• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سنگاپورایئرلائنز کا ۶ء۱؍ ارب ڈالرکا منصوبہ، طیاروں میں دنیا کا سب سے بڑا ڈبل بیڈ

Updated: November 07, 2026, 9:54 PM IST | Singapore

سنگاپور ایئرلائنز نے اپنے طویل فاصلے کے طیاروں کے اندرونی حصوں کی جدید کاری کے لیے ۲؍ ارب سنگاپور ڈالر (تقریباً ۶ء۱؍  ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ فرسٹ کلاس میں دو نشستوں کو ملا کر ۸۰؍ انچ لمبا اور ۶۰؍ انچ چوڑا ڈبل بیڈ بنایا جا سکے گا، جبکہ بزنس کلاس میں سلائیڈنگ پرائیویسی دروازے اور مکمل فلیٹ بیڈ متعارف ہوں گے۔ نئی سہولتیں ۲۰۲۷ء کے دوسرے نصف سے مرحلہ وار دستیاب ہوں گی۔

Photo: X
تصویر: ایکس

فضائی سفر کی عالمی صنعت میں مہنگے اور پُرتعیش سفری تجربات کے لیے مقابلہ مزید تیز ہوگیا ہے۔ سنگاپور ایئرلائنز نے اپنے طویل فاصلے کے سفر کو زیادہ آرام دہ اور نجی بنانے کے لیے طیاروں کی چاروں کلاسز، فرسٹ کلاس، بزنس کلاس، پریمیم اکانومی اور اکانومی میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کی سب سے نمایاں خصوصیت فرسٹ کلاس کا ایسا ڈبل بیڈ ہے جسے ایئرلائن نے تجارتی ہوا بازی کی دنیا کا سب سے بڑا ڈبل بیڈ قرار دیا ہے۔ اس کے لیے ساتھ والی دو مرکزی نشستوں کے درمیان موجود پارٹیشن ہٹا دیا جائے گا اور دونوں نشستیں مل کر ایک کشادہ بستر کی شکل اختیار کرلیں گی۔ ۶؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو متعارف کرائے گئے نئے فرسٹ کلاس سوئٹس میں یہ ڈبل بیڈ ۸۰؍ انچ یعنی تقریباً ۲۰۳؍ سینٹی میٹر لمبا اور ۶۰؍ انچ یعنی ۱۵۲؍ سینٹی میٹر چوڑا ہوگا۔ مسافر اپنی ضرورت کے مطابق دونوں نشستوں کو ملا کر ڈبل بیڈ یا دو افراد کے بیٹھنے کے لیے صوفے میں تبدیل کرسکیں گے۔ اگر کوئی مسافر تنہا سفر کررہا ہو تو ہر انفرادی نشست بھی ۸۰؍ انچ لمبے اور ۳۰؍ انچ چوڑے مکمل فلیٹ بیڈ میں تبدیل ہوسکے گی۔ اس طرح ایک ہی سوئٹ میں آرام، کھانے اور سونے کے لیے مختلف انتظامات دستیاب ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’بگ بازار‘ کے کشور بیانی کے خلاف ۹۰۴؍ کروڑ کے مبینہ بینک فراڈ کا سی بی آئی کیس

فرسٹ کلاس کے نئے سوئٹس میں خم دار سلائیڈنگ دروازے نصب کیے جائیں گے، تاکہ مسافروں کو زیادہ نجی اور پرسکون ماحول میسر آسکے۔ نشستوں پر اطالوی کمپنی پولٹرونا فراو (Poltrona Frau) کا چمڑا استعمال ہوگا، جبکہ کمر اور ٹانگوں کو سہارا دینے والے حصوں کو برقی نظام کے ذریعے اپنی ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کیا جاسکے گا۔ بستر کے لیے جرمنی کی کمپنی پیراڈائز (Paradies) کا تیار کردہ میٹریس ٹاپر، سوتی چادریں، کمبل اور مختلف اقسام کے تکیے فراہم کیے جائیں گے۔ ہر سوئٹ میں ۳۲؍ انچ کی 4K تفریحی اسکرین، وائرلیس چارجنگ اور بلوٹوتھ آڈیو کی سہولت بھی ہوگی۔ بزنس کلاس میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئی نشستوں میں سلائیڈنگ پرائیویسی دروازے ہوں گے اور انہیں مکمل طور پر ہموار بستر میں تبدیل کیا جاسکے گا۔ یہ بیڈ تقریباً ۷۹؍ انچ ( ۲۰۱؍ سینٹی میٹر) لمبا اور زیادہ سے زیادہ ۲۴؍ انچ (۶۱؍ سینٹی میٹر) چوڑا ہوگا۔ ساتھ سفر کرنے والے بعض مسافروں کے لیے مرکزی نشستوں کے درمیان موجود تقسیم کو ہٹا کر دونوں نشستوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور مشترکہ سونے کی جگہ بنانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ نئی نشستیں بی ایم ڈبلیو ڈیزائن ورکس (BMW Designworks) اور ریکارو ایئرکرافٹ سیٹنگ (RECARO Aircraft Seating) کے اشتراک سے تیار کی گئی ہیں۔ ان میں 4K تفریحی اسکرین، وائرلیس چارجنگ، یو ایس بی-سی پورٹس اور ذاتی نشستوں کی ترجیحات محفوظ رکھنے والے اسمارٹ کنٹرولز شامل ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹیسلا سائبرٹرک کی پیداوار کم کرکے سائبرکیب کی تیاری بڑھائے گی

یہ سرمایہ کاری صرف مہنگے ٹکٹ خریدنے والے مسافروں تک محدود نہیں رہے گی۔ پریمیم اکانومی اور اکانومی کلاس میں بھی نشستوں کے ڈیزائن، آرام، سامان رکھنے کی جگہ اور تفریحی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ نئے بوئنگ 777-9 طیاروں میں چاروں کلاسز کے لیے نئی نشستیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ موجودہ ایئربس A350-900 طیاروں کی تزئین و آرائش کے دوران ان میں بزنس کلاس کی نئی نشستیں نصب ہوں گی۔ ایئربس A350-900 کے الٹرا لانگ رینج (ULR) ماڈل میں پہلی مرتبہ فرسٹ کلاس سوئٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ اس پورے منصوبے میں ۷۲؍ طیارے شامل ہیں، جن میں 41 ایئربس A350-900 طیارے اور ۳۱؍ نئے بوئنگ 777-9 طیارے شامل ہیں۔ ایئرلائن کے مطابق نئی نشستوں اور کیبن کی سہولتیں ۲۰۲۷ء کے دوسرے نصف سے مرحلہ وار متعارف ہوں گی۔ بوئنگ 777-9 کی ترسیل میں تاخیر کے باعث سنگاپور ایئرلائنز نے اپنے موجودہ A350 طیاروں کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا ہے، تاکہ مسافروں کو نئی سہولتوں کے لیے مزید طویل انتظار نہ کرنا پڑے۔ 
کیبن کی تبدیلی کے ساتھ ایئرلائن پرواز کے دوران تفریح، انٹرنیٹ اور کھانے پینے کی سہولتوں کو بھی اپ گریڈ کررہی ہے۔ اس کے تفریحی نظام ’کرس ورلڈ‘ (KrisWorld) میں 4K اسکرینز، بلوٹوتھ آڈیو اور مزید مواد شامل کیا جائے گا۔ کمپنی ۱۰۰؍ سے زائد نئے اور بہتر بنائے گئے کھانے متعارف کرائے گی، جبکہ پریمیم کلاسز میں کرسٹوفل (Christofle) کے خصوصی ڈنر ویئر استعمال کیے جائیں گے۔ بزنس کلاس کے مسافروں کو پہلی مرتبہ سلیپر سوٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ A350 اور A380 طیاروں پر اسٹارلنک (Starlink) سیٹلائٹ انٹرنیٹ متعارف کرانے کی تیاری ہے، جس کا آغاز 2027ء کی پہلی سہ ماہی سے متوقع ہے۔ زمین پر بھی مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے سنگاپور ایئرلائنز اپنے سلور کرس لاؤنجز (SilverKris Lounges) کی تزئین و آرائش پر ۱۳۰؍ ملین سنگاپور ڈالر سے زیادہ خرچ کررہی ہے۔ ان لاؤنجز میں کھانے، کام کرنے اور آرام کرنے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ سمیت دیگر بین الاقوامی مقامات پر بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ فرسٹ کلاس کے مسافروں کو چانگی ایئرپورٹ پر خصوصی معاونت، بگی ٹرانسفر اور امیگریشن و سکیورٹی کے مراحل میں ترجیحی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: جرمن کار ساز کمپنیاں چین کے مقابلے میں بے بس، چینی آٹو موبائل صنعت کوبرتری حاصل

فضائی کمپنیوں کے درمیان یہ مقابلہ ایسے وقت میں شدت اختیار کر رہا ہے جب قطر ایئرویز، ایمریٹس، اتحاد ایئرویز اور ایئر فرانس سمیت کئی بین الاقوامی ادارے اپنے پریمیم کیبنز پر بھاری سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ سنگاپور ایئرلائنز کی نئی سرمایہ کاری کا مقصد صرف بڑی نشستیں اور مہنگے سوئٹس متعارف کرانا نہیں بلکہ طویل پروازوں میں مسافروں کو زیادہ ذاتی جگہ، بہتر نیند، تفریح اور خدمات فراہم کرنا بھی ہے۔ تاہم نئی سہولتوں سے مسافروں کو فائدہ اٹھانے کے لیے ۲۰۲۷ء کے دوسرے نصف تک انتظار کرنا ہوگا، جبکہ ایئرلائن نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ کن بین الاقوامی روٹس پر نئے کیبن سب سے پہلے متعارف ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK