Updated: November 28, 2026, 9:57 PM IST
| New Delhi
ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ کے ریڈیو اسٹیشنوں پر صرف روپا بسواس کا ۱۹۸۲ء کا بنگالی ڈسکو گیت ’آج شنی بار‘ ہی نہیں، بلکہ ہندوستانی نژاد فنکاروں کے ۲؍ دیگر گانے بھی سنائی دے رہے ہیں۔ ان میں جارج مائیکل کے مشہور گیت ’کیرلس وِسپر‘ کا ہندی ورژن اور ہندوستانی نژاد امریکی ڈی جے نرسمہا کا جدید کلب ٹریک ’فنگا‘ شامل ہیں۔ یوں ہندوستانی موسیقی اور اس سے متاثر فنکاروں کی آوازیں دنیا کے مقبول ترین ویڈیو گیمز میں سے ایک کے ذریعے نئی نسل تک پہنچ رہی ہیں۔
دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘ (جی ٹی اے ۶) کی موسیقی میں ہندوستانی نژاد فنکاروں کی موجودگی نے موسیقی کے شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ اب تک اس گیم کے حوالے سے کولکاتا کی گلوکارہ روپا بسواس کے ۱۹۸۲ء کے بنگالی ڈسکو گیت ’آج شنی بار‘ کا خاص طور پر ذکر ہو رہا تھا، لیکن گیم کے ریڈیو اسٹیشنوں اور نائٹ کلبوں میں ہندوستانی موسیقی سے جڑے مزید گیت بھی شامل ہیں۔ ان میں ۱۹۸۹ء میں ریکارڈ کیا گیا ہندی گیت ’آئس مانزیل‘ اور امریکی شہر لاس اینجلس میں مقیم ہندوستانی نژاد ڈی جے اور موسیقار نرسمہا، جن کا اصل نام نِویدَن نائک ہے، کا جدید الیکٹرانک میوزک ٹریک ’فنگا‘ شامل ہے۔ ان میں پہلا گیت ’آئس مانزیل‘ جارج مائیکل کے عالمی شہرت یافتہ گانے ’کیرلس وِسپر‘ کا ہندی ورژن ہے۔ اسے انڈو سورینامی ڈچ گلوکار وِم شمشیر محمد دامری نے گایا تھا اور یہ ۱۹۸۹ء میں ان کے البم ’انوویشنز‘ کے حصے کے طور پر جاری ہوا تھا۔ اس گیت کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں اصل گانے کی معروف سیکسوفون دھن کو برقرار رکھتے ہوئے ہندی گائیکی، ۱۹۸۰ء کی دہائی کی سنتھیسائزر موسیقی اور کیریبین انداز کی ردھم کو یکجا کیا گیا ہے۔ اس طرح یہ محض کسی مشہور مغربی گیت کا ترجمہ نہیں بلکہ جنوبی ایشیائی اور کیریبین موسیقی کے امتزاج سے تیار کردہ ایک منفرد پیشکش ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ارجن رامپال نےماڈل سے سنجیدہ اداکار تک کا سفر طے کیا
یہ گیت روٹرڈیم میں جنوبی ایشیائی تارکین وطن کی موسیقی کی دنیا سے ابھرا تھا۔ طویل عرصے تک ونائل ریکارڈ جمع کرنے والوں اور پرانی موسیقی کے شائقین کے درمیان اس کی قدر رہی، لیکن ’جی ٹی اے ۶؍ ‘ میں شمولیت کے بعد اسے ایک نئی نسل کے سامعین تک پہنچنے کا موقع ملا ہے۔ گیم کے ریڈیو اسٹیشن ’کیلیڈوسکوپ ایف ایم‘ پر اسے سنا جا سکتا ہے۔ دوسرا گیت ’فنگا‘ ہندوستانی نژاد امریکی ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر نرسمہا کا ہے۔ ان کا اصل نام نویدن نائک ہے اور وہ لاس اینجلس میں مقیم ہیں۔ یہ ٹریک ۲۲؍ اپریل کو برطانوی میوزک لیبل ننجا ٹیون کے ذیلی پلیٹ فارم ’آؤٹ لائر‘ کے ذریعے جاری کیا گیا تھا۔ نرسمہا کی موسیقی میں ہاؤس میوزک کے جدید انداز کے ساتھ مغربی افریقی، لاطینی امریکی اور جنوبی ایشیائی ردھم کا امتزاج ملتا ہے۔ وہ خود لائیو ڈجیمبے ساز بھی بجاتے ہیں، جو مغربی افریقہ کا ایک روایتی طبلہ نما ساز ہے۔’فنگا‘ میں تیز رفتار ہاؤس میوزک کے ساتھ روایتی سازوں کی تھاپ اور مختلف خطوں کی موسیقی کے اثرات سنائی دیتے ہیں۔ گیم کے ریڈیو اسٹیشن ’ورلڈ وائیڈ ایف ایم‘ کے عالمی اور متنوع موسیقی کے مزاج سے یہ ٹریک خاص مناسبت رکھتا ہے۔ نرسمہا نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ ان کا گانا گیم کے اندر موجود نائٹ کلبوں میں بھی بجایا جاتا ہے۔ اس طرح یہ صرف ریڈیو تک محدود نہیں بلکہ گیم کی کلب کلچر کا بھی حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان کی ’کنگ‘ ۳؍ گھنٹے ۱۷؍ منٹ طویل ہوگی، ۲۰؍ برس بعد ریکارڈ بنے گا
ان تینوں گیتوں میں سب سے زیادہ توجہ روپا بسواس کے ’آج شنی بار‘ کو حاصل ہوئی ہے۔ یہ گانا ان کے پہلے اور واحد البم ’ڈسکو جاز‘ میں شامل تھا، جو ۱۹۸۲ء میں ریلیز ہوا۔ اس کی موسیقی میں ہندوستانی کلاسیکی دھنوں کے ساتھ ڈسکو، فنک اور جاز کے عناصر شامل تھے۔ روپا بسواس، جن کا اصل نام شکلا بسواس ہے، نے یہ البم کینیڈا کے شہر کیلگری میں ریکارڈ کیا تھا۔ اس میں معروف سارود نواز آشیش خان اور طبلہ نواز پرنیش خان نے بھی حصہ لیا تھا۔ البم کی ریلیز کے وقت اسے زیادہ تشہیر نہیں مل سکی اور گلوکارہ کو وہ کامیابی حاصل نہ ہوئی جس کی انہیں امید تھی۔ روپا بسواس نے بعد میں گلوکاری سے بھی فاصلہ اختیار کرلیا، لیکن کئی دہائیوں بعد ونائل ریکارڈ جمع کرنے والوں اور موسیقی کے شائقین نے اس البم کو دوبارہ دریافت کیا۔ ۲۰۱۹ء میں اس کی دوبارہ اشاعت ہوئی اور اب ’جی ٹی اے ۶؍ ‘ کے ریڈیو اسٹیشن ’ورلڈ وائیڈ ایف ایم‘ میں ’آج شنی بار‘ کی شمولیت نے اسے عالمی سطح پر نئی شناخت دی ہے۔
’جی ٹی اے ۶ ‘ میں ان گیتوں کی شمولیت اس بات کی مثال ہے کہ ویڈیو گیمز اب صرف تفریح یا کھیل تک محدود نہیں رہے، بلکہ عالمی موسیقی کو نئے سامعین تک پہنچانے کا ذریعہ بھی بن رہے ہیں۔ اس گیم میں امریکی، لاطینی، افریقی، یورپی اور ایشیائی موسیقی کے مختلف انداز شامل کیے گئے ہیں۔ ہندوستانی نژاد فنکاروں کے گیتوں کی موجودگی بھی اسی عالمی موسیقی کے انتخاب کا حصہ ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ان میں ایک پرانا بنگالی ڈسکو گیت، ایک ہندی زبان میں پیش کیا گیا مغربی پاپ گیت اور ایک جدید عالمی کلب ٹریک شامل ہیں، جو ہندوستانی موسیقی کے مختلف ادوار اور ثقافتی اثرات کو ایک ہی گیم میں یکجا کرتے ہیں۔