Inquilab Logo

نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹرمیں بالی ووڈاور غیرملکی ستاروں کی شرکت

Updated: April 03, 2023, 2:03 PM IST | Mumbai

نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر کو مکمل سجاوٹ اور رنگا رنگ پروگراموں کے ساتھ جمعہ سے وزیٹرس کیلئے کھول دیا گیا تھا اور جمعہ اور سنیچر کو بالی ووڈ کے ساتھ غیرملکی ستاروں نے بھی اس سینٹر کا دورہ کیا ۔

Nita Ambani, Dulquer Salman and his wife, Hollywood star Tom Holland. Photos: Eugene Shah
نیتا امبانی، دلخیر سلمان اور ان کی اہلیہ، ہالی ووڈ اسٹار ٹام ہالینڈ۔ تصاویر:یوگین شاہ

نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر کو مکمل سجاوٹ اور رنگا رنگ پروگراموں کے ساتھ جمعہ سے وزیٹرس کیلئے کھول دیا گیا تھا اور جمعہ اور سنیچر کو بالی ووڈ کے ساتھ غیرملکی ستاروں نے بھی اس سینٹر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر اس مرکز میں ۳؍ دن تک خصوصی پُرکشش پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ۔
 `نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا ثقافتی مرکز ہے۔ ہندوستانی اور بین الاقوامی فنکاروں کی نمائش کیلئے اس میں ۴؍ منزلہ آرٹ ہاؤس ہے جو۱۶؍ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے۔ اس آرٹ ہاؤس میں چھوٹی نمائشوں اور تقریبات کیلئے `اسٹوڈیو تھیٹر اور `دی کیوب جیسے شاندار تھیٹر ہیں۔بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ نے کہا کہ نیتا امبانی نے اس سینٹر کو بنانے کیلئے ۱۰۔۱۲؍ سال تک محنت کی ہے۔ انہوںنے اس تعلق سے مجھ سے بات چیت کی تھی اور ہم دونوں نے اس کا بلیو پرنٹ بنایا تھا۔یہ سینٹر بہت بڑے پیمانے پر بنایا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن بھی مشکل اور مختلف تھا۔  اس سینٹر میں نیتا امبانی کے جذبے کی جھلک نظر آتی ہے۔ بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان ، شاہ رخ خان کی فیملی، راج کمار یادو اور ان کی اہلیہ پتر لیکھا، دلخیر سلمان  اور ان کی اہلیہ ، ملائیکہ اروڑہ، کرن جوہر، پرینکا چوپڑا اور ان کے شوہر نک جونس اور بالی ووڈ کے معروف  ستاروںنے اس سینٹر کا دورہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی غیرملکی فلمی ستاروں اور فنکاروں نے بھی مرکز کا دورہ کیا۔
 اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نیتا امبانی نے کہاکہ ’’ثقافتی مرکز کے خواب کو حقیقت بنانا میرے لئے ایک اچھا سفر رہا ہے۔ ہم ایک ایسی جگہ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہمارا ثقافتی ورثہ پروان چڑھے۔ سنیما ہو یا موسیقی، رقص ہو یا ڈراما، ادب ہو یا لوک داستان، فن ہو یا دستکاری، سائنس ہو یا روحانیت۔ ثقافتی مرکز میں ملک و دنیا کے بہترین فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ دنیا کے بہترین فنکاروں کا ہندوستان میں خیرمقدم کیا جائے گا۔ نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر میں طلبہ، معمر شہریوں اور معذوروں کیلئے داخلہ مفت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK