Inquilab Logo

پردیپ کمار نےاپنے تاریخی کرداروں سے ناظرین کو محظوظ کیا

Updated: January 04, 2023, 11:22 AM IST | Mumbai

ہندی اور بنگالی فلموں کے اس اداکار نے بادشاہ ، شہنشاہ ، پرنس یا نواب کےیادگار کردار نبھا ئے

Pardeep Kumar (file photo)
پر دیپ کمار ( فائل فوٹو)

ہندی اور بنگالی فلموں کے مشہور اداکار پردیپ کمار کو ایک ایسے اداکار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے۵۰ء اور ۶۰ء کی دہائی میں اپنے تاریخی کرداروں کے ذریعہ ناظرین کو محظوظ کیا۔اس زمانے میں فلم سازوں کو اپنی فلموں کے لئے جب بھی کسی بادشاہ ، شہنشاہ ، پرنس یا نواب کے کردار کی ضرورت ہوتی تھی تو وہ پردیپ کمار کو یاد کیا کرتے تھے۔ ان کی دلکش اداکاری سے آراستہ انارکلی، تاج محل، بہو بیگم اور چترلیكھا جیسی  فلموں کو ناظرین آج بھی نہیں بھولے ہیں۔
 مغربی بنگال میں۴؍ جنوری۱۹۲۵ء کو ایک برہمن خاندان میں شیتل بٹاولی عرف  پردیپ کمار کی پیدائش ہوئی۔وہ بچپن  ہی سے فلموں میں اداکاری  کرنے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کے لئے  زندگی کے ابتدائی دور میں وہ  تھیٹر سے وابستہ ہوگئے، حالانکہ ان کے والد  اس کیلئے  تیار نہیں تھے۔۱۹۴۷ء میں پردیپ کمار کی ملاقات  ہدایت کار دیوكي بوس سے ہوئی اور جنہوں نے اپنی بنگلہ فلم ’الكھنندا‘ میں کام کرنے کا موقع دیا۔  فلم  الکھنندا  سے پردیپ کمار  بطور اداکار  اپنی  شناخت  قائم کرنے میں بھلے ہی کامیاب نہ ہوئے ہوں لیکن یہاں سے  ان کے  فلمی کریئر کا آغاز ضرور ہوگیا۔ پردیپ کمار کو اداکاری کا جنون اس حد تک تھا کہ انہوں نے ہندی اور اردو زبان کی تعلیم حاصل کی۔۱۹۵۲ءمیں انہیں فلم ’آنند مٹھ‘ میں  ہیرو کا کردار ادا کرنے کا موقع ملا حالانکہ اس فلم میں پرتھوی راج کپور جیسے عظیم اداکار بھی موجود تھے۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ ہندی فلموں میں بطور اداکار  شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔
سالء ۱۹۵۳میں  فلم ’انارکلی‘ میں پردیپ کمار نے شہزادہ سلیم کا کردار ادا کیاجو ناظرین کو بہت پسند آیا اور اسی کے ساتھ وہ تاریخی فلموں کیلئے  فلم سازوں اور ہدایت کاروں کی پہلی پسند بن گئے۔ ۱۹۵۴ءمیں  فلم ’ناگن‘ کی کامیابی کے بعد وہ شائقین کے پسندیدہ اداکار بن گئے ۔ ۱۹۵۶ءپردیپ کمار کے فلمی کریئر کا سب سے اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال ان کی۱۰؍ فلمیں ریلیز ہوئیں جن شیریں فرہاد، جاگتے رہو، درگیش نندنی، بندھن، راج ناتھ اور ہیر جیسی فلمیں شامل ہے۔
 پردیپ کمار نے محبوب کی مہندی، سمجھوتہ، دو انجانے، دھرم وير ،رضیہ سلطان، دنیا اوروارث جیسی کئی سپر ہٹ فلموں کے ذریعےناظرین کے دلوں پر راج کیا۔تقریباً ۴؍ دہائی تک اپنی بے مثال اداکاری سے ناظرین کا دل جیتے  پردیپ کمار۲۷؍ اکتوبر۲۰۰۱ء کو  انتقال کرگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK