Inquilab Logo

پنکج ترپاٹھی کے پاس ہمیں سنانے کیلئے کوئی نہ کوئی کہانی ضرور ہوتی تھی:علی فضل

Updated: October 24, 2020, 3:00 AM IST | Abdul Kareem Qasim Ali | Mumbai

علی فضل کی ویب سیریز ’مرزا پور۲‘حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے اور اس میں بھی انہوں نے کمال کی اداکاری کی ہے۔

Ali Fazal Photo: INN
علی فضل۔ تصویر: آئی این این

علی فضل کی ویب سیریز ’مرزا پور۲‘حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے اور اس میں بھی انہوں نے کمال کی اداکاری کی ہے۔ علی فضل نے بالی ووڈ اور ویب سیریز میں اپنی الگ شناخت قائم کرلی ہے اور وہ اب بالی ووڈ کے معروف اداکاروں میں شمارہوتے ہیں ۔ مرزا پور کے پہلے حصے میں ان کے کردار ’گڈو پنڈت ‘ کی بہت پزیرائی ہوئی تھی اور اس بار بھی انہوں نے اپنی اداکاری سے ناقدین کو تعریف کرنے پرمجبور کردیا ہے۔ نمائندہ انقلاب نے اداکار علی فضل سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
س:کیا آپ نے اپنے جنم دن پر بھی کام کیا تھا؟ 
ج: جی ہاں ، یہ پہلی بار نہیں ہے ، اس سے پہلے بھی میں ایسا کرچکاہوں ۔ گزشتہ سال میں لندن میں شوٹنگ میں مصروف تھا اور اس بار ممبئی میں مصروف رہا۔ گزشتہ دنوں ممبئی میں بارش تھی اور میں نے را ت ۱۲؍بجے اپنا کام مکمل کیا اور اپنے قریبی افراد کے ساتھ جنم دن منایا ۔ 
س:ویب سیریز کی کامیابی پرآپ کاکیا کہنا ہے؟ 
ج:مرزا پور کا پہلا حصہ دیکھنے کے بعد اس کے دوسرے حصے کیلئے مداح بہت بے چین تھے۔ جب ہم نے اس کا ٹیزر ، ٹریلر اور پوسٹر جاری کئے تھے تو ہمیں مثبت اشارے ملے ۔ ہم پر بھی دباؤ تھا کیونکہ دوسرا حصہ بھی پہلے کی طرح دمدار بنانا تھا۔ میرے کردار کو مضبوط بنانے کیلئے میں ہدایتکا ر اور رائٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی بدولت میں گڈو کا کردار بہتر انداز میں نبھاپایا۔مجھے لگتاہے کہ یہ ویب سیریز دوسر اآئی پی ایل ثابت ہوگی۔
 س:ویب سیریز کی کہانیوں پر آپ کا کیا کہنا ہے؟ 
 ج:ویب سیریز کی کہانیاں بہت اچھی ہیں اور اس میں رائٹرس شائقین کی نفس پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں ۔ حال ہی میں ہنسل مہتا کے ایک شو ’اسکیم ۱۹۹۲ء‘ نے حقیقت کو بیان کیا ہے۔ میرے خیال میں ویب سیریز کی کہانیاں حقیقت سے بہت زیادہ قریب ہیں اس لئے وہ شائقین کو بہت پسند آرہی ہیں ۔ مرزا پور کی کہانی بھی ایسی ہی ہے اور پونیت مشرا نے شائقین کی نفس پر گرفت پائی ہے۔ویب سیریز میں بھی میرا کردار وہی ہے لیکن اس بار میں انتقام لیتے ہوئے نظر آرہا ہوں ۔ اس میں زیادہ تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ 
س:پُرتشدد کردار کرنے میں کتنی پریشانی ہوتی ہے؟ 
ج: گڈوکاکردار بہت پُرتشدد ہے اور اس کے ایک ایک فائٹ منظر کیلئے مجھے ایک ماہ پہلے تیاری کرنی ہوتی تھی کیونکہ مجھے اپنے جسم کے اوپری حصہ کو مضبوط بنانا ہوتاہے۔ شوٹنگ کے دوران بہت سخت ماحول میں کام کرنا ہوتا تھا اور شوٹنگ ختم ہونے کے بعد رات کو احساس ہوتا تھا کہ میرے پیروں میں سوجن آگئی ہے۔ ایسے کرداربہت چیلنجنگ ہوتے ہیں ۔
س:سیٹ کا ماحول ہلکا رکھنے کیلئے آپ کیا کرتے تھے؟
ج:سیٹ کا ماحول ہلکا رکھنے کیلئے میں ، شویتا ترپاٹھی اور پنکج ترپاٹھی بہت ہنسی مذاق کیا کرتے تھے۔ ہماری تینوں کی ایک جگل بندی ہوتی تھی اور ہم ہر منٹ کا مزہ لیتے تھے۔ شوٹنگ ختم ہوجانے کے بعد میں نے ایک دو بار شویتا کو فون بھی کیا تھا کہ آپ سبھی کی بہت یاد رہی تھی۔ ان ہنسی مذاق کی وجہ سے ہم سبھی ایک رابطے میں آجاتے ہیں ۔
س:پنکج ترپاٹھی کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
 ج: میں ان کے بارے میں کیا رائے دے سکتاہوں ۔ میں انہیں ’فُکرے ‘ کے وقت سے جانتاہوں اور ہم دونوں میں اب بہت اچھی دوستی ہے۔ جتنے اچھے وہ اداکار ہیں اتنے اچھے ہی وہ انسان بھی ہیں ۔ جب بھی وہ شوٹنگ پر ملتے تھے ان کے پاس ہمیں سنانےکیلئے کوئی نہ کوئی کہانی ہوتی تھی جو ان کی زندگی سے تعلق رکھتی تھی۔ وہ کھانا بھی اچھا بنا لیتے ہیں ۔ کورونا وائرس سے پہلے میں ان کے گھر پر کئی بار کھانا کھا چکا ہوں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK