معروف اسکرین رائٹر سلیم خان کو معمولی دماغی ہیمرج کے بعد لیلاوتی اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ خاندان اور بالی ووڈ شخصیات مسلسل ان کی خیریت دریافت کرتی رہیں۔
EPAPER
Updated: March 17, 2026, 3:58 PM IST | Mumbai
معروف اسکرین رائٹر سلیم خان کو معمولی دماغی ہیمرج کے بعد لیلاوتی اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ خاندان اور بالی ووڈ شخصیات مسلسل ان کی خیریت دریافت کرتی رہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق بالی ووڈ کے نامور اسکرین رائٹر سلیم خان کو آج یعنی منگل کو لیلاوتی اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ انہیں ۱۷؍ فروری کو معمولی دماغی ہیمرج کے بعد احتیاطی طور پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، ’’انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ڈسچارج کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تاہم وہ ابھی بھی اسپتال میں موجود ہیں۔‘‘ ۹۰؍ سالہ سلیم خان کی صحت کے حوالے سے گزشتہ چند دنوں سے مداحوں اور فلمی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی تھی، تاہم اب ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔
اس دوران ان کے اہلِ خانہ مسلسل ان کے ساتھ موجود رہے۔ ان کے بیٹوں سلمان خان اور ارباز خان، بیٹیوں الویرا اور ارپیتا کے ساتھ ساتھ داماد اتل اگنی ہوتری اور آیوش شرما بھی باقاعدگی سے اسپتال آتے رہے۔ سلیم خان کے قریبی دوست اور طویل عرصے کے ساتھی جاوید اختر نے بھی اسپتال جا کر ان کی عیادت کی۔ دونوں نے مل کر ہندی سنیما کی کچھ یادگار ترین فلمیں تخلیق کیں۔
یہ بھی پڑھئے: اسپورٹس ڈراما میں کارتک آرین کوچ بنیں گے، کبیر خان نے داؤ کھیلا؟
سلیم خان نے اپنے کریئر کا آغاز بطور اداکار کیا تھا، تاہم انہیں اصل شہرت بطور اسکرین رائٹر ملی۔ جاوید اختر کے ساتھ ان کی جوڑی، جسے ’’سلیم جاوید‘‘ کہا جاتا ہے، نے ۱۹۷۰ء اور ۱۹۸۰ء کی دہائی میں ہندی سنیما کو نئی جہت دی۔ ان کی مشہور فلموں میں ’’دیوار‘‘، ’’ڈان‘‘ اور ’’شعلے‘‘ شامل ہیں، جنہیں آج بھی بالی ووڈ کی کلاسک فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ جاوید اختر سے علاحدگی کے بعد بھی سلیم خان نے کامیاب فلمیں لکھیں، جن میں ’’انگارے‘‘، ’’نام‘‘ اور ’’قبضہ‘‘ شامل ہیں۔
ان کی علالت کے دوران بالی ووڈ کی کئی بڑی شخصیات بھی ان کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچیں۔ ان میں شاہ رخ خان، عامر خان، سنجے دت اور رنویر سنگھ جیسے اداکار شامل تھے، جنہوں نے سلیم خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق سلیم خان کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ بتدریج صحت یاب ہو رہے ہیں، جس پر ان کے مداحوں اور فلمی دنیا نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔