Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’رامائن: پارٹ وَن‘‘ کا مبینہ لیک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل

Updated: July 03, 2026, 5:04 PM IST | Mumbai

ہدایت کار نتیش تیواری کی میگا بجٹ فلم ’’رامائن: پارٹ وَن‘‘ کا مبینہ ۱۱؍ سیکنڈ کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مداحوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ بعض صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ فلم کے ٹریلر کا لیک شدہ منظر ہے، جبکہ متعدد افراد اسے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ویڈیو قرار دے رہے ہیں۔ فلم سازوں نے اب تک اس وائرل کلپ کی صداقت کی تصدیق نہیں کی، تاہم فلم کے ٹریلر کی جولائی میں رونمائی سے متعلق قیاس آرائیاں مزید تیز ہو گئی ہیں۔

The leaked fight scene from Ramayana. Photo: X
رامائن کا وہ فائٹ سین جو لیک ہوا ہے۔ تصویر: ایکس

ہدایت کار نتیش تیواری کی فلم ’’رامائن: پارٹ وَن‘‘ رواں برس کی سب سے زیادہ متوقع ہندوستانی فلموں میں شمار کی جا رہی ہے۔ فلم ساز اب تک اس منصوبے سے متعلق محدود معلومات ہی سامنے لائے ہیں، جس کے باعث مداحوں میں تجسس اور جوش مسلسل برقرار ہے۔ رواں سال فلم کی پہلی جھلک ایک آفیشل ٹیزر کے ذریعے جاری کی گئی تھی، جس میں رنبیر کپور کو بھگوان رام کے کردار میں پیش کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے شائقین فلم کے مکمل ٹریلر کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ 
اسی دوران سوشل میڈیا پر تقریباً ۱۱؍ سیکنڈ کا ایک مبینہ کلپ تیزی سے وائرل ہوا ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ’’رامائن: پارٹ وَن‘‘ کے ٹریلر کا ایک منظر ہے۔ متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو مبینہ طور پر CinemaCon میں دکھائے گئے خصوصی پریزنٹیشن سے لیک ہوا ہے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی اور فلم کے پروڈیوسرز یا ہدایت کار کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

وائرل ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا، ’’رامائن کے ٹریلر کے مہینے میں خوش آمدید، جولائی میں ٹریلر، پوسٹرز، انٹرویوز اور عالمی سطح پر ہندوستانی سنیما کی نمائندگی، ساتھ ہی سنیما کون سے ٹریلر کا لیک شدہ کلپ۔‘‘ تاہم، اس ویڈیو پر صارفین کی رائے منقسم رہی۔ بعض افراد نے اس کلپ کو حقیقی قرار دیا، جبکہ کئی صارفین نے اسے اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو قرار دیتے ہوئے اس کی صداقت پر سوال اٹھائے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’’اگر یہ واقعی رامائن کا لیک شدہ کلپ ہوتا تو اب تک ہر جگہ اس کی تصدیق ہو چکی ہوتی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مدراس ہائی کورٹ کا فیصلہ:’’جنا نائیگن‘‘ پائریسی کیس میں دو ملزمین کی ضمانت مسترد

ایک اور صارف نے لکھا، ’’یہ واضح طور پر اے آئی سے تیار کی گئی ویڈیو ہے، لوگ بغیر تصدیق کے ہر چیز پر یقین کر لیتے ہیں۔‘‘ بعد ازاں متعدد میڈیا رپورٹس میں بھی دعویٰ کیا گیا کہ وائرل کلپ کے اے آئی سے تیار کیے جانے کے امکانات زیادہ ہیں، اگرچہ اس بارے میں فلم سازوں کی جانب سے کوئی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی۔ فلم میں رنبیر کپور بھگوان رام، یش راون، سائی پلوی سیتا، سنی دیول ہنومان اور روی دوبے لکشمن کے کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ لارا دتہ، ارون گوول، اندرا کرشنن، کاجل اگروال، رکول پریت سنگھ اور دیگر فنکار بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: سنی دیول اور اکشے کھنہ کا ’اکّا‘ میں ایک ساتھ آنا، واقعی خدا کا منصوبہ ہے: سِدھارتھ

یہ فلم دو حصوں پر مشتمل ہوگی۔ ’’رامائن: پارٹ وَن‘‘ کی ریلیز دیوالی ۲۰۲۶ء کے موقع پر جبکہ دوسرا حصہ دیوالی ۲۰۲۷ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گا۔ پروڈیوسر نمیت ملہوترا کے مطابق دونوں حصوں پر مجموعی طور پر تقریباً ۴؍ ہزار کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جس سے یہ ہندوستانی سنیماکے مہنگے ترین منصوبوں میں شامل ہو گئی ہے۔ دریں اثنا، فلم کے ٹریلر کی جولائی میں رونمائی سے متعلق قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں۔ مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی تشہیری مہم کو عالمی سطح پر وسعت دینے کی تیاری کی جا رہی ہے اور مداحوں کو جلد مزید سرکاری اپ ڈیٹس ملنے کا امکان ہے، تاہم ٹریلر کی حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK