Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر میں کہیں چلچلاتی دھوپ تو کہیں طوفانی بارش!

Updated: May 25, 2026, 11:07 AM IST | Agency | Nashik

مغربی گھاٹ کے علاقوں کے لئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ ودربھ میں شدید گرمی کے سبب ہیٹ الرٹ جاری کیاگیا ہے۔

Some Such Scenes Are Being Seen In Many Cities Of The State Due To Heat.Photo:INN
ریاست کے کئی شہروں میں گرمی کے سبب کچھ اس طرح کے مناظر دکھائی دے رہے ہیں- تصویر:آئی این این
ایک جانب مہاراشٹر کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں تو کہیں علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔اتوار کو ناسک ضلع میں مالیگاؤں سمیت اطراف کے علاقوں میں پون گھنٹے تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔  سخت گرمی کے درمیان بارش سے شہریوں کوراحت ملی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راجپور،رتناگیری، لانجہ، سنگمیشور کے ساحلی  علاقوں میں پری مانسون بارش نے زور پکڑ لیا ہے۔ اسی وجہ سے اگلے ۲؍ دنوں کیلئے رائے گڑھ، سندھو دُرگ، کولہاپور،پونے اور ستارا کے پہاڑی علاقوں میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں گرج چمک، موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ناسک ، اورنگ آباد،ناندیڑ، لاتور،بیڑ اورشولاپورمیں ہلکی بارش ہونے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق جالنہ ضلع میں پری مانسون بارش اور طوفان کے باعث کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ تیز ہواؤں کے سبب درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ گھروں کی چھتوں پر لگے سولر پینل بھی ٹوٹ گئے۔ کئی مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے متعدد مویشی ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
 
 
وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ ایگریکلچر یونیورسٹی کے محکمہ موسمیات کے سربراہ  ڈاکٹر کیلاش ڈاؤکھرے نے بتایا کہ اس سال جنوب مغربی مانسون بہتر انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ وہ معمول سے چند دن پہلے مہاراشٹر پہنچ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ۲۹؍ مئی سے ریاست بھر میں پری مانسون بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا۔  کسانوں کوچاہئے کہ پہلی یا دوسری بارش کے فوراً بعد خریف فصلوں کی بوائی میں جلد بازی نہ کریں بلکہ زمین میں کم از کم۷۵؍ سے۱۰۰؍ ملی میٹر نمی آنے تک انتظار کریں۔
 
 
ریاست کے کئی علاقے گرمی سے بے حال
محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے سبب ودربھ کے کئی اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ دوسری طرف کوکن اور مغربی مہاراشٹر کے گھاٹ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ موسم میں اس غیر معمولی تبدیلی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سکال کی رپورٹ کے مطابق ایوت محل میں لُو لگنے سے ۳؍ افراد کی موت ہوئی ہے۔ چندر پور میں درجہ حرارت ۴۶ء۲۰؍ ڈگری سیلیسئن ریکارڈ کیا گیا اور امراوتی میں پارہ ۴۵ء۴۹؍ ڈگری پر پہنچ گیا ہے۔ محکمہ صحت نے ہیٹ اسٹروک وارڈز کو الرٹ پر رکھا ہے۔خاندیش میں بھی دھولیہ، جلگاؤں اور اطراف کے علاقوں میںشدت کی دھوپ ہے، دن کے اوقات میں لُو کے تھپیڑے چل رہے ہیںاور اس وجہ سے سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK