• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میانمار کے روہنگیا مسلمانوں نے نسل کشی کے مقدمے میں تاریخی فیصلہ جیت لیا، مگر وطن واپسی اب بھی دور

Updated: November 20, 2026, 10:03 PM IST | Cox`s Bazar

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا امکان بہت کم ہے۔ میانمار کی حکومت، جسے اس فوج کی حمایت حاصل ہے اور جس پر آئی سی جے نے اجتماعی پھانسیوں، جنسی تشدد اور آتش زنی پر تنقید کی تھی، شاید ہی ان کی وطن واپسی کو قبول کرے۔ جمعہ کے روز اس نے فیصلے کو غیر متفقہ اور غیر منصفانہ قرار دیا۔ آزاد تجزیہ کار سائی کی زن سو نے کہا کہ خانہ جنگی کی وجہ سے محفوظ واپسی کے امکانات کم ہیں۔

Picture: X
تصویر: ایکس

بنگلہ دیش میں مقیم ہزاروں روہنگیا پناہ گزینوں نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت کے تاریخی فیصلے پر جشن منایا۔ بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے فیصلہ سنایا کہ میانمار نے ۲۰۱۷ کی ایک فوجی مہم کے دوران بنیادی طور پر مسلم اقلیت کی نسل کشی کی تھی۔ لیکن یہ فیصلہ بنگلہ دیش میں مقیم ۱۲ لاکھ روہنگیا افراد کو ان کے وطن واپسی کے قریب لانے میں شاید مددگار ثابت نہ ہو، جہاں ۲۰۲۱ کی فوجی بغاوت کے بعد سے خانہ جنگی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بین الاقوامی عدالت انصاف کا روہنگیا نسل کشی کے خلاف تاریخی فیصلہ، میانمار ذمہ دار قرار

بین الاقوامی امداد میں کمی کے باعث بنگلہ دیش، پناہ گزینوں کی کفالت کیلئے جدوجہد کر رہا ہے۔ ڈھاکہ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی وطن واپسی واحد قابل عمل حل باقی رہ گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا کہ یہ ”بہت جلد“ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھاکہ ۱ سے ۵ء۱ سال کے اندر محفوظ راستے کیلئے کثیر الجہتی سطح پر دباؤ ڈالے گا۔ بنگلہ دیش کے پاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدارت ہے اور وہ اقوام متحدہ اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کوششوں کو مضبوط بنانے کیلئے اس کا استعمال کرے گا۔ ۲۰۲۶ء کیلئے انسانی ہمدردی کی مد میں درکار ۷۱ کروڑ (۷۱۰ ملین) ڈالر کی فنڈنگ میں سے اب تک صرف تقریباً ۶۹ فیصد ہی پوری ہو سکی ہے۔ 

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا امکان بہت کم ہے۔ میانمار کی حکومت، جسے اس فوج کی حمایت حاصل ہے اور جس پر آئی سی جے نے اجتماعی پھانسیوں، جنسی تشدد اور آتش زنی پر تنقید کی تھی، شاید ہی ان کی وطن واپسی کو قبول کرے۔ جمعہ کے روز اس نے فیصلے کو غیر متفقہ اور غیر منصفانہ قرار دیا۔ آزاد تجزیہ کار سائی کی زن سو نے کہا کہ خانہ جنگی کی وجہ سے محفوظ واپسی کے امکانات کم ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ٹرمپ اسرائیلی دباؤ کے سبب ایران کے خلاف نئے حملوں پر غور کر رہے ہیں‘‘

۲۰۲۳ء کے آخر میں ریاست راکھائن میں فوج اور اراکان آرمی کے درمیان لڑائی شروع ہوئی تھی۔ اراکان آرمی اب تقریباً پورے راکھائن پر قابض ہے، جہاں زیادہ تر پناہ گزینوں کو واپس جانا ہے۔ اس پر بھی روہنگیا افراد کے خلاف مظالم کے الزامات عائد کئے گئے ہیں اور اس نے اس فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

اراکان پروجیکٹ کی کرس لیوا نے کہا کہ شہریت، حقوق اور حقیقی تحفظ کے بغیر واپسی ناممکن ہے۔ میانمار طویل عرصے سے روہنگیا افراد کو غیر قانونی تارکین وطن سمجھتا رہا ہے اور انہیں شہریت دینے سے انکار کرتا آیا ہے۔ میانمار کا کہنا ہے کہ اس نے بنگلہ دیش کے کیمپوں میں مقیم ۳ لاکھ ۸ ہزار ۷۹۷ افراد کی سابقہ راکھائن باشندوں کے طور پر تصدیق کی ہے، لیکن وطن واپسی اسی وقت شروع ہوگی جب سیکوریٹی کی صورتحال بہتر ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: SIR: امریکی مذہبی آزادی کمیشن کا ہندوستان پر اقلیتوں کو نشانہ بنانے کا الزام

انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے رچرڈ ہورسی نے کہا کہ بنگلہ دیش کو ایسی ریاست کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے ہوں گے جسے اب نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اور تیزی سے ابھرتی ہوئی اراکان آرمی کے ساتھ بھی بات چیت کرنا ہوگی۔

ملائیشیا، جہاں تقریباً ۱ لاکھ ۳۳ ہزار ۴۰۰ رجسٹرڈ روہنگیا مقیم ہیں، نے کہا ہے کہ وہ ہنر مندی کی تربیت کے پروگرام کے ذریعے ان میں سے ۱۰ ہزار افراد کو ترکی میں دوبارہ آباد کرے گا۔ ۲۴ سالہ پناہ گزین محمد زبیر نے کہا کہ اس فیصلے سے ”نئی طاقت“ ملی ہے۔ وہ اس دن کا خواب دیکھتے ہیں جب روہنگیا ”اپنی آبائی سرزمین پر آزادانہ چل پھر سکیں گے۔“

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK