• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستانی ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کی بنگلورو میں خصوصی اسکریننگ منسوخ

Updated: November 26, 2026, 4:10 PM IST | Bengaluru

پاکستانی ٹیلی ویژن ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کی مقبولیت کے درمیان ہندوستان کے شہر بنگلورو میں اس کی خصوصی اسکریننگ اور مداحوں کی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر شدید مخالفت، عوامی اعتراضات اور پولیس کی جانب سے منتظمین سے رابطے کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔

Dar E Nijaat.Photo:INN
درِنجات ۔ تصویر:آئی این این

پاکستانی ٹیلی ویژن ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کی مقبولیت کے درمیان ہندوستان کے شہر بنگلورو میں اس کی خصوصی اسکریننگ اور مداحوں کی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر شدید مخالفت، عوامی اعتراضات اور پولیس کی جانب سے منتظمین سے رابطے کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔ ڈرامے کی اسکریننگ کے لیے دو الگ الگ تقریبات منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، تاہم دونوں کے منتظمین نے اپنے پروگرام منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کے شائقین کے لیے پہلی تقریب ۲۸؍نومبر کو بنگلورو کے علاقے فریزر ٹاؤن میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں منعقد ہونے والی تھی۔ اس پروگرام کا اہتمام دی بلوم سوسائٹی سسٹرز کلب کی جانب سے کیا گیا تھا۔ تقریب کو بنگلورو میں ڈرامے کی پہلی خصوصی اسکریننگ کے طور پر تشہیر کیا جارہا تھا۔اس پروگرام میں ڈرامے کی ۳۴ ؍ویں اور ۳۵ ؍ ویں قسط دکھانے کا منصوبہ تھا۔ اسکریننگ کے بعد شرکاء کے لیے فارسی اور عربی کھانوں پر مشتمل خصوصی عشائیے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ تقریب میں شرکت کے لیے فی کس ۱۹۹۹؍روپے فیس مقرر کی گئی تھی، جبکہ دعوت نامے میں پاکستانی لباس پہننے کی شرط بھی شامل تھی۔تاہم جیسے ہی اس پروگرام کے تشہیری پوسٹر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگے، اسے لے کر تنازع شروع ہوگیا۔ متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ہندوستان میں پاکستانی ٹیلی ویژن ڈرامے کی خصوصی تقریب منعقد کرنے اور شرکاء کے لیے پاکستانی لباس کو لازمی قرار دینے پر اعتراضات اٹھائے۔ اس کے بعد تقریب کے انعقاد کو لے کر مخالفت میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ ریستوراں انتظامیہ نے بعد میں تصدیق کی کہ ۲۸ ؍نومبر کو ہونے والا پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے منسوخی کی کوئی تفصیلی وجہ نہیں بتائی گئی۔
ڈرامے ’’درِ نجات‘‘ کی دوسری خصوصی اسکریننگ ۵ دسمبر کو بنگلورو کے ایک نجی تھیٹر میں منعقد ہونے والی تھی۔ اس پروگرام کا اہتمام دی اسٹار کلب کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس تقریب کو بھی پاکستانی ڈرامے کے مداحوں کے لیے ایک خصوصی اجتماع کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔دوسری تقریب کی منتظم خاتون نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام کسی بڑے عوامی اجتماع کے لیے نہیں تھا بلکہ ان کے اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کے لیے ایک چھوٹی سی نجی تقریب کے طور پر ترتیب دیا گیا تھا۔انہوں نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام صرف تفریح کے لیے تھا اور اسے اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ نجی تھیٹر میں ڈرامہ دیکھنے کی غرض سے منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:بوتل بند پانی کی جانچ کیلئے ملک گیر مہم

ان کے مطابق، ’’یہ پروگرام ۵ ؍دسمبر کو میرے خاندان اور دوستوں کے لیے ہمارے نجی تھیٹر میں صرف تفریح کی خاطر رکھا گیا تھا۔ لیکن جب میں نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے تبصرے اور بحث دیکھی تو مجھے محسوس ہوا کہ لوگوں کو اس پر اعتراض ہے۔ اسی لیے میں نے پروگرام منسوخ کردیا۔‘‘منتظم خاتون نے مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے ان سے اس پروگرام کے سلسلے میں کوئی رابطہ نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر وہ مستقبل میں یہ ڈرامہ دیکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں تو ایسا صرف اپنے خاندان کے ساتھ نجی طور پر کریں گی۔ اس کے لیے نہ کوئی سوشل میڈیا تشہیر ہوگی، نہ کسی دوسرے شخص کو مدعو کیا جائے گا اور نہ ہی مداحوں کا کوئی اجتماع منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو دوسروں کی نجی زندگی اور اپنی ذاتی جگہ میں اپنی پسند کے مطابق وقت گزارنے کی آزادی کے معاملے میں غیر ضروری مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
دوسری جانب بنگلورو پولیس نے بھی مجوزہ تقریبات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے منتظمین سے رابطہ کیا تھا۔ بنگلورو کے پولیس کمشنر آر ہتھیندر نے بتایا کہ دونوں تقریبات الگ الگ مقامات پر مختلف تاریخوں میں منعقد ہونے والی تھیں اور منتظمین نے خود ہی انہیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے منتظمین کو خبردار کیا تھا کہ ان تقریبات کے انعقاد سے شہر میں احتجاج اور امن و امان کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، جس کے لیے پولیس کو مداخلت کرنا پڑسکتی ہے۔پولیس کمشنر کے مطابق، منتظمین نے کن وجوہات کی بنا پر پروگرام منسوخ کیے ہیں، یہ فیصلہ ان کا اپنا ہے۔ تاہم پولیس صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر زمینی سطح پر مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:ارجن رامپال نےماڈل سے سنجیدہ اداکار تک کا سفر طے کیا

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیلی ویژن ڈرامے ہندوستان میں بھی بڑی تعداد میں ناظرین کی توجہ حاصل کرتے رہے ہیں۔ ان کی کہانی، اداکاری، مکالموں اور پیشکش کو ہندوستانی شائقین کی جانب سے بھی سراہا جاتا ہے۔ ’’درِ نجات‘‘ بھی ان پاکستانی ڈراموں میں شامل ہے جنہیں ہندوستانی ناظرین میں دلچسپی کے ساتھ دیکھا جارہا ہے۔اس ڈرامے میں شیریار منور، درفشاں سلیم اور نمیر نواز خان سمیت دیگر فنکار اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی میں خاندانی رشتوں، ایمان، راز، جذباتی کشمکش اور زندگی کے مشکل فیصلوں جیسے موضوعات کو پیش کیا گیا ہے۔بنگلورو میں اسکریننگ کی منسوخی کا معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندوستان میں پاکستانی تفریحی مواد کی نمائش اور اس کی تشہیر کو لے کر مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔ حالیہ واقعے نے ایک مرتبہ پھر فن، تفریح، ناظرین کی پسند اور سماجی مخالفت کے درمیان توازن کے سوال کو موضوعِ بحث بنادیا ہے۔فی الحال دونوں تقریبات کے منتظمین نے اپنے پروگرام منسوخ کرنے کی تصدیق کردی ہے اور بنگلورو میں ’’درِ نجات‘‘ کی مجوزہ عوامی اسکریننگ نہیں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK