دویدی نے کہا کہ کہانی سنانے کے نئے انداز پورے ہندوستان کے تخلیق کاروں (کریئیٹرز) کیلئے نئے مواقع کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ یہ شراکت داری حکومت، صنعت اور تخلیق کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لاتی ہے تاکہ یہ دکھایا جا سکے کہ مؤثر کہانی گوئی کس طرح شہریوں کو تعلیم دینے، باخبر رکھنے اور بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے ڈجیٹل مواد کے منظرنامے میں ملک کی قیادت کو مضبوط بنا سکتی ہے۔‘‘ 

یہ بھی پرھئے: سونیا گاندھی کی ۱۹۶۸ء کی شادی کی ساڑھی کا جواہر لعل نہرو کی قید سے خاص تعلق

میٹا انڈیا میں پبلک پالیسی کے سینئر ڈائریکٹر اور سربراہ امن جین نے کہا کہ جب لوگ جانی پہچانی صورتحال میں خطرے کی علامات دیکھتے ہیں تو ان کیلئے انہیں پہچاننا آسان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’حکومتی شراکت داروں کے ساتھ ہماری ’اسکیم سے بچو‘ مہم کے تین کامیاب مراحل کی بنیاد پر، یہ موبائل فرسٹ مائیکرو ڈرامہ سیریز فراڈ سے بچاؤ کی تعلیم کو روایتی فلموں اور ہدایات سے آگے لے جاتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی، حفاظتی ٹولز اور حکومت، صنعت و تخلیق کاروں کے باہمی تعاون سے میٹا کو امید ہے کہ وہ لاکھوں لوگوں کو کسی بھی فراڈ کے کامیاب ہونے سے پہلے رکنے، تصدیق کرنے اور اطلاع دینے میں مدد دے سکے گا۔ اس کے علاوہ، میٹا نے سرمایہ کاری کے فراڈ اور ڈجیٹل اریسٹ سے متعلق ایک کامک اسٹرپ (تصویری کہانی) بھی جاری کی ہے جس میں قارئین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک چیز پر رکیں، سوال اٹھائیں اور تصدیق کریں۔ کمپنی نے بتایا کہ اس نے گزشتہ ماہ آئی فور سی کے سائبر سیکیورٹی آگاہی مہینے کے حصے کے طور پر آئی فور سی اور `سکشم سینئر کے ساتھ مل کر بزرگ شہریوں کو آن لائن فراڈ پہچاننے میں مدد دینے کیلئے بھی مہم چلائی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK