• Tue, 20 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈبلیو پی ایل ۲۰۲۷ء نیلامی میں مولینو اور ڈنکلی کی بیس پرائس سب سے زیادہ

Updated: October 20, 2026, 7:06 PM IST | Mumbai

کوچی میں ۲۸؍ اکتوبر سے شروع ہونے والی ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) ۲۰۲۷ء کی منی نیلامی میں ۲۷؍ دستیاب مقامات کے لیے مجموعی طور پر۱۴۶؍ کھلاڑیوں نے اپنا نام درج کرایا ہے۔

Women Premier League.Photo:X
ویمنز پریمیر لیگ۔ تصویر:ایکس

کوچی میں ۲۸؍ اکتوبر سے شروع ہونے والی ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) ۲۰۲۷ء کی منی نیلامی میں  ۲۷؍ دستیاب مقامات کے لیے مجموعی طور پر۱۴۶؍ کھلاڑیوں نے اپنا نام درج کرایا ہے۔ ان میں انگلینڈ کی بلے باز صوفیہ ڈنکلی اور آسٹریلیا کی کپتان صوفی مولینو نے سب سے زیادہ ۵۰؍ لاکھ روپے کی بیس پرائس مقرر کی ہے۔


نیلامی میں شامل ہندوستانی کھلاڑیوں کی تعداد ۱۱۹؍ ہے، جن میں ۲۲؍کیپڈ اور ۹۷؍ ان کیپڈ کھلاڑی ہیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے ۲۰؍مقامات دستیاب ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے پول میں ۲۷؍ نام شامل ہیں، جن میں ۱۴؍ کیپڈ اور ۱۳؍ ان کیپڈ کھلاڑی ہیں۔ ان میں ایسوسی ایٹ ٹیموں کے چھ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے سات مقامات دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:دبئی میں پرورش پانےوالے حاتم علی نے ہندوستانی فٹ بال میں تاریخ رقم کی

ممبئی انڈینز سے ریلیز کی گئی جی کملنی، یو پی واریئرز سے ریلیز کی گئی کرن ناگ ویرے، ہیدر گراہم اور جیس جوناسن نے۴۰؍ لاکھ روپے کی دوسری سب سے زیادہ بیس پرائس رکھی ہے۔ مجموعی طور پر ۳۰؍ کھلاڑیوں نے ۳۰؍لاکھ روپے کی بیس پرائس پر رجسٹریشن کرایا ہے۔ نیلامی میں حصہ نہ لینے والی نمایاں کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کی آل راؤنڈر ڈی اینڈرا ڈوٹن بھی شامل ہیں، جنہیں یو پی واریئرز نے ریلیز کیا تھا۔ آسٹریلیا کی لیگ اسپنر الانا کنگ کو دہلی کیپٹلز نے ریلیز کیا تھا، جبکہ لیزیل لی نے بھی فرنچائز سے ریلیز ہونے کے بعد نیلامی کے لیے اپنا نام درج نہیں کرایا۔

یہ بھی پڑھئے:جیمی لیور نے اپنی محنت سے فلم انڈسٹری میں شناخت قائم کی

انگلینڈ کی صرف دو کھلاڑیوں، ڈنکلی اور کیرا چیتھلی نے نیلامی کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے۔ ڈینی وائٹ ہاج، ایلس کیپسی، ڈینی گبسن، لارین فائلر اور لِنسی اسمتھ سمیت کئی دیگر کھلاڑی اگلے سال ڈبلیو پی ایل میں حصہ نہیں لیں گی۔یہ بھی سمجھا جا رہا ہے کہ ڈبلیو پی ایل میں ملنے والی نسبتاً کم رقم انگلینڈ کی کئی کھلاڑیوں کے نیلامی میں رجسٹریشن نہ کرانے کی ایک وجہ ہے۔ بیشتر بین الاقوامی کھلاڑیوں کو دی ہنڈریڈ  میں کھیلنے کے لیے اس سے زیادہ رقم ملتی ہے۔ گزشتہ سال اس مقابلے میں کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ۴۰ء۲؍ کروڑ روپے تک ملے تھے، جبکہ ڈبلیو پی ایل میں زیادہ سے زیادہ بیس پرائس  ۵۰؍ لاکھ روپے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK