Updated: March 31, 2026, 7:09 PM IST
| Mumbai
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ہندوستانی فلم انڈسٹری کو بھی متاثر کیا ہے، جس کے باعث اکشے کمار کی ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کی شوٹنگ دبئی سے ممبئی منتقل کر دی گئی۔ ہدایتکار احمد خاننے دبئی میں ایک بڑے گانے کی شوٹنگ کا منصوبہ بنایا تھا، مگر غیر یقینی حالات کے سبب لوکیشن تبدیل کرنا پڑا۔ اب ممبئی میں بڑے سیٹس تیار کیے جا رہے ہیں۔
ویلکم ٹو دی جنگل کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این
مغربی ایشیا میں جاری جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے اثرات اب صرف سیاست یا معیشت تک محدود نہیں رہے بلکہ اس کا اثر عالمی تفریحی صنعت، خاص طور پر بالی ووڈ پر بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اکشے کمار کی آنے والی فلم ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘کی شوٹنگ کے منصوبے میں بڑی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ہدایت کار احمد خان نے اس فلم کے لیے ایک شاندار گانے کی ترتیب دبئی میں شوٹ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ دبئی کو اس گانے کے لیے اس لیے منتخب کیا گیا تھا کیونکہ فلم میں دکھائی جانے والی عیش و عشرت کی دنیا،جیسے نائٹ کلب، کیسینو اور پرائیویٹ جیٹس،کے لیے یہ ایک مثالی مقام سمجھا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: زیک اسنائیڈر کی ہما قریشی کی تعریف، نئی شراکت داری کی قیاس آرائیاں
تاہم، مشرق وسطیٰ میں جاری غیر یقینی صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث فلم کی ٹیم کو اپنے منصوبے تبدیل کرنے پڑے۔ ذرائع کے مطابق، پروڈکشن ٹیم نے کئی ہفتوں تک حالات کے بہتر ہونے کا انتظار کیا، لیکن جب صورتحال مستحکم نہ ہو سکی تو شوٹنگ کو ممبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اب فلم کے لیے ممبئی کے مختلف مقامات جیسے مدھ آئی لینڈ، گورگاؤں فلم سٹی اور گولڈن ٹوبیکو اسٹوڈیو میں بڑے پیمانے پر سیٹس تیار کیے جا رہے ہیں۔ ان سیٹس کو معروف پروڈکشن ڈیزائنر سیلیش مہدک تیار کر رہے ہیں، جن میں ایک لگژری دنیا کی جھلک پیش کی جائے گی تاکہ دبئی جیسے ماحول کو حقیقت کے قریب لایا جا سکے۔
فلم کے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈ والا اور ہدایت کار احمد خان نے اس گانے کو فلم کا ایک اہم اور شاندار حصہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، اس لیے انہوں نے اس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شوٹنگ کو ملتوی کرنے کا آپشن تقریباً ناممکن تھا، کیونکہ فلم کی کاسٹ انتہائی بڑی اور مصروف ہے۔ اتنی بڑی اسٹار کاسٹ کے ساتھ نئی تاریخیں طے کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا، اس لیے ٹیم نے لوکیشن بدلنے کو ہی بہتر حل سمجھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’یوفوریا‘‘ سیزن ۳؍ کا ٹریلر ریلیز، کہانی میں بڑی تبدیلی پر بحث
یہ پہلا موقع نہیں جب موجودہ کشیدگی نے بالی ووڈ کو متاثر کیا ہو۔ ایک دن پہلے شاہ رخ خان کی فلم ’’کنگ‘‘ کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ عالمی حالات اب فلمی منصوبہ بندی پر براہ راست اثر ڈال رہے ہیں۔ ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ ایک بڑی ملٹی اسٹارر کامیڈی فلم ہے جس میں ۳۰؍ سے زائد اداکار شامل ہیں۔ اس فلم کو ایک بڑے پیمانے کی انٹرٹینمنٹ پیکج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں ہر اداکار اپنی مزاحیہ ٹائمنگ کے لیے جانا جاتا ہے۔