Inquilab Logo Happiest Places to Work

راجیو ورما نے فلمو ں میں باپ کے کردار سے متاثر کیا

Updated: June 28, 2026, 11:13 AM IST | Mumbai

راجیوورما کی پیدائش ۲۸؍ جون ۱۹۴۹ء کومدھیہ پردیش کے نرمدا پورم میں ہوئی۔ انہوں نے مولانا آزاد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنا لوجی سےآرکیٹیکچرل کی ڈگری حاصل کی۔

Senior actor Rajiv Varma. Photo: INN
سینئر اداکار راجیو ورما۔ تصویر: آئی این این

فلم ’ میں نے پیار کیا ‘ میں سلمان خان کے والد کا چہرہ قارئین کو یاد ہوگا۔ یہ وہ اداکار ہیں جنہیں ۹۰ء کی دہائی کے شائقین فراموش نہیں کرسکتے۔ ۹۰ء کی دہائی کے وہ فلم ناظرین جو آلوک ناتھ کو جانتے ہیں ، راجیو ورما سےبھی اچھی طرح واقف ہیں۔ وہ ناظرین جنہو ں وکرم گوکھلے کوہم دل دے چکے صنم میں ایشوریہ رائے کے سخت اوراصول پسندباپ کے کردار میں دیکھا ہے انہو ں نے سلمان خان کے باپ کے کردار راجیو ورما کوبھی پسند کیا ہے۔ راجیو ورما نے فلم اور ٹیلی ویژن دونوں پلیٹ فارمز پر کام کیا ہے۔ راجیو ورما دو دہائیوں سے کام کر رہے ہیں اور زیادہ تر فلموں میں والد کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے ٹیلی ویژن کریئر کا آغاز سیریل چنوتی(۸۸-۱۹۸۷ء) سے ہوا، جس میں انہوں نے ایک کالج پرنسپل کا کردار ادا کیا تھا۔ وہ سیریل مجرم حاضر (دور درشن) میں بھی نظر آئے۔ ’ مسز کوشک‘ کی پانچ بہوئیں میں وہ بابو سا کے طورپر نظر آئے۔ اس کی کہانی ایک ایسی خاتون کے بارے میں ہے جو اپنے چھوٹے بیٹے کیلئے اپنی پانچویں اور آخری دلہن کی تلاش میں ہے۔ راجیو ورما مسز کوشک کے شوہر کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ ان کی کچھ فلموں میں ’میں نے پیار کیا‘ (بطور سلمان خان کے والد)، دیدار، ہم دل دے چکے صنم، یہ راستے ہیں پیار کے، ہم ساتھ ساتھ ہیں، کچے دھاگے، بیوی نمبروَن، ہمت والا، جیت، چلتے چلتے، اور ہر دل جو پیار کرے گا، شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان جی آنند جی نے کامیاب موسیقاروں کے درمیان اپنی جگہ بنائی

راجیوورما کی پیدائش ۲۸؍ جون ۱۹۴۹ء کومدھیہ پردیش کے نرمدا پورم میں ہوئی۔ انہوں نے مولانا آزاد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنا لوجی سےآرکیٹیکچرل کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے دہلی کے اسکول آف پلاننگ اینڈآرکیٹیکچر سےاربن ڈیزائن میں ماسٹر کیا۔ راجیو ورما کی شادی جیا بچن کی چھوٹی بہن ریتا بہادری (اداکارہ ریتا بہادری نہیں )سے ہوئی۔ اس طرح وہ بچن خاندان سے بھی رشتے میں ہیں مگر اس کا وہ ذکر نہیں کرتے۔ ۱۹۸۹ء میں ’ میں نے پیار کیا ‘ سےلے کر۲۰۱۹ء میں ’ پھر اسی موڑ پر‘تک راجیوورما نے جو کردار کئے ان میں اپنی الگ چھاپ چھوڑی۔ ان کے کردا ر میں سنجیدگی کا پہلوغالب ہوتا ہے۔ ۲۰۱۹ء کی فلم ’ پھر اسی موڑ پر‘ میں انہوں نےایڈوکیٹ عثمان شیخ کا کردار ادا کیا تھا۔ 
راجیو ورما پیشے سے آرکٹیکٹ ہیں لیکن جب انہو ں نے فلموں میں قدم رکھا تو انہوں نے زیادہ تر ’باپ ‘کا ہی کردار ملا جسے انہوں نے بخوبی نبھایا اوریہ کہنے میں مضائقہ نہیں کہ اس کردار میں وہ اداکاری کے ’ باپ ‘ ثابت ہوئے۔ باپ کے رول میں ان کا موازنہ قادر خان اور آلوک ناتھ سے بھی کیا جاتا ہے۔ فلموں اور سیریلوں میں باپ کے کردار سے متعلق سوال پر وہ کہتےہیں کہ انہیں یہی رول دیاجاتا ہے۔ کچھ سال پہلے لائف میں ٹرننگ پوائنٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا تھاکہ’’ میری لائف میں کوئی ٹرننگ پوائنٹ نہیں آیا ہے۔ میں زندگی کے مزے لے رہا ہوں۔ سنسکار بھارتی سے جڑچکا ہوں، شاید اب زندگی کوئی موڑ لے۔ ‘‘سیریلوں اور فلموں میں کیا بہتر ہے، اس تعلق سے ان کاکہنا ہےکہ’’ سیریلز لوگ دنت منجن کی طرح استعمال کرتے ہیں جبکہ فلمیں بار بار دیکھی جاتی ہیں۔ ایک ہی فلم کئی زبانو ں میں بنتی ہےاور بار بار دیکھی جاتی ہے۔ راجیو ورما اب فلموں سے دور ہیں۔ وہ آرکٹیکٹ بھی ہیں لیکن وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک ساتھ دوکشتیوں میں کبھی قدم نہیں رکھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK