• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نئی نسل کے اداکاروں میں اعتماد کی کمی ہے: فرح خان کا دعویٰ

Updated: November 07, 2026, 8:01 PM IST | Mumbai

فلمی دنیا میں بدلتے رجحانات اور نئی نسل کے اداکاروں کے رویے نے بالی ووڈ میں سپر اسٹارز کے مستقبل سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

Farah Khan. Photo: INN
فرح خان۔ تصویر: آئی این این

ہدایتکار اور کوریوگرافر فرح خان کا ماننا ہے کہ بالی ووڈ میں حقیقی سپر اسٹارز کی آخری نسل کا دور بھی اب اختتام کے قریب ہے۔ ان کے مطابق آج کے نوجوان اداکاروں میں ہدایتکار پر بھروسا کرنے اور فلمسازی کے عمل پر اعتماد کرنے کی صلاحیت کم ہوتی جارہی ہے۔ وہ فلم کے گانوں کی کوریوگرافی، موسیقی اور فنکاروں کے انتخاب جیسے معاملات میں بھی مداخلت کرتے ہیں، جو دراصل ان کے اندر خود اعتمادی کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فرح خان نے آج کے اداکاروں کے رویے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے اداکاروں کو کسی پر اعتماد نہیں ہے، یہاں تک کہ وہ ہدایتکار کے فیصلوں پر بھی بھروسا نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان بیٹی سہانا خان کی یادداشت سے حیران ہوگئے

آج کے اداکاروں کے رویے پر بات کرتے ہوئے فرح خان نے کہا، ’’مسئلہ یہ ہے کہ آج کے اداکار کسی پر اعتماد نہیں کرتے۔ انہیں ہدایتکار پر بھی بھروسا نہیں ہوتا۔ وہ گانے کی کوریوگرافی خود کرنا چاہتے ہیں، موسیقی اور فنکاروں کے انتخاب میں بھی مداخلت کرتے ہیں۔ یہ سب اس وقت ہوتا ہے جب آپ کو خود اپنی صلاحیتوں پر اعتماد نہیں ہوتا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جو اداکار خود پر یقین رکھتے ہیں، وہ ہدایتکار اور فلمسازی کے پورے عمل پر بھروسا کرتے ہیں۔ اپنی بات کی وضاحت کیلئے فرح خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’میں ہوں نا‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ میں کام کرنے کے تجربات کا ذکر کیا۔

فرح خان نے کہا، ’’جب میں نے ’میں ہوں نا‘ کیلئے سشمیتا سین کو منتخب کرنے کی بات کہی، تو شاہ رخ خان نے کبھی کاسٹنگ میں مداخلت نہیں کی، حالانکہ اس وقت سشمیتا کوئی بڑی ہیروئن نہیں تھیں۔ اسی طرح جب میں نے ’اوم شانتی اوم‘ کیلئے ایک نئی لڑکی کو لینے کی بات کہی تو انہوں نے کوئی سوال نہیں کیا۔ انہوں نے صرف دپیکا پڈوکون کی تصویر دیکھی اور کہا کہ اگر تمہیں یہ ٹھیک لگتی ہے تو مجھے بھی منظور ہے۔‘‘ فرح خان نے ایسے اداکاروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو اپنے فلمی کریئر میں کوئی خاص کام کئے بغیر رسالوں کے سرورق اور ایوارڈ تقریبات میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ ان کے مطابق سپر اسٹار بننے کیلئے خود اعتمادی اور مسلسل محنت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، اکشے کمار اور سلمان خان کی مثال دیتے ہوئے فرح نے کہا کہ یہ تمام بڑے اداکار آج بھی اپنے کریئر کے ابتدائی دنوں کی طرح محنت کرتے ہیں، بلکہ ان میں سے بعض پہلے سے زیادہ محنت کررہے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر سلمان خان کی شوٹنگ کے تئیں پابندی اور لگن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو کبھی چھٹی کا مطالبہ کرتے ہیں اور نہ ہی اتوار کے دن کام کرنے سے انکار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جوہی چاؤلہ ’’روپ سہانا لگتاہے ‘‘ کے سبب سرخیوں میں ہیں

فرح خان نے ان اداکاروں پر بھی ناراضی ظاہر کی جو سیٹ پر اپنی لائنیں یاد کئے بغیر پہنچ جاتے ہیں اور وہاں آکر اسکرپٹ میں تبدیلیوں کا مطالبہ کرنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ آپ کا کام نہیں ہے۔ آپ صرف اپنا کام کیجیے۔ سب سے پہلے اپنی لائنیں یاد کرکے آئیے۔ سیٹ پر پہنچنے سے پہلے آپ کو اپنے مکالمے یاد ہونے چاہئیں، لیکن آپ یہ کام بھی نہیں کرپاتے۔ یہ بہت پریشان کن ہے۔ میں نے ایسا ہوتے دیکھا ہے۔ میں نے کچھ اداکاروں کی پہلی فلم میں ان کے ساتھ کام کیا اور پھر پانچویں فلم تک پہنچتے پہنچتے وہ سمجھنے لگے کہ انہیں سب کچھ آتا ہے۔ ان کے اردگرد بھی ایسے لوگ جمع ہوجاتے ہیں جو انہیں یہی احساس دلاتے ہیں۔ اب سپر اسٹارز کا دور ختم ہوچکا ہے۔ سلمان، شاہ رخ، امیتابھ اور اکشے اس نسل کے آخری سپر اسٹارز ہیں۔ جب تک یہ کام کررہے ہیں، ان سے لطف اندوز ہوں۔‘‘

فرح خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ۲۰۲۶ء کے اواخر میں ہدایتکاری کی دنیا میں واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کے بچے جب کالج جانے لگیں گے تو وہ اپنی نئی فلم پر کام شروع کرسکتی ہیں۔ اپنے ایک وی لاگ میں فلمساز نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ وہ اپنی اگلی فلم کی ہدایتکاری اسی صورت میں کریں گی جب شاہ رخ خان اس میں اداکاری کیلئے رضامند ہوں گے۔ بصورت دیگر وہ کسی مناسب اور پسندیدہ منصوبے کا انتظار کرنا بہتر سمجھیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK