Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’دل چاہتا ہے‘ کی موسیقی محض ساڑھے ۳؍ دنوں میں تیار ہو گئی تھی

Updated: June 27, 2026, 10:20 AM IST | Mumbai

موسیقار شنکر مہادیون نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور فلم ’دل چاہتا ہے‘کا پورا ساؤنڈ ٹریک محض ساڑھے تین دن میں تیار کیا گیا تھا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

موسیقار شنکر مہادیون نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور فلم ’دل چاہتا ہے‘کا پورا ساؤنڈ ٹریک محض ساڑھے تین دن میں تیار کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے وہ، فرحان اختر، رتیش سدھوانی، احسان نورانی اور لوئے مینڈونسا کھنڈالا میں ایک تخلیقی نشست کے لیے جمع ہوئے تھے، جہاں فلم کی موسیقی کو حتمی شکل دی گئی۔شنکر مہادیون کےمطابق، یہ مختصر مگر غیر معمولی تخلیقی سفر ہندوستانی فلمی موسیقی کی تاریخ کے یادگار تجربات میں سے ایک تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران پورے البم کے گیتوں کی دھنیں تیار کی گئیں، جنہوں نے بعد میں نئی نسل کی سوچ، دوستی اور جدید طرزِ زندگی کی بھرپور عکاسی کی۔انہوں نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا کہ فلم کا مشہور ٹائٹل گیت ’دل چاہتا ہے‘  کی دھن ابتدا میں فلم کے کسی اور منظر کے لیے تیار کی گئی تھی۔بعدمیں فرحان اختر اور موسیقاروں نے اس پر دوبارہ غور کیا اور اسے موجودہ شکل دی، جو آگے چل کر بالی ووڈ کی تاریخ کے مقبول ترین اور یادگار نغموں میں شمار ہونے لگا۔فلم ’دل چاہتا ہے‘ اس سال اپنی ریلیز کے ۲۵؍برس مکمل کر رہی ہے۔ایسے میں اس کی موسیقی کی تخلیق سے وابستہ یہ داستان اس بات کا ثبوت ہے کہ بعض اوقات چند دنوں کی تخلیقی یکسوئی اور مشترکہ محنت ایسے شاہکار جنم دیتی ہے جو نسلوں تک زندہ رہتے ہیں۔ ۲۰۰۱ءمیںریلیز ہونے والی اس فلم نے نہ صرف ہندی سینما میں دوستی کی نئی تعریف پیش کی بلکہ موسیقی کےمیدان میں بھی ایک نیا رجحان قائم کیا۔جاوید اختر کے لکھے ہوئے گیت اور شنکر، احسان اور لوئے کی دھنوں نے مل کر ایک ایسا ساؤنڈ ٹریک تخلیق کیا جو آج بھی سامعین کے دلوں میں تازہ ہے۔’کوئی کہے کہتا رہے‘،’جانے کیوں لوگ پیار کرتے ہیں‘، ’تنہائی‘ اور’دل چاہتا ہے‘ جیسے نغمے نہ صرف اس دور کے نوجوانوں کی آواز بنے بلکہ وقت گزرنے کے باوجود اپنی کشش برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ یہی وجہ ہے کہ ۲۵؍برس بعد بھی ’دل چاہتا ہے‘ کی موسیقی کو ہندی فلمی دنیا کے بہترین اور اثر انگیز ترین البمز میں شمار کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK